وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نےضلعی انتظامی سربراہان سے رابطہ کرکے جگلوٹ سے غائب ہونے والے کچورا کے جوانوں کی بازیابی کے ہنگامی اقدام اٹھانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر ریاستی وسائل کو بھرپور استعمال میں لاتے ہوئے کچورا کے جوانوں کی بازیابی کو یقینی بنیایا جائے۔
کمشنر بلتستان، ڈپٹی کمشنر اور پولیس افسران نے گلگت انتظامیہ سمیت خوفیہ اداروں کے تعاون سے اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کرایا۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ گمشدگان کی بازیابی کے لیے کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔ اس موقع پر آغا علی رضوی نے کہا کہ گمشدہ افراد کی بازیابی اور پیشرفت کے حوالے سے ان کے لواحقین اور عزیز اقارب کو بھی آگاہ رکھا جائے تاکہ انکی بھی دلجوئی ہو۔
وحدت نیوز(لاہور) ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین ٹاؤن شپ یونٹ کے تحت امام بارگاہ کاشانہ عباس میں محرم الحرام کے عشر ثانی کا انعقاد جاری ہے۔محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور فضائل و مصائب اہلبیت علیہم السلام بیان کر رہی ہیں۔قول امام حسین علیہ السلام بیان کرتے ہوئے محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہدوسروں کا اپنی ضرورتوں کے لیے تم سے وابستہ ہونا تم پر خدا کی نعمت ہے ان نعمتوں سے نہ گھبراؤ ورنہ یہ مصیبتوں میں بدل جائیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر پیروکار اہلبیت علیہم السلام کو چاہئے کہ اپنے اندر دوسرے کی مدد کرنے کا جذبہ پیدا کرے۔کوئی شخص کسی پریشانی اور تکلیف میں مبتلا ہے تو اپنی وسعت کے مطابق اسے پریشانی سے نکالنے کی کوشش کرے کیونکہ اسلام اپنے ماننے والوں کو ایک دوسرے کے ساتھ اخوت، ہمدردی، ایثار، قربانی اور محبت کا حکم دیتا ہے۔
وحدت نیوز (جہلم) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ سیدہ معصومہ نقوی اور مرکزی میڈیا سیکرٹری سیدہ عرفا عباس رضوی نے ضلع گجرات اور ضلع جہلم کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شعبہ خواتین کے یونٹ تشکیل دیے اس سلسلے میں آج جہلم سٹی میں محترمہ سمیرا بتول سے ملاقات کی اور تنظیمی تعارف کے بعد جہلم کے علاقے میں فعالیت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا محترمہ سمیرا بتول کو یونٹ کا سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا اور حلف برداری کی گئ نشست میں دوران گفتگو محترمہ معصومہ نقوی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے اپنے علاقوں میں امام زمان عج کے سپاہی تیار کرنے ہیں ایسے سپاہی جو دینی احکامات پر عمل پیرا ہوں ، باکردار اور اخلاق حسنہ کے مالک ہوں ان کا کہنا تھا کہ دینی و تربیتی امور پر توجہ دینے سے معاشرے اصلاح کی جانب گامزن ہوتے ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء ملک اقرار حسین اور نثار علی فیضی نے ایم ڈبلیو ایم ایبٹ آباد کے سیکرٹری جنرل سید اظہر حسین شاہ کاظمی کی جانب سے اپنے بھائی کے قاتل کو معاف کرنے کے اقدام پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدم برداشت اور انتقامی رجحان کی موجودہ فضا میں ایسے مثالی کردار کی اشد ضرورت ہے، تاکہ معاشرے میں امن و سکون قائم رہ سکے۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ درگزر کرنا ثواب عظیم بھی ہے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور اہلبیت اطہار علیہم السلام کا درس حیات بھی۔ مقتول کے ورثاء نے خون کا بدلہ لینے کی بجائے معافی دینے کی جس اسلامی روایت کا انتخاب کیا ہے، اسے معاشرتی تنگ نظری اور علاقائی رسم و رواج نے زنگ آلود کر رکھا تھا۔
موجودہ معاشرے میں معاف کرنے کی بجائے انتقام لینے کو دلیری سمجھا جاتا ہے، حالانکہ اصل بہادری خوشنودی خدا کا حصول ہے، جو مخلوق خدا کو راضی کرکے حاصل ہوتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سید اظہر حسین شاہ کاظمی نے اپنے اقدام سے ثابت کیا ہے کہ وہ معاشرتی بے سود رسم و رواج اور حد بندیوں کی بجائے اللہ تعالیٰ کے قوانین کو مقدم سمجھتے ہیں اور اسوہ اہلبیت اطہار علیہم السلام پر پوری طرح کاربند ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں نے سید اظہر حسین شاہ کاظمی اور ورثاء کے لیے صبر جمیل جبکہ مقتول امتیاز حسین کاظمی کی بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی نے کہاکہ سندھ حکومت کی گڈگورننس کےدعوے کتے کے کاٹے بچوں کی موت اور اقلیتوں پرمظالم کی صورت میں روز بے نقاب ہورہے ہیں،۔صوبائی حکومت کے بلند وبانگ دعوے زبانی جمع خرچ سے زیادہ کچھ نہیں ۔صوبائی میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے چند روز قبل دعویٰ کیا تھاکہ سندھ میں طرز حکومت باقی صوبوں سے اچھا ہے ۔ لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے ۔
انہوں نے کہاکہ سندھ میں طبی سہولیات کی فراہمی کا نظام انتہائی نا گفتہ با ہے ،گوٹھوں دیہاتوں میں کتے کے کاٹے کا انجیکشن بھی دستیاب نہیں ، شکارپور کا ایک معصوم بچہ سسک سسک کر مرگیا جس کے قتل کاذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ سندھ میں اقلیتوں کے ساتھ ظلم ونا انصافی کے روز بروز بڑھتے واقعات قابل مذمت ہیں ۔ آئین پاکستان تمام شہریوں کو مذہبی اور شہری آزادی فراہم کرتا ہے ۔ گھوٹکی واقعہ کی شفا ف تحقیقات کے بعد انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنا حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے ۔ لاڑکانہ میں قتل ہونے والی ہندولڑکی کے اہل خانہ کو فوری انصاف فراہم کیا جائے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سی ڈی اے اور بلدیاتی اداروں کی باہمی چپقلش نے وفاقی دارلحکومت کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا ہے اداروں کی باہمی مسائل کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔گلیوں سڑکوں اور نالوںکے کناروں پر گندگی کے ڈھیرسے شہر میں وبائی امراض کا خطر ہ بڑھ گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم ضلع اسلام آبادکے سیکرٹری جنرل انجینئر سید ظہیرعباس نقوی نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت لوگ کراچی کے کچرے پر سیاست کررہے ہیں جبکہ وفاقی دارلحکومت انتظامی حوالے سے لاوارث دیکھائی دے رہا ہے ۔شہرمیں پانی کا مسئلہ شدت اختیار کرتا چلا جار ہاہے ۔ اکثر سیکٹرز میں کئی کئی دن تک پانی نہیں آتا خصوصا جی سیکٹرز، I-10 سیکٹر، جھنگی سیداں اور مضافات میں پانی کی اشد قلت ہو چکی ہے۔میئر اسلام آباد اورخصوصا وفاقی وزرا کو ان مسائل پر نوٹس لینا چاہئے کیونکہ شہر میں وفاقی ملازمین کے علاقوں میں صورت حال زیادہ گھمبیر ہے ۔
انہوں نے مذید کہا کہ ٹینکر مافیا سرگرم ہو چکا ہے اور غیر قانونی کنکشن کی فراہمی بھی عروج پر ہے۔اگر یہ بلدیاتی ادارے عوام الناس تک فلا ح و بہبود نہیں پہنچاسکتے توحکومت اپنا ایکٹو رول ادا کرتے ہوئے ان اداروں کو ختم کر دے اور ان مسائل کے حل کیلئے نئے سیٹ اپ تشکیل دے۔مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد اس وقت ان تمام مسائل کا جائزہ لے رہی ہے اور عوام الناس سے رابطے میں اگر ان مسائل کا حل جلد از جلد نہ نکالا گیا تو عنقریب عوام الناس سڑکوں پر اپنے حقوق کے حصول کیلئے لے نکلے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کی خوبصورتی اور عوامی مسائل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔