وحدت نیوز(کراچی) محرم الحرام کے پہلے عشرے کے پر امن انعقاد میں جہاں سکیورٹی اداروں کی کارکردگی قابل ستائش ہے وہیں بلدیاتی اداروں اور کے الیکٹرک کی کارکردگی قابل مذمت ہے،محرم الحرام میں امن وامان کاقیام جہاں سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے وہیں بلدیاتی اداروں اور کے الیکٹرک انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، سندھ کی بلدیاتی اور شہری حکومت باقی ایام عزاصفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کا ازالہ کرے، کے الیکٹرک انتظامیہ 8ربیع الاول تک تمام امام بارگاہوں کو رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ دےکسی بھی حادثاتی کیفیت میں تمام تر ذمہ داری کے الیکٹرک پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری اطلاعات سید احسن عباس رضوی نے وحدت ہائوس سے جاری ایک بیان میں کیا۔
احسن عباس نے مزید کہاکہ محرم الحرام میں شہر کے بیشترعلاقوں میں صفائی ستھرائی ، روشنی کے ناقص انتظامات دیکھنے میں آئےجبکہ سڑکوں کی استرکاری کا کام بھی شہر کے کسی علاقے میں نہیں کیا گیاجبکہ ہر سال محرم الحرام سے قبل ٹوٹ پھوٹ کی شکارسڑکوں کو آمد ورفت کیلئے پیچ ورک یا کارپیٹ کرکے آماد ہ کیاجاتا تھا، لانڈھی، کورنگی ، بن قاسم، سعودآباد، سرجانی ٹائون ، نارتھ کراچی اورنگی ٹائون بالخصوص ضلع کونسل کراچی کے حلقوں میں عزاداری کے اجتماعات کو کسی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کیا گیا، شہری حکومت فنڈ ز کی عدم فراہمی اور اختیارات اور صوبائی حکومت صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کو واٹر بورڈہیڈ آفس میں منعقدہ اجلاس میں کراچی کے مضافاتی علاقوں میں عزاداروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا تھا لیکن پورا عشرہ گذرنے کے باوجود کوئی پرسان حال نہیں متعددمقامات پرمنتظمین اور ایم ڈبلیوایم کے کارکنان نے اپنی مدد آپ کے تحت سیوریج کے مسائل سے وقتی نجات حاصل کی۔
انہوں نے مزید کہاکہ ماضی کی نسبت اس محرم الحرام میں بلدیاتی اداروں نے عزاداروں، منتظمین اور پرمٹ ہولڈرز کے ساتھ قابل قدر تعاون نہیں کیا ، متعددعلاقوں میں جلوس ہائے عزا سیوریج کے گندے پانی اور کچرے ، گندگی اور غلاظت کے ڈھیر کی وجہ سے متاثر ہوئے ، شہری علاقوں کے علاوہ ملیر،لانڈھی ، کورنگی ، سعود آباد، بن قاسم، سرجانی ، نارتھ کراچی،لائنز ایریا اور دیگر مضافاتی علاقوں میں بھی عزاداری کے اجتماعات ، مجالس اور جلوس منعقد کیئے جاتے ہیں جہاں بلدیاتی ادارے توجہ نہیں دیتے لہذٰا ہم سندھ حکومت خصوصاًوزیر بلدیات سعید غنی، میئر کراچی وسیم اختر، کمشنر کراچی اور کے الیکٹرک انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ 8ربیع الاول تکہونے والی مجالس اور جلوس عزاکے روٹس پر صفائی ستھرائی اور روشنی کےموثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے جبکہ کمشنر کراچی کے الیکٹرک کو پابند کریں کہ تمام مساجد وامام بارگاہوں کو عشرہ مجالس عزاکے انعقاد کی بناءپر لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ دیا جائے بصورت دیگر ملت جعفریہ بنیادی حقوق کی پامالی پر بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔
وحدت نیوز(مظفرگڑھ) مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفرگڑھ کی ضلعی شوریٰ کا اجلاس جامع مسجد مظفرگڑھ میں منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع بھر کے تمام یونٹس اور علاقوں سے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں خصوصی طور پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی سیال نے شرکت کی، اجلاس میں راکین شوریٰ نے متفقہ طور پر ضیغم عباس کو ضلعی سیکرٹری جنرل منتخب کیا، نومنتخب سیکرٹری جنرل صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی نے حلف لیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سلیم عباس صدیقی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے مسائل فوری حل کیے جائیں، سابق دور حکومت میں بنائے گئے بے بنیاد مقدمات ختم کیے جائیں، عزاداری کے خلاف کسی قسم کی سازش اور رُکاوٹ قابل قبول نہیں ہے، نومنتخب سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
وحدت نیوز (آرٹیکل) پاکستان کی اہمیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، مدتوں بعد تحریک انصاف کو پاکستان کی تقدیر سنوارنے کا موقع ملا ہے، ہمسایہ ممالک کے علاوہ عالمی برادری بھی پاکستان کے بدلتے حالات پر نظریں لگائے ہوئے ہے۔گویا پاکستان دنیا میں ایک کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ گزشتہ ہفتے ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور آج اس وقت امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ، امریکی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ کے ہمراہ پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
امریکی وزیرخارجہ کے دورہ پاکستان سے پہلے امریکہ نے پاکستان پر اپنا سفارتی اور اقتصادی دباو بہت زیادہ بڑھا دیا تھا، شاید اس دباو کے بڑھانے کا مقصد اس دورے کو کامیاب کروانا تھا۔ یہ تو ہم جانتے ہی ہیں کہ کسی بھی دورے کی کامیابی کا انحصار ایجنڈے پر عملدرآمد پر ہوتا ہے، یوں تو پاکستان کئی دہائیوں سے امریکی ایجنڈے پر عملدرآمد کرتا چلا آرہا ہے لیکن اس مرتبہ شاید امریکہ ہمیشہ کی طرح اپنے مقاصد مکمل سو فیصد حاصل نہ کرپائے۔
امریکی ایجنڈے کی عدم تکمیل کی ایک وجہ عوام میں امریکہ کے خلاف شدید نفرت کا پایا جانا بھی ہے۔ اگرچہ ماضی میں بھی لوگ امریکہ سے نفرت کرتے تھے لیکن اس مرتبہ عوام کے اندر خاصا اعتماد پایا جاتا ہے، اس اعتماد کی ایک وجہ پاکستان میں موروثی سیاست کا خاتمہ اور ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی بندش بھی ہے۔ عوام کو اب یہ احساس ہورہا ہے کہ ہم بھی بحیثیت قوم ایک وزن اور حیثیت رکھتے ہیں۔
دوسری طرف امریکہ کا تندوتیز لہجہ اور بھارت کی طرف نمایاں جھکاو بھی اس مرتبہ تعلقات کو سنوارنے اور آگے بڑھانے میں آڑے آئے گا۔
امریکہ نے اس منطقے میں بھارت کو پاکستان پر ترجیح دینے کے لئے گزشتہ چند سالوں میں طالبان کا کنٹرول بھارت کے ہاتھوں میں دیدیا ہے۔اب طالبان یعنی مجاہد بھائی جان بھارتی ایجنڈے کے مطابق پاکستانی و افغانی عوام کو کشت و خون میں غلطاں کرتے ہیں اور اس کا ملبہ حکومت پاکستان پر گرادیا جاتا ہے۔
پاکستان جو ایک عرصے سے اس منطقے میں امریکی و سعودی اتحادی تھا اور طالبان کے بنانے کے عمل میں برابر کا شریک تھا اس کے لئے یہ سب کچھ ایک بہت بڑا دھچکا ہے۔گزشتہ چند سالوں سے افغانستان کے حساس مقامات پر طالبان سے حملے کروا کر امریکہ و افغانستان کو یہ باور کروایا جاتا ہے کہ اب بھی طالبان کے بعض دھڑے پاکستان کے کنٹرول میں ہیں اور وہ یہ سب کارروائیاں ، پاکستان کی ایما پر کر رہے ہیں۔
ان دنوں افغانستان میں داعش کو بھی آباد کیا جا چکا ہے جو کبھی بھی پاکستان کی سیکورٹی اور سلامتی کے لئے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔اس وقت پاکستان امریکہ کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر بات کرنے کے بجائے طالبان و داعش نیز بھارتی بالا دستی کے مسائل میں ہی الجھا رہے گا۔
جبکہ حقیقت یہ ہے کہ امریکہ کو مسئلہ کشمیر اور پاکستان کی سلامتی سے کوئی دلچسبی نہیں ، لہذا امریکی ہمیشہ کی طرح محض احکامات صادر کریں گے اور کوشش کریں گے کہ سابقہ حکومتوں کی طرح ان حکمرانوں کے سامنے بھی پیسہ پھینکیں اور تماشا دیکھیں۔
پاکستان اگرچہ اقتصادی دباو اور مشکلات کا شکار ہے تاہم اس مرتبہ صرف پیسے کی خاطر امریکیوں کی ہاں میں ہاں ملانا آسان نہیں ہوگا اور اگر امریکیوں کی ہاں میں ہاں نہیں ملائی گئی تو پاکستان کو مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکہ فقط یہ چاہے گا کہ پاکستان اپنی افغان پالیسی کو بھارتی احکام کے تابع انجام دے۔یہ پاکستان کے حکمرانوں کے لئے کڑے امتحان کا وقت ہے کہ وہ پیسہ لے کر بھارتی بالادستی کو تسلیم کر تے ہیں اور یا پھر انکار کر کے اپنے لئے مزید مشکلات کھڑی کرتے ہیں۔
انکار کی صورت میں پوری ملت پاکستان کو ایک صبر آزما دور سے گزرنا پڑے گا ، البتہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ قومیں مشکلات سے گزر کر ہی کندن بنتی ہیں۔
یہاں پر یہ بھی قابل ذکر نکتہ ہے کہ طالبان کے گوریلا کمانڈر جلال الدین حقانی کی موت کی خبر گزشتہ پانچ سالوں میں کئی مرتبہ چلائی گئی ہے لیکن اس مرتبہ امریکی وزیرخارجہ کے دورہ پاکستان سے صرف ایک دن پہلے افغا ن طالبان کی طرف سے حقانی کی ہلاکت کا باضابطہ اعلان بھی کسی اہم راز کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے۔
المختصر یہ کہ امریکی وزیر خارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور امریکہ دونوں کے لئے ایک کڑوا گھونٹ ہے،اس گھونٹ کے بعد اس کے نتائج ناقابلِ یقین حد تک مثبت یا منفی ہو سکتے ہیں۔
امکان ہے کہ اس مرتبہ پیسہ پھینکو اور تماشا دیکھو کا منصوبہ زیادہ کارگر ثابت نہیں ہوگا۔
تحریر۔۔۔نذر حافی
This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.
وحدت نیوز (تہران) عالمی اہل بیت ؑ اسمبلی کے زیر اہتمام دوسرے بین الاقوامی عالمی یوم القدس کارٹون فیسٹول کاشاندار افتتاح تہران کے مقامی ہال میں کردیا گیا۔اس انتہائی پر وقار تقریب میں اہم ملکی اور غیر ملکی شخصیات سمیت بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رضوان اللہ علیہ کی صاحبزادی نے خاص طور پر شرکت کی۔ اس فیسٹول کی افتتاحی تقریب کے مہمانان خصوصی میںمرکزی سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی شامل تھے۔سیکرٹری جنرل عالمی اھل بیت اسمبلی آیت اللہ محمد حسن اختری نےتقریب رونمائی مین بین الاقوامی شخصیات کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے کامیاب انعقاد پر اسمبلی ممبران کی کاوشوں کو سراہا نیز مہمانوں کے شکریہ کے ساتھ ساتھ اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ عالمی اہل بیت ؑ اسمبلی کے پلیٹ فارم سے جس طرح ہمیشہ مسلمانوں کی رہنمائی کے لئے اچھے اور معیاری پروگراموں میں مسلمانوں کی باہمی ہم آہنگی اورثقافتی ضروریات کا اہتمام کیا جاتا رہاہے اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔عالمی اھل بیت اسمبلی کی جانب سے منعقدہ اس تقریب میں سرکردہ افراد کو اسناد اور ا انعامات سے نوازا گیا آخر میں کارٹون نمائش کا باقاعدہ افتتاح ہوا جس میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) حجاب اسلام کے شعائراور مسلمان خاتون کی پہنچان ہے ، ایک باوقار مسلمان خاتون کے لئے حجاب عزت افزائی اور تحفظ کا ذریعہ ہے،دشمنان اسلام اس زمانے میں غیرت مند مسلم خواتین کے حجاب سے خوفزدہ ہیں ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرانقوی نے عالمی یوم حجاب کے موقع پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ عالمی استعماری قوتیں حجاب اسلامی کے خلاف دنیا بھر میں مہم چلا کراسلام کو محدود کرنے کے درپہ ہیںلیکن حقیقت یہ ہے کہ جب ایک خاتون باحجاب ہوکر گھر سے نکلتی ہے تو جہاںیہ حجاب اس کی عفت اور عزت افزائی کا سبب بنتا ہے وہیں تبلیغ دین کا بھی باعث ہوتا ہے ، حجاب خواتین میں جاذبیت کا ذریعہ بھی بنتا ہےلہذٰا اسی وجہ سے آج بعض یورپین ممالک کے اندر حجاب پر پابندی لگانے کی کوشش کی گئی،آزادی اظہار رائے، انسانی حقوق اور حقوق کے نسواں کے علمبردار بننے والے ممالک کی جانب سے حجاب کے خلاف اقدامات بھی دراصل انسانی حقوق کے قدغن کے مترادف ہیں، حجاب کرنا بھی بنیادی انسانی آزادی کے زمرےمیں آتا ہے ، جس طرح دنیا بھر میں ہر مذہب کے پیروکاروں کو انکے مذہب اور عقیدے کے مطابق زندگی گذارنے اور لباس زیب تن کرنے کی اجازت ہے بلکل اسی طرح مسلم خواتین چاہے وہ جس مملکت میں بھی رہائش پزیر ہوں انہیںتعلیمات اسلامی کے مطابق حجاب کرنے کی مکمل آزادی ہونے چاہئے۔
انہو ں نے مزید کہاکہ آج عالمی حجاب کی مناسبت سے میں پاکستان اور دنیا بھر میں موجود مسلمان خواتین سے یہ گذارش کرتی ہوں کے وہ اس اسلامی شعائر پر عمل کرتے ہوئے اپنے آپ کو حجاب جیسی نعمت سے مذین کریں کہ جس میں ان کا وقار بھی ہے عزت بھی اور تحفظ بھی ہے ۔
وحدت نیوز (لاہور) امام بارگاہ حسینیہ چمڑہ منڈی میںمجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور کی جانب سے عزاداری و مصالحتی کونسل کی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس میں لاہور کےمختلف علاقوں سے کثیر تعداد میں عزاداروں اور ماتمی انجمن کے سالاروں نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حر عابدی نے غیبت امام زماںعج میں مومنین کو ان کی ذمہ داریوں سے متعلق آگاہ کیا ۔جبکہ سینئر ایڈووکیٹ سیدماجد کاظمی نےکانفرنس کے شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے عزاداری کونسل اور مصالحتی کونسل کی اہمیت و افادیت پر زور دیتے ہوئےکہا کہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ، اور عزاداری اور مصالحتی کونسل کی مدد سے عزاداری کی راہ میں حائل مشکلات کا حل نکالا جا سکتا ہے ۔کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم صوبائی کابینہ کے ارکان رانا ماجد، حسین زیدی اور علمدار زیدی نے شرکت کی جبکہ کانفرنس کے اختتام پر سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم ضلع لاہورمولانا سیدحسن رضاہمدانی نے دعائے امام زمانہ کرائی۔