وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی کی صدارت میں سیاسی کونسل بلتستان ریجن کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آغا علی رضوی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مجلس وحدت بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان بھر میں ایم ڈبلیو ایم بھرپور سیاسی کردار ادا کرے گی اور سیاسی عمل کے ذریعے عوامی حقوق کی جدوجہد کو آگے بڑھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن کے حوالے سے کسی بھی سیاسی جماعت سے کسی قسم کا اتحاد نہیں ہوا۔ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے بنیادی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ مجلس وحدت سیاسی جدوجہد کے ذریعے اہل، دیانتدار، دیندار،نڈر، بے باک، عوام دوست، اپنی مفادات کو قومی مفادات پہ قربان کرنے والے، پڑھے لکھے، بابصیرت اور کرپشن سے پاک افراد کو اسمبلی میں پہنچانے کی کوشش کرے گی جو عوام کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کرسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام علاقائیت، قومیت، مسلکیت اور برادری سے بالاتر ہوکر حقیقی قائدانہ صلاحیت رکھنے والے افراد کے ہاتھوں زمام اقتدار دے تو نہ صرف علاقہ ترقی کرے گا بلکہ ہر مسئلے کا سڑکوں، دھرنوں اور احتجاجات کی بجائے اسمبلی میں ہوگا۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ ارشاد علی نے کہا ہے کہ ضلع ہنگو کا علاقہ شاہو خیل گیارہ سال گزرنے کے بعد بھی تباہ حالی کی تصویر بنا ہوا ہے۔2008میں طالبان نے دہشت گردی کی بدترین کارروائی میں پورے علاقے کو تباہ کر دیا تھا جس سے دو سو پچاس سے زائد گھرانے متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ علاقے کی امام بارگاہ اور مساجد بھی اس تباہی کی زد میں آئیں۔طویل عرصہ گزرنے کے بعد بھی ان بے گھر خاندانوں کو آباد نہیں کیا جا سکا۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا کے آئی ڈی پیز کی طرز پر ان لوگوں کو رہائشی سہولیات سمیت دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ امام مہدی علیہ السلام کی ذات مبارکہ کی توہین کرنے والے ملک میں بہت بڑا فساد برپا کرنا چاہتے ہیں۔سوشل میڈیا پر اس شر انگیزی کا تسلسل سوچی سمجھی سازش ہے۔جس کے پس پردہ ملک دشمن قوتیں کارفرما ہیں۔ توہین امام زمانہ کا ارتکاب کرنے والے گستاخ اہلبیت علیہم السلام ہیں انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ اور ان کی آل پر مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کا کامل ایمان ہے۔امام مہدی علیہ السلام کی ذات اقدس کے حوالے سے مسلمانوں کے تمام مکاتب متفق ہیں اور ان کے احترام کو ایمان کا حصہ قرار دیتے ہیں۔سوشل میڈیا پر امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کی نئی لہر امت مسلمہ کے مذہبی جذبات کو مجروح کر رہی ہے اورپورے ملک کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقدسات کی یہ توہین ملک کے طول و ارض میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا نے کی مذموم کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ناپاک جسارت پر ریاستی اداروں کو فوری طور پر حرکت میں آنا چاہیے اور ذمہ داران کو گرفتار کر کے ان پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ کا اندراج کیا جانا چاہیے تاکہ آئندہ کوئی ملک میں توہین اہلبیت اطہار علیہم السلام کر کے ملک میں فساد برپا کرنے کی کوشش نہ کرے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) انجنیئرعید محمد ڈومکی کی رہائشگاہ پر محفل میلاد کا انعقاد ہوا حضرت پیر محمد شاہد نے صدارت کی ، مہمان خاص محترم انور خان سومرو و دیگر شریک ہوئے۔ محفل میلاد سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نےخصوصی خطاب کیا۔ جبکہ نعت خوان حضرات نے بارگاہ رسالت میں نعت اور منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔
محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور اھل بیت ع کی محبت اور مودت ایمان کی نشانی ہے۔ اھل سنت کے بزرگوں نے آل رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار کرکے خارجی اور ناصبی ٹولے کو شکست دی ہے کیونکہ ناصبی ٹولے آج بھی بغض اھل بیت کی تبلیغ کرکے اپنے یزیدی ہونے کا ثبوت دیتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ شیعہ اور سنی اسلام کے دو بازو ہیں جنہوں نے متحد ہو کر اسلام دشمن سامراجی طاقتوں کو شکست دینی ہے۔انہوں نےکہا کہ ذکر خدا ، یاد خدا اور ذکر مصطفی کی محفلیں ضروری ہیں۔ ہر محلے میں دعائے کمیل کے اجتماعات ہونے چاہئیں کیونکہ دعائے کمیل حضرت خضر نبی ع کی دعا ہے جو مولا علی ؑنے اپنے صاحب معرفت شاگرد حضرت کمیلؓ کو تعلیم دی۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید کاظمی نے کہا ہے کہ پشاور میں خفیہ اداروں کی اطلاعات پر پولیس نے بروقت کاروائی کر کے کسی بڑے ممکنہ نقصان سے بچا لیا ہے۔ بارودی مواد لے کے جانے والی دہشت گرد خاتون کی گرفتاری بلاشبہ ایک بڑی کامیابی ہے۔جس پر پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے تحسین کے مستحق ہیں۔ مذکورہ گرفتاری کے بعد دہشت گردوں کے کسی بڑے نیٹ ورک تک رسائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی کی ہر کاروائی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔پاک افغان سرحد پر نگرانی کے عمل کو مزید موثر اور تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تاک میں بیٹھے ملک دشمنوں کو ہر میدان میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے۔ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کامیابی کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو دہشت گردی کے چنگل سے آزاد کرنے کے لیے ریاستی اداروں کا کردار مثالی ہے۔ وطن عزیز میں امن کے حقیقی قیام کے لیے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی گئیں ہیں جورائیگاں نہیں جائیں گی۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی نے ایم ڈبلیو ایم ضلع بھکر کے سیکرٹری جنرل سفیر حسین شہانی ایڈووکیٹ کی اچانک وفات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفیر حسین کی وفات نے ہمیں ایک متحرک،فعال،نڈر اور باکردار شخصیت سے محروم کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سفیر حسین ملک و ملت کے لیے بے پناہ درد رکھتے تھے۔انہوں نے ہمیشہ اصولی جدوجہد کو اپنا شعار سمجھا اور میدان عمل کی زینت بنے رہے۔
علامہ خالق اسدی نے مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔یاد رہے کہ سفیر حسین شہانی بھکر ایڈووکیٹ کا تعلق بھکر کے ایک مذہبی گھرانے سے ہے۔گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کے بعد وہ جانبر نہ ہو سکے اور داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔