وحدت نیوز(راجن پور) مکاتب ولایت پاکستان کے زیراہتمام ضلع راجن پور کے قرآن و دینیات سینٹرز کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کا پروگرام امام بارگاہ جعفریہ راجن پور میں منعقد ہوا۔ تقریب میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر علامہ موسی رضا جسکانی، مکاتب ولایت پاکستان کے انچارج علامہ مراد علی بلاغی و دیگر شریک ہوئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مساجد کو نماز و بندگی مناجات کے ساتھ ساتھ تعلیم و تربیت اور عوامی فلاح اور رفاہی کاموں پر توجہ دینی چاہئے۔ بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے مراکز تعلیم القرآن اور دینیات سینٹرز کی خدمات قابل تحسین ہیں مگر اسے اسلام کے نظام تعلیم و تربیت اور عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جانا ضروری ہے۔

انہوں نےکہا کہ دینیات سینٹرز کے اساتذہ اور آئمہ جمعہ و جماعت کی تعلیم و تربیت پر توجہ کی ضرورت ہے۔ منبر و محراب اگر درست ہاتھوں میں ہوں تو معاشرے کی اصلاح اور فلاح ہوگی۔اس موقع پر دینیات سینٹرز کے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے وزیرستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن منفی قوتیں شر پسندی کا کوئی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔ سیکورٹی فورسز نے ان دہشت گردوں کے لیے اس سرزمین کو قبرستان بنا دیا ہے جو پاکستان کو اپنی محفوظ پناہ گاہ سمجھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں انتہا پسندوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ ایسے عناصر کےخلاف بھی کارروائی ہونی چاہیئے جو تکفیریت اور نفاق کا درس دے کر قوم کے نوجوانوں کو فکری طور پرگمراہ کر رہے ہیں۔ مذہب کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کے تشخص کو داغدار کرنے والے دشمنوں کے آلہ کار ہیں ان کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔اسلام اخوت و رواداری کا درس دیتا ہے۔کسی بھی بےگناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کو قتل کرنے کے مترادف ہے۔ مذہب ومسلک کی بنیاد پر نفرتیں پھیلانے والے اس ملک کے دشمن اور فکری دہشت گرد ہیں ان کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جانا چاہئے۔

انہوں نےکہا ملک میں امن کے قیام کے لیے ریاستی اداروں کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ ہمارے ادارے اپنے فرائض سے لمحہ بھر بھی غافل نہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان میں سرکاری تدریسی اداروں کا معیارِ تعلیم نجی اداروں کی نسبت بہتر نہیں ہے جس سے متوسط طبقہ شدید متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان میں نجی تعلیمی ادارے ایک نفع بخش صنعت کا روپ دھار چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تعلیمات نثار فیضی نے طلبہ تنظیموں کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔

 انہوں نے کہا جو قومیں اپنی تمام تر صلاحیتیں تعلیم کے شعبے کی بہتری پر صرف کرتی ہیں انہیں دنیا کی کوئی طاقت نیچا نہیں دیکھا سکتی۔اس وقت دنیا کے وہی ممالک زندگی کے مختلف شعبوں میں ترقی کی طرف تیزی سے گامزن ہیں جہاں خواندگی کی شرح زیادہ ہے۔  ان اداروں کے غیر معمولی اخراجات اور ہوشربا فیسیں عام آدمی کی دسترس سے باہر ہیں۔ملک کےہر فرد کو تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن اس کے خاطر خواہ نتائج تب ہی برآمد ہوں گے جب ملک کے ہر ادارے میں جدید نصاب کے مطابق حصول تعلیم کے یکساں مواقع موجود ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ وہاں کے اساتذہ جدید تعلیمی تقاضوں سے آشناہوں۔بچوں کی بہترین تربیت صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔جس کے لیے اساتذہ کا با کردار اور عالی وصف ہونا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا تعلیم کے میدان میں بہتری کے لیے ان ممالک سے رہنمائی حاصل کی جانی چاہیے جو تدریسی حوالے سے عالمی سطح پر نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ جس طرح زندگی کے متعدد شعبوں میں مختلف ممالک کے درمیان معاہدے کیے جاتے ہیں اسی طرح ترقی یافتہ ممالک اور ہمارے مابین تعلیم وتحقیق کے میدان میں ترقی کے لیے اشتراک عمل ہونا چاہیئے تاکہ ارض پاک ترقی کی منازل زیادہ سرعت کے ساتھ طے کرے۔

وحدت نیوز(کراچی) حکومت گیس و بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو سہولیات فراہم کرے، بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے، موجودہ حکومت معاشی پالیسی و عوامی ریلیف پر توجہ دے، مخصوص طبقے نے اسلامی فلاحی ریاست کو دیوالیہ ریاست بنا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی نے وحدت ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص طبقے نے اسلامی فلاحی ریاست کو دیوالیہ ریاست بنا دیا، آج قسم قسم کی خرابیاں جنم لے کر بحرانوں کی شکل اختیار کررہی ہیں، پاکستان کی ترقی کا راز قانون کی عمل داری، آئین کی بالادستی اور انصاف کی سب کیلئے یکساں فراہمی میں ہے لیکن افسوس اس جانب توجہ نہیں دی گئی۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ اگر ہم ملک کو صحیح معنوں میں پھر سے فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں اور اس تصور کو عملی شکل دینا چاہتے ہیں تو پھر ملک پر مسلط کرپشن، اقرباء پروری، دہشت گردی و فرقہ واریت، ناانصافی، قانون میں عدم یکسانیت جیسی غلاظتوں سے پاکستان کو پاک کرنا ہوگا اور اس کے ساتھ ساتھ ملک پر مسلط اشرافیہ کا بھی زور توڑنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اسلامی فلاحی مملکت کے نام پر معرض وجود میں آیا لیکن افسوس بعدازاں اسے پٹڑی سے ہٹادیا گیا، موجودہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ عوامی ریلیف پروگرامز پر توجہ دے اور جلد از جلد عملی اقدامات کرے۔

وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق دئیے بغیرترقی کے خواب محض ڈھونگ ہیں ۔ خطے کے عوام کو بہتر سالوں سے حقوق دینے کی بجائے بھیک دیکربیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کی گئی ہے ۔ ہمیں ہمارا حق دیاجائے گلگت بلتستان کے عوام اس خطے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرینگے ۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری سیاسیات غلام عباس نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ گلگت بلتستان میں سیاسی جمہوری عمل کے ذریعے محض اقتدار کی منتقلی سے ہم اپنے مطالبے سے ہرگز دستبردار نہیں ہونگے ۔ گلگت بلتستان کے عوام اپنے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں یک زبان وہم آواز ہیں محض سڑکوں اور پلوں کی تعمیر سے ترقی کے خواب پورے نہیں ہونگے ۔ اگر حکومت حقیقی معنوں میں گلگت بلتستان کو ترقی دینا چاہتی ہے تو یہاں کے عوام کے بہتر سالوں سے سلب کئے گئے بنیادی حقوق فراہم کرے ۔

انہوںنے مزید کہاکہ ایک طرف گلگت بلتستان کو متنازعہ کشمیر کیساتھ نتھی کیا جارہا ہے تو دوسری جانب متنازعہ خطے کے حقوق بھی سلب کئے جاتے ہیں ،حکمرانوں کا یہ ڈبل سٹینڈرڈ زیادہ دیر نہیں چل سکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والا وقت ان جھوٹے نعروں کیلئے قطعاً موزوں نہیں اور یہاں کے عوام اپنے حقوق کیلئے اب مزید انتظار نہیں کرسکتے،لہٰذا حکمران علاقے کے عوام میں بڑھتی ہوئی بے چینی کا بروقت ازالہ کرے ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین بھکر کےبانی رہنمااور ضلعی جنرل سیکرٹری سفیرحسین شہانی ایڈووکیٹ مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا ہے کہ سفیر حسین کی وفات نے ہمیں ایک متحرک،فعال،نڈر اور باکردار رہنما سے محروم کر دیا ہے شیعت کے دفاع میں مرحوم نے ہمیشہ جرات مندانہ کردار ادا کر کے حسینی ہونے کا حق ادا کیا ۔انہوں نے کسی بھی رکاوٹ کی پرواہ کیے بغیر بھکر کے کونے کونے میں کربلا کے پیغام کوپہنچایا ۔

ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل سید ظہیر نقوی نے کہا کہ بھکر میں کچھ شر پسندوں کی ایماء پر سفیر حسین کو قید و بند کی صعوبتیں سے بھی گزرنا پڑا لیکن وہ اپنے اصولی موقف پر ڈٹے رہے۔وہ کربلا ئی شعار کو باوقار زندگی کا اولین اصول قرار دیتے تھے ۔مرحوم ایک نڈر اور بلند کردار شخصیت تھے۔

اس موقع پر مرکزی رہنما ملک اقرار حسین نے کہا کہ سفیر حسین شہانی کڑے سے کڑے حالات میں بھی ملک و ملت کی خدمت کے فریضے سے دستبردار نہ ہوئے۔وہ میدان عمل کے مجاہد اور امام زمانہ علیہ السلام کے حقیقی عاشق تھے۔قوم کے لیے ان کی انتھک کاوشوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ریفرنس کا انعقاد ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں کیا گیا تھا جس میں کارکنوں کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔

Page 80 of 633

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree