وحدت نیوز(دینہ/جہلم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بانی رہنما علامہ غلام حرشبیری اور ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری ایمپلائز ونگ ملک اقرار حسین کی پھوپھی محترمہ قضائے الہیٰ سے انتقال کرگئی ۔ مرحومہ کے انتقال پر ایم ڈبلیوایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت دیگر مرکزی وصوبائی قائدین نے دلی رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کی مغفرت کی دعا کی ہے۔
دوسری جانب ایم ڈبلیوایم کےمرکزی رہنما علامہ محمد اقبال بہشتی،مرکزی سیکرٹری یوتھ علامہ اعجاز حسین بہشتی ،مولانا علی شیر انصاری اور مولانا ظہیر کربلائی نے جہلم پہنچ کر مرحومہ کے انتقال پر علامہ غلام حر شبیری اور ملک اقرار حسین سے ان کی پھوپی محترمہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیا اور مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شمالی لاہور کی جانب سے ضلعی شوریٰ کا ماہانہ اجلاس طلب کر لیا گیا۔ ضلعی شوریٰ کے اجلاس میں تمام ضلعی عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی نے خصوصی طور پر شرکت و خطاب کیا اور کابینہ اراکین کی فعالیت کا جائزہ لیا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل شمالی لاہور برادر نجم خان نے کی۔ اراکین کابینہ شمالی لاہور کا ایام عزاء میں بانیان مجالس کو درپیش مسائل کے حل کیلئے باقاعدہ طور پر ملاقاتوں کا سلسلہ رکھنے اور تنظیم سازی کا عمل تیز کرنے کے عزم کا اظہار۔شوریٰ اجلاس میں شعبہ جاتی فعالیت پر تمام شعبوں کے سیکرٹریز نے کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان الٰہی جماعت ہے. خدا نے اس جماعت میں ان افراد کو زمہ داریاں سونپی ہیں جنہیں اس لائق سمجھا ہے. اپنی اہمیت کو جانتے ہوئے فقط کسی شعبے کی زمہ داری تک محدود رہنا اپنا اور ملت کا وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔ زمہ داری کے ساتھ ساتھ احساس زمہ داری بھی آجائے تو انسان شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی اور شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے نقش قدم پر چلنے والا کہلانے کے لائق ہے. اپنی توانائی ملت کی فلاح و دفاع کیلئے خرچ کریں. علامہ عبدالخالق اسدی نے عزاداری کے حوالے سے پیش کی گئی رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں شریک بزرگان اور جوانوں کے جذبات و احساسات قابل قدر ہیں۔ ظہور امام زمانہ عج کیلئے زمینہ سازی کرنے والے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔
سیکرٹری جنرل شمالی لاہور برادر نجم نے اپنے خطاب میں کہا کہ انشاءاللہ تنظیم سازی کا عمل بھرپور طریقے سے لے کر چلیں گے اور آئندہ تمام یونٹس کی کابینہ مکمل ہوں گی. تنظیم سازی و عزاداری کے حوالے سے درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ماہ ضلع شمالی لاہور کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں شعبہ جاتی کارکردگی سمیت ہر ماہ کی فعالیت کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائے گی۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم برادر ذوالفقار، رابطہ سیکرٹری علمدار زیدی، سیکرٹری عزاداری کونسل سجاد گجر سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔
وحدت نیوز (آرٹیکل) پاکستان کے مختلف علاقوں اوربڑے بڑے شہروں میں جانےاوربہت سارے اسلامی ممالک میں بھی جانے کا اتفاق ہوا۔کچھ اسلامی ممالک بہت دولت مند ہونے کے باوجود'تیل کی دولت سے مالامال ہونے کے باوجود ' قدرتی وسائل کی فراوانی کے باوجوداور زرخیز زمین اورکثیر المقاصد اسباب کے باوجودخط غربت کی لکیرسے نیچے ذندگی گزارنے پے مجبورہیں اوران ممالک میں یورپ والے جاتے ہیں اوران کو ہیومن رائٹس(حقوق بشر) پے درس دیتے ہیں۔تعجب میں تب اضافہ ہوجاتاہے جب یہ لوگ ان مسلمانوں کوحقوقِ بشر کاسبق سیکھاتے نظراتے ہیں جن مسلمانوں کواسلام نے چودہ سوسال پہلے ہی سب سے ذیادہ حقوق کاسبق سیکھایا تھا اور حقوق درس پڑھایا تھا۔دکھ توان مسلمانوں پر ہوتاہے جو ان کی مفاد پرستانہ باتوں سے یا متاثر ہوتے ہیں یاپھر ذاتی مفاداور شارٹ راستے سے امیر ہونے کی فکرمیں ان کے لئے استعمال ہوتے ہیں اوراپنی ساری انرجی ان این جی اوزکی کامیابی اورعلاقے کی غلامی کے لئے بالواسطہ یابلاواسطہ دن رات کام کرتے ہیں۔
حقیقت ہی ہے کہ اسلام نے ہمیں حقوق کاجوتصور دیا ہے ایساتصورنہ کوئی دے سکاہے نہ دے سکتاہے۔ لھذا حقیقی مسلم وہی ہے جوحقوق ادا کرتا ہو۔ یہاں تک کہاگیاہے کہ ایک انسان کی نسبت دوسرے انسان پرتیس قسم کے حقوق عائدہوتے ہیں۔ایک مسلم کی نسبت ایک مسلم پرتیس قسم کےحقوق عائدہوتے ہیں جومسلم ان حقوق کواداکرتا ہووہی مسلم ہے اورجوان حقوق کی ادائیگی میں کوتاہی کوتاہو وہ مسلم نہیں ہے ۔اس کامطلب یہ ہواکہ اسلام سراپاحقوق کانام ہے ۔اورجوسبق حقوقِ بشرکا اسلام نے سیکھایاہے ایساسبق دنیاکاکوئی مذہب دے نہیں سکتا ہے ۔اج جوانوں کوبیدارہونے کی ضرورت ہے کہ جوانوں کولایعنی اورغیرمنطقی(بظاہردلکش حقیقت میں گمراہ کن) باتوں کے ذریعے سے گمراہ کرنے کی کوشش ہورہی ہے کہ کہاجاتاہے دین نے ہمیں کیادیاہے؟مذہب ہی سب سے بڑی رکاوت ہے ترقی کے لئے وغیرہ وغیرہ۔
اگرباریک بینی سے دیکھاجائے تویہ باتیں یاتواستعمارکی ہیں یا ان نام نہاد لوگوں کی ہیں جن کی ذندگی کاایک اہم دورانیہ لہو لعب میں گزرتاہے اوران کادل گناہوں کی وجہ سے مکمل سیاہ ہوجاتاہے۔وگرنہ جوکچھ دیاہے وہ دین نے ہی دیاہے۔اج معاشرے میں حیاہے'امن ہے'محرم اور نامحرم میں تمیزہے 'جرائم نہ ہونے کے برابر ہے اورایک دوسرے کااحترام ہے تودین ہی کی وجہ سے ہے۔ لھذا دین ہی نے حقوق انسانی کاتصورچودہ سوسال پہلے دیاہے یہ کسی مغرب کادیاہواتحفہ نہیں ہے ۔اسی وجہ سے حقوق کو دو حصوں میں تقسیم کیاجاتاہے; پہلاحقوق اللہ اوردوسراحقوق العباد/حقوق الناس ۔حقوق اللہ فرض ہیں اورحقوق الناس قرض ہیں ۔فرض شناس ہی قرض شناس ہوتاہے 'فرض اداکرنے والاہی قرض اداکرتاہے۔ پھرحقوق العباد کی ایک لمبی فہرست ہے منجملہ :یہ ہیں حقوق والدین'اولادکے حقوق'حقوق زوجین'رشتہ داروں کے حقوق'ہمسایہ کے حقوق'استاد کے حقوق 'طالب علم اورغیرمسلم کے حقوق۔
بلکی ہرانسان کی نسبت ہرانسان پرکوئی نہ کوئی حق عائدہوتاہے ہے۔جس کے دائرہ اختیارمیں جو آتا ہے اس کی نسبت سے کچھ حقوق عائد ہوتے ہیں۔ مثلاحاکم کے حقوق رعایاکی نسبت حقوق اوررعایاکے حقوق حاکم کی نسبت۔اوراگریہ نسبت خاص مدت کے لئے قائم ہوجائے مثلا ایک مسافرکے ساتھ چندلمحوں کے لئے صحبت ہوتوبھی حق عائد ہوتاہے۔جس کی تفصیل کتابوں میں موجود ہے یہاں ایک کتابچہ کاذکرضرورکروں گاجس کورسالۃ الحقوق کہاجاتاہے اوروہ امام زین العابدین ع کاہے جس میں امام ع نے بہت سارے لوگوں کاحق بیان فرمایا ہیں:اعلم ان اللہ عزوجل علیک حقوقامحیطۃ لک فی کل حرکۃ تحرکتھااوسکنۃ سکنتھااوجال حلتھااومنزلۃ نزلتھااوجارحۃ قلبتھا او الۃ تصرفت فیھافاکبرحقوق اللہ تبارک وتعالی علیک مااوجب علیک لنفسہ من حقہ الذی ھواصل الحقوق ثم مااوجب اللہ علیک لنفسک من قرنک الی قدمک فاما حق اللہ الاکبرعلیک فان تعبدہ ولاتشرک بہ شیئا اذا فعلت بلاخلاص جعل لک علی نفسہ ان یکفیک امرالدنیا و الاخرۃ۔ ترجمہ:جان لوخداوندعالم کے حقوق تمہارے پورے وجود کااحاطہ کئے ہوئے ہیں۔تمہاری کوئی حرکت'تمہاراکہیں جانا اورکسی الہ کااستعمال تک کے بارے میں پوچھاجائے گا۔
پس سب سے بڑاحق حقوق میں سے خداوندعالم کاہے جس کوخدانے فرض کیاہے تم پراپنے حق میں سے جوکی حقوق کی اصل اورجڑہے پھر خداوند عالم نے واجب کیا ہے تم پرتمہارے لئے سرسے پیرتک کچھ حقوق۔حقوق میں سے سب سے بڑاحق تم پرتمہارے رب اور پروردگار کا ہے۔اور تمہارے پروردگار کا حق یہ ہے کہ تم اسی کی عبادت کرو اور زرہ برابر شرک نہ کرو۔اورگرتونے اخلاص کے ساتھ اس کی عبادت کی توتمہارے لئے دنیاواخرت میں یہی کافی ہے۔رسالۃ الحقوق کے اغازمیں امام زین العابدین ع نے پوروردگارعالم کاحق بیان فرمایاہے کہ:انسان دنیامیں خالق دنیا'مالک دنیا'رازق دنیا ' مدبر دنیااورحاکم دنیاوعالم کوپہچانے اس کی معرفت حاصل کرے اور اسی کی عبادت کرے۔حقیقت یہ ہے کہ جورب کوپاتاہے وہی دنیا اوراخرت میں کامیاب ہوتاہے۔سی وجہ سے حدیث نبوی ص ہے کہ اول الدین معرفۃ الجباراو اخرہ تفویض الامرالیہ۔کہ دین کی ابتداہی جبارخداکی معرفت سے ہوتی ہے اوردین کااخرتمام امورکواسی کے سپردکرناہے۔ یعنی پہلے اس پروردگارکی معرفت پھراس کی بندگی اورعبادت ہے۔کیونکہ معرفت اورعبادت لازم وملزوم ہے۔
تحریر: شیخ فدا علی ذیشان
(سکریٹری جنرل مجلس وحدت المسلمین ضلع سکردو)
وحدت نیوز (ڈی آئی خان) ممبر کور کمیٹی پاکستان تحریک انصاف ،وزیر مملکت برائے ماحولیات MNA محترمہ زرتاج گل صاحبہ کی مجلس وحدت مسلمین ضلع ڈی جی خان کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید انعام حیدر زیدی کی رہائش گاہ پر آمد ۔ محترمہ زرتاج گل صاحبہ نے ایم ڈبلیوایم کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید انعام حیدر زیدی و ضلعی کابینہ کے اراکین ڈاکٹر رحمت کھوسہ ،کاظم رضا، محمد جہانزیب، سید یاور شاہ، تیمور وڈانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پررہنماؤں کے درمیان حلقہ NA-191 کی سیاسی صورتحال سمیت ترقیاتی امورپر بات چیت کی گئی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تعلیم نثار فیضی نے اسلامی یونیورسٹی میں تصادم کے نتیجے میں نوجوان طالب علم کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں تشدد پسندانہ رجحان کا فروغ تشویشناک ہے جسے روکنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان سے اب تک ملکی سیاست اور ترقی میں طلباء کا نمایاں اور مثبت کردار رہا ہے۔جب تک اس نوجوان طبقے نے جمہوری طرز عمل اختیار کرتے ہوئے اصولی اور آئینی جدوجہد کو مقدم رکھا،تعلیمی ادارے امن کا گہوارہ بنے رہے۔سیاست کے نام پر غنڈہ گردی اور مار دھاڑ کے کلچر نے خوف وہراس کی فضا میں نہ صرف اضافہ کیا بلکہ اس سے اداروں میں تعلیمی عمل اور اور ان کی ساکھ بھی متاثر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ شدت پسندی معاشرتی امن کے لیے زہر قاتل ہے۔چاہے وہ کسی بھی شکل میں ہو۔ تدریسی اداروں میں غیر سنجیدہ اور مخصوص مقاصد کے لیے سرگرم عناصر نے سارے ماحول کر خراب کر رکھا ہے۔تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی اور اسلحہ کی موجودگی سمیت دیگر جرائم کے واقعات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ایسی صورتحال میں کسی بھی قسم کی لچک جرائم پیشہ عناصر کے حوصلوں میں تقویت کا باعث ہوگی۔انہوں نے کہا تعلیمی اداروں میں بدمعاشی کلچر کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر فیصلہ کن اقدامات کرنا ہوں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی نے کہا ہے کہ احتساب کے عمل کو کسی سیاسی ضرورت یا مصلحتی تقاضوں کے تابع نہیں ہونا چاہیئے۔احتسابی عمل میں شفافیت بنیادی شرط ہے۔قانون کی راہ میں کسی کی ذاتی حیثیت یا شخصیت آڑے نہیں آنی چاہیئے ۔کسی بھی قسم کی جانبداری سے نا صرف متعلقہ سسٹم پر سوال اٹھتے ہیں بلکہ حکومتی کارگزاری پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار ہونے لگتا ہے۔پوری قوم چاہتی ہے کہ قومی خزانے کو ذاتی دولت سمجھ کر لوٹنے والوں کے احتساب میں کسی بھی قسم کی لچک نہ برتی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی لوٹی ہوئی دولت واپس لا کر آئی ایم ایف کے چنگل سے بھی نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ملک میں مہنگائی اور غربت کی بڑھتی ہوئی شرح سب کے لیے تشویش کا باعث ہے۔اس پر قابو پانے کے لیے معیشت کو مضبوط کرنا ہو گا۔ معیشت کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے کہ احتساب کے عمل میں تیزی لائی جائے اور اسے ہر طرح کی بیرونی مداخلت سے آزاد رکھا جائے۔
انہوں نے کہا جو قوموں کرپشن کے خلاف کڑے احتساب پریقین رکھتی ہیں انہیں ترقی کی راہ میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکھڑا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ احتساب کے عمل کو نیک نیتی اور سنجیدہ انداز سے مثبت سمت میں جاری رکھا جائے۔