وحدت نیوز (اسلام آباد) تکفیریت کے ناسورسے نجات اور استحکام پاکستان کے لئے تمام معتدل قوتوں کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے پاکستان کو بنانے اکابرین معتدل شیعہ سنی تھے ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی شوریٰ عمومی کے اجلاس کے تیسرے اور آخری روز ،،وحدت اسلامی اور پاکستان کا استحکام ،،کے عنوان سے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیمینارمیں جمیعت علمائے پاکستان نیازی کےسربراہ پیر معصوم نقوی ،رہنما پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈہ پور ،چیئر مین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا ،ملی یکجہتی کےسربراہ صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر ،ثاقب اکبرنقوی ، سید ناصر شیرازی، ڈاکٹر امجد چشتی سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماء و دانشوروں نے خطاب کیا ۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ علمی اختلافات علما تک محدود رہنے سے فتنہ پیدا نہیں ہوتا۔ایسے فتنہ گروں کا راستہ روکنا ہو گا جو باہمی اختلافات کو ہوا دے کر امت مسلمہ کو تصادم کی راہ پر لے جانا چاہتے ہیں۔ملت تشیع کے اندر بھی ایسے اختلافات زور پکر رہے ہیں جو ہمارے لیے نقصان دہ ہیں۔علماء کی ذمہ داری ہے کہ ان کی راہ میں رکاوٹ پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ سیاسی اہداف اور استحکام پاکستان کے لیے شیعہ سنی جماعتوں کو یکجا ہونا ہو گا۔پاکستا ن کی سالمیت و بقا تکفیریت کے خاتمے سے مشروط ہے جس کے لیے شیعہ سنی پورے عزم سے ساتھ میدان میں موجود رہیں۔پاکستان میں قانون کی عملداری اور انصاف کے فروغ کے لیے ہم خیال مذہبی جماعتوں کا سیاسی اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس وقت لاقانونیت کا گہر ا زخم ہمارے جسم میں رس رہا ہے۔مسنگ پرسنز لاقانونیت کی بدترین مثال ہیں۔کسی مہذب معاشرے میں اس کی اجازت نہیں۔یہ وطن قانون شکن قوتوں کے چنگل میں پھنسا ہوا ہے۔اس ملک کی اپنی کوئی پالیسی نہیں۔ہم نے ارض پاک کو بیرونی دباؤ سے آزاد ریاست بنانا ہے۔ ہماری خارجہ پالیسی اپنے جغرافیائی ،سیاسی اور معاشرتی ضرورتوں،قومی وقار اور عوامی امنگوں کے تابع ہو۔
انہوں نے کہا کہ تکفیریت نے ایک طرف مسلمانوں کو ذبح کیا اور دوسری طرف اسلام کے روشن تشخص کو داغدار بنایا۔ہماری سیاسی وحدت عصر حاضر کا تقاضہ اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔ملک دشمن بدعنوان لوگوں کا راستہ روکنے کے لیے ہم نے مل بیٹھنا ہے۔مذہبی جماعتوں کا یہ قرب ہمارے سیاسی اتحاد کا آغاز ثابت ہو۔ہم سے زیادہ سے اس وطن کے باوفا بیٹے اور کہیں نہیں۔بہت جلد اس ملک کی بھاگ دوڑ اس ملک کے باوفا بیٹوں کے ہاتھ میں ہو گی۔انہوں نے سیمینار میں شریک مذہبی رہنماؤں اور مختلف علاقوں سے آئے ہوئے اراکین کا شکریہ ادا کیا ۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ہمارے بارے میں اداروں نے منفی رپورٹنگ کی اور ہمارے خلاف آپریشن ہوتے رہے اور جن اداروں میں دہشت گرد تیار کیے جاتے ہیں انہیں تحفظ فراہم کیا جاتارہا۔ اگرحکومتی سطح پر نیک نیتی سے کوشش کی جاتی تو شیعہ سنی قتل عام پر آغاز سے ہی قابو پا لیا جاتا لیکن اسے دانستہ طور پر کھلے عام چھوٹ دی گئی۔عوامی تحریک کا ساتھ نواز شریف کی مخالفت میں نہیں دیا تھا بلکہ یہ ظلم کے خلاف تھا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی قابل مذمت ہے چاہے وہ کسی امام بارگاہ میں ہو ،مسجد میں ہو خانقاہ میں ہو یا پھر اقلیتوں کی کسی عبادت گاہ میں۔ملک میں بہت سارے خطبا ءغیر ملکی ایجنسیوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے مسلمانوں میں اشتعال پیدا کر رہے ہیں۔ایسے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔وطن عزیز کی بقا صرف اور صرف نظام مصطفےٰ میں ہے۔
پاکستان عوامی تحریک پاکستان کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اتحاد امت کے لئے جو کردار اد کیا ہے اسکی مثال نہیں ملتی مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کیخلاف قیام کا درس تمام سیاسی و دینی جماعتوں کو اسی جماعت نے دیا سانحہ ماڈل ٹاون میں مظلوم شہداء کے خاندان کیساتھ نبھانے کا جو کردار مجلس وحدت مسلمین کے قائدین نے ادا کی اسے ہم زندگی بھر فراموش نہیں کرسکتے،آپ لوگوں کی استقامت کا نتیجہ ہے کہ آج چیف جسٹس آف پاکستان نے تنزیلہ شہیدہ کی بیٹی بسمہ کو بلا کریہ یقین دہانی کی ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاون کو انصاف دلا کر رہونگا،آج اس سیمینارر میں تمام مکاتب فکر کی نمائندگی اس بات کی غمازی ہے کہ قوم متحد ہیں اور چند شرپسندوں کے ہاتھوں وطن عزیز کو یرغمال بننے نہیں دینگے۔
مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے اتحاد جہاں جہاں ہو گا وہاں کامیابی ہو گی ،مغرب کے لیئے سب سے بڑا خطرہ اسلام محمدی ہے امریکہ اور اسکے حواری اسلام محمدی کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اسلام محمدی کے لیئے مسلمانوں کو متحد ہونا ہو گا متحد کر اسلام دشمن کی قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ چونتیس ممالک کا اتحاد کیا دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کے لیئے بنایا گیا ایسا نہیں ہے بلکہ اسلام دشمن قوتیں اسلام کو نقصان پہنچانے کے لیئے سازشوں میں مصروف ہے ہم سب کو ملکر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا ہمیں اپنے ہمسایہ ملک کے انقلاب کو دیکھنا ہو گا اور اسکے لیئے کی گئی جدوجہد کو اپنانا ہو گا تب ہی ہم کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔
مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر استعمار ی آلہ کاروں کی کوئی جگہ نہیں۔ہم ظلم کے مخالف اور مظلوم کی حامی ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہمارا اصولی موقف ظلم اور ظالموں کے خلاف تھا ۔مجلس وحدت مسلمین نے شیعہ سنی اتحاد کو عملی شکل دی ہے ۔ایسے کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے جو تکفیریت کی تقویت کا باعث ہو۔پاکستان میں پہلی اکثریت و ہ اہلسنت ہیں جو لبیک یارسول اللہ ﷺ اور لبیک یا حسین ؑ کا نعرہ بلند کرتے ہیں۔
ملکی یکجہتی کو نسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے کہا کہ وحدت امت کا مئلہ مقامی نہیں بلکہ عالمی ہے اور اس کے دشمن بھی عالمی ہیں۔شیطانی اور ناپاک سہ فریقی اتحاد کا اصل سرغنہ امریکہ ہے جو اسرائیل اور ہند وستان کی کمانڈ کر رہا ہے۔پاکستان میں سفارتی استثنی کے نام پر قاتلوں کو کھلی چھٹی نہیں دی جا سکتی۔13اپریل کو بعد از نماز جمعہ مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حمایت میں آب پارہ میں مظاہرہ کیا جائے گا۔
جمیعت علمائے پاکستان و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دشمن قوتیں عالم اسلام کو دست و گریبان دیکھنا چاہتی ہیں۔ امت مسلمہ کا باہمی اخوت و اتحاد وہ واحدہتھیار ہے جس سے اسلام دشمنون کو شکست دی جا سکتی ہے۔مسلمانوں کے ہاتھوں مسلمانوں کا قتل عا م یہود و نصاری کی سازش ہے۔ یمن کے اندر پیسہ پھینکا جا رہا ہے ۔سعودی ولی عہد کا عالمی ذرائع ابلاغ کے سامنے اس بات کا اقرار کہ امریکہ کی ایما پر مختلف قوتوں میں اختلاف کو ہوا دینے کے لیے سعودی عرب بے دریغ سرمایہ لٹا رہا ہے سب کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے ۔یہود و ہنود کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام مذہبی قوتوں کو متحد ہونا ہو گا۔پارلیمنٹ کے اندر یہودی و نصاری کے ایجنٹ موجود ہیں جو د ہشت گرد تکفیریوں کی سرپرستی کر رہے ہیں ۔جب تک دہشت گردوں کے ان سیاسی سہولت کاروں پر ہاتھ نہیں ڈالا جاتا تب تک ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔ان سہولت کاروں کا ہم مل کر محاسبہ کریں گے۔
جمعیت علمائے پاکستان نیازی کے سربراہ پیر معصوم شاہ نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے حکمران اور مقتدر حلقوں کی غلط پالیسیوں کے سبب جنرل ضیاء کے دور میں ملک میں مخصوص طبقے کو اکثریت پر مسلط کیا گیا جس کا خمیازہ قوم آج بھگت رہی ہے ،امت مسلمہ متحد ہیں اسی کے سبب پاکستان کی سلامت ہے،ورنہ ریاستی اداروں کی سرپرستی میں پالے تکفیری گروہ نے ملک دشمنوں سے مل کر ملک وقوم پر وار کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا،متحدہ مجلس عمل کے قیام کا اصل مقصد نظریہ پاکستان کے مخالف قوتوں کا تحفظ ہے جسے ہم کبھی قبول نہیں کریں گے، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد چشتی نے کہا کہ اتحاد امت کے لئے ضروری ہے تکفیری قوتوں سے قومی سطح پر لاتعلقی کا اظہار کریں،حکمران اور مقتدر ادارے ان تکفریوں کیخلاف بیانیہ لائیں ان کا اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی کی سربراہی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اعلی سطحی وفد کی تحریک منہاج القران اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد ۔سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات ، وفد میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی اور صوبائی سیکرٹری سیاسیات حسن کاظمی سمیت پاکستان عوامی تحریک کے راہنما راجہ زاہد اور میڈیا ٹیم کے اراکین بھی موجود تھے ۔اس موقع پردونوں جماعتوں کے رہنمائوں کے درمیان موجود ملکی سیاسی اور اجتماعی صورتحال اور دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔شیعہ سنی وحدت کیلئےاور تکفیریت کے خلاف علمی فکری اور سیاسی اور اجتماعی میدان میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیاگیا۔
وحدت نیوز (رحیم یارخان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے رحیم یار خان میں ڈسٹرکٹ بارکونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم استکبارکی تمام تر توجہ پاک چین اکنامک کوریڈور کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر مرکوز ہے۔ سی پیک منصوبہ پاکستان کیخوشحالی و استحکام اور دنیا بھر میں چین کی اقتصادی برتری کا سبب بنے گا۔اس گیم چینجر کو امریکہ اپنے مفادات کے لیے شدید ترین نقصان دہ سمجھتا ہے۔ سی پیک منصوبے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے لیے امریکہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔جس کی تکمیل کے لیے کالعدم مذہبی جماعتوں علیحدگی پسند گروہوں اور دیگرملک دشمن عناصر کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ ارض پاک کو اندرونی خلفشار کا شکار کرنے کے لیے داخلی و خارجی محاذ کھولے جاچکے ہیں ۔ایک طرف بھارت اور افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں تو دوسری جانب ملک کے عوام میں مذہبی، مسلکی، لسانی اور صوبائی تعصبات سمیت مختلف طریقوں سے نفرتوں کا پرچار کیا جا رہا ہے۔پاکستان میں لاقانونیت ،عدم تحفظ کے احساس کے فروغ کا بنیادی مقصد معاشرتی اقدار کی پامالی ہے ۔پاکستان کے عوام کو مختلف بنیادوں پر گروہوں میں تقسیم کرکے ’’ قوم ‘‘بننے سے روکا جا رہا ہے۔ہمارے دشمنوں کو اس بات کا ڈر ہے کہ پاکستان کی عوام اگر ایک قوم بن گئی تو پھرکوئی بھی طاقت اس قوم کے طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکے گی۔
انہوں نے کہا پاکستان میں عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کے فروغ میں حکمرانوں نے بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ملک و قوم کی ترقی کی بجائے ذاتی اثاثوں میں اضافے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کئے جاتے رہے۔اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے پنجاب سمیت ملک بھر میں سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بناگیا جس نے معاشی بحران کو جنم دیا ۔حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی کے باعث صاف پانی ،معیاری تعلیم ، صحت و صفائی اور روزگار جیسی بنیادی ضروریات زندگی سے پاکستان کی بیشتر آبادی محروم ہے۔جو عوام کے ساتھ بدترین زیادتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی قوتیں ایشیا کو تباہی کی طرف لے جانا چاہتی ہیں۔ ایشیا کا معاشی واقتصادی استحکام ہی وہ واحد حل ہے جو اس خطے کو مغربی استعمار کے نرغے سے چھڑا سکتا ہے۔عالمی طاغوت اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اس پورے خطے کو روبہ زوال رکھنا چاہتا ہے۔عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کی تشکیل بھی اسی مقصد کے لیے کی گئی۔ان تمام سازشوں سے نبرد آزما ہونے کے لیے ضروری ہے کہ ایشیائی عوام کی آگہی کے سلسلے میں مختلف سطح پر فورم تشکیل دیے جائیں تاکہ مغربی عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔عالمی طاقتوں کے نشانے پر نہ صرف ایشیا ہے بلکہ امت مسلمہ کی تباہی بھی ان عالمی طاقتوں کا اولین ہدف ہے۔عالم اسلام کے دانشمندانہ ،بابصیرت اور جرات مندانہ اقدامات اور اخوت کے ہتھیار سے مغرب کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید علی احمر زیدی نے کراچی یونین آف جرنلسٹ کے انتخابات میں فہیم احمد صدیقی کے صدیقی کے پورے پینل کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ نو منتخب صدر فہیم احمد اور سیکرٹری جنرل نثار محمود کی کامیابی صحافتی برادری کی جانب سے ان پر اعتماد کا اظہاراور قائدانہ صلاحتیوں کا اعتراف ہے۔گزشتہ عشرے سے کراچی شہر میں امن و امان کی سنگین صورتحال کے باوجود صحافی حضرات جس جرات اور حوصلہ کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے آئے ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔ صحافیوں کو فرائض کی ادائیگی میں مکمل تحفط کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پورا ہونا چاہیے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی یونین آف جرنلسٹ صحافیوں کے مسائل کے حل اور فرائض منصبی کی ادائیگی میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے میں اپنا موثر اور بھرپورکردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ صحافت ریاست کا اہم ستون ہے۔عوام کی حقائق تک رسائی کا واحد ذریعہ وہ لوگ ہیں جو کسی مشکل کی پرواہ کیے بغیر اپنے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ذمہ دارانہ طرز صحافت معاشرے میں مثبت رجحانات کے فروغ کا باعث بنتی ہے۔یہ وہ طبقہ ہے کہ جو قلم کی طاقت کو جبر و استبداد کے خلاف استعمال کرتا آیاہے۔پاکستانی صحافت میں ایسے معتبر نام موجود ہیں جو آمریت کے خلاف جرات مندانہ انداز میں ڈٹے رہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے حقوق کے لیے ایم ڈبلیو ایم آپ کو ہمیشہ ساتھ کھڑی نظر آئے گی۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی نے کمشنر بلتستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستا ن میں خالصہ سرکار کا تصور انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ پورے جی بی میں ایک انچ خالصہ سرکار نہیں بلکہ عوامی اراضی ہے۔ خالصہ سرکار کی آڑ میں جی بی میں بے چینی پھیلانے کی تمام تر کوششیں قابل مذمت ہیں۔گلگت بلتستان میں عوامی اراضی پر قبضے کی کوشش ظلم ہے اور اس ظلم پر کسی صورت خاموش نہیں رہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا حکومت کو جہاں کہیں زمین درکار ہے معاوضہ دیکر حاصل کرے اورزبردستی قبضے کی کوشش کی گئی تو چلاس سے لے کر خپلو کی سرحد تک عوام میں تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکردو کی بات ہی نہیں چلاس اور داریل تانگیر میں بھی عوامی اراضی پر قبضہ کرنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرے ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا علی رضوی نے کہا کہ مضبوط گلگت بلتستان ہی مضبوط پاکستان کا ضامن بن سکتا ہے اور مضبوط گلگت بلتستان یہاں کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے بغیر ممکن نہیں۔ ہم ہر اس اقدام کے خلاف اٹھ کھڑے ہونگے جہاں عوام کا استحصال اور ظلم و زیادتی ہو۔ جی بی کے عوام ہر حوالے سے کمزور اور مستضعف ہیں۔ تعلیمی صورتحال ناگفتہ بہہ، طبی سہولیات ناپید، انفراسٹریکچر ناقابل بیان اور فلاحی منصوبے نہ ہونے کے برابر ہے۔ ایسے میں عوامی اراضی کو ہتھیانا یہاں کے عوام کو مزید کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان میں ہر مکتبہ فکر اور علاقے کے مسائل کے حل کے لیے صف اول کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) وحدت یوتھ لاہور کی جانب سے شہزادہ علی اکبر ع کی ولادت با سعادت کے موقع پر یوم جوان منانے اور وحدت کرکٹ ٹورنامنٹ کے حوالے سےوحدت ہاؤس پنجاب میں میٹنگ بلائی گئی،میٹنگ میں ضلع لاہور کے مختلف ٹاؤن سیکرٹریز نے شرکت کی، سیکرٹری یوتھ سید سجاد نقوی نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے
تمام ٹاؤن سیکرٹریز کی ایجنڈے پر رائے لی،سید سجاد نقوی کا کہنا تھا کہ لاہور میں جوانوں کو متحد کرنے کے لیے یوم جوان جیسے پروگرام کا انعقاد خوش آئند ہوگا جس سے ایک نئی روایت قائم ہوگی اور جوانوں میں سیرت حضرت علی اکبر ع بیان کرنے کا بھرپور موقع ملے گا، ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ
دینا بھی ایک اچھی روایت ہے جس کے لیے وحدت یوتھ 25 مارچ کو ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا جائے گا جس میں لاہور کے 8 ٹاؤنز سے ٹیمیں شرکت کریں گی جبکہ یوم جوان 25 اپریل کو منایا جائے گا۔