وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مرکزی میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہاہے کہ وزیر مملکت برائے داخلہ کی ہدایات کے باوجود تفتان بارڈر پر اب تک کوئی سہولت فراہم نہیں کی جاسکی ہیں،حکومت تفتان بارڈر پر پھنسے زائرین کو فوری نکالنے کے احکامات جاری کرے،تفتان بارڈر پر ہزاروں مرد خواتین بچے کھلے آسمان تلے کئی دنوں سے محصور ہیں،سرد موسم اور بنیادی طبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے تین زائرین جان بحق ہوچکےہیں،صورتحال تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے اگر فوری انتظام نہ کیا گیا تو وبائی امراض کے پھیلنے اور مزید اموات کا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام زیارات کیلئے جانے والے سینکڑوں کی تعداد میں زائرین تفتان بارڈر پر ابھی بھی پھنسے ہوئے ہیں ان کو کوئی پرسان حال نہیں جبکہ گزشتہ ماہ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کے واضع احکامات کے باوجود اب تک انتظامیہ زائرین کو سہولت پہنچانے میں ناکام رہی ہے ۔علامہ راجہ ناصرعباس نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ محرم الحرام میں پاسپورٹ کے اجراء اور زائرین کیلئے تفتان بارڈر پر ہنگامی بنیادوں پر سہولت کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
وحدت نیوز(ملتان ) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام زیارت اربعین کے لیے جانے والے زائرین کو تفتان بارڈرپر درپیش مشکلات، زائرین کی شہادتوں کے خلاف آج سہہ پہر 4بجے نواں شہر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، ملتان سے جاری بیان کے مطابق ایم ڈبلیو ایم ملتان کے سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی نے کہا کہ وفاقی حکومت اور بلوچستان کی صوبائی حکومت زائرین کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، تفتان جیسے صحرا میں موسم کی شدت کی وجہ سے 3افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، تفتان میں میڈیکل ، رہائش اور پانی کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے عوام مختلف بیماریوں کا شکارہورہی ہے، نئی حکومت نے زائرین کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم ابھی تک کو خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے، مجلس وحدت مسلمین زائرین کے ساتھ روا رکھے جانے والے اس سلوک کی شدید مذمت کرتی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے اس طرف توجہ نہ دی تو ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم اپنے حقوق اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے چاہے اُس کا تعلق کسی بھی جماعت سے کیوں نہ ہو۔
وحدت نیوز(کراچی ) ملک میں حسینی ثقافت کو اجاگر کیا جاتا تو آج ملک میں دہشتگردی نہ ہوتی،عالمی استعماری قوتیں ملک میں عدم استحکام پھیلانا چاہتی ہیں،کشمیر ،فلسطین ، اور یمن میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندھ کی جانب سے سیاسی و مذہبی جماعتوں ،صحافی برادری و دیگر کیلئے کراچی کیتھولک کلب میں نیاز حلیم کی تقریب سے خطاب میں کیا ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک عالمی استعماری قوتوں کے ایماں پر اپنے ہی مسلمان بھائیوں کی خونریزی کررہے ہیں اور یہ آگ اب عرب ممالک سے برھتی ہوئی مملکت خداد پاکستان تک آپہنچی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی استعماری ایجنڈے کووطن عزیز میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے انشاءاللہ شیعہ و سنی مل کر ملک میں موجود تکفیری دہشتگردوں کو شکست دیں گے۔
نیاز حلیم میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءوقار مہدی ، راشد ربانی ،فرید انصاری ،سلیم سچوانی ،پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی محمد علی عزیز ،جمال صدیقی ،کاشف علی،سید امیر حسین،پاکستان عوامی تحریک کے ظفر اقبال قادری ، صدر کراچی پریس کلب احمد ملک ،مذہبی اسکالرمولانامنظر الحق تھانوی،علامہ سجاد شبیر،مقدس کاظمی سجادہ نشین بری امام ،مرزا یو سف حسین ،ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی، علی حسین نقوی،علامہ صادق جعفری،علامہ مبشر حسن ،ناصر حسینی سمیت دیگر سماجی شخصیات ،مساجد و امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز،ماتمی انجمنوں ، اسکاوٹس گروپس،پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان موجود تھے۔دریں اثناءمجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے نیاز حلیم میں شرکت کرنے والی تمام سیاسی و مذہبی شخصیات سمیت میڈیا نمائندگان کے شکر یہ ادا کیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) قومی دولت لوٹنے والوں کے احتساب سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ملک قوم کے خائن آل شریف کی گرفتاریاں عوامی امنگوں کے عین مطابق ہیں غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا بلا تفریق احتساب ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا ۔
انہوں نےکہ ہر سیاسی جماعت اپنے منشور اور اعلانات میں کرپشن کے خلاف بات کرتی نظر آتی ہے مگر جب بھی ان کے خلاف کوئی احتسابی کاروائی کی جاتی ہے تو اسے انتقامی کاروائی قرار دے کراسےجمہوریت کے خلاف سازش کا راگ الاپنا شروع کرتے ہیں، گزشتہ ادوار کی لوٹ مار نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے مہنگائی ،بے روزگاری اور ٹیکسوں کی بھر مار نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے ۔عوام کی نئی حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔عام عوام کو ریلیف دینے میں موجودہ حکومت کامیاب نہ ہوئی تو عوامی ردعمل کا سامنا کرنے کے لئے حکومت تیار رہے،حکمران اپنے کئے وعدوں کی تکمیل میں کوتاہی برتنے سے گریز کریں ورنہ ان کا حال ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے زیادہ بھیانک ہوگا۔
وحدت نیوز(مشہد مقدس) دفتر مجلس وحدت مسلمین مشہد مقدس میں امام علی زین العابدین علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا ۔مجلس عزا کی ابتداء تلاوت کلام مجید سے کی گئی جس کی سعادت قاری محمد جواد رضا نے حاصل کی پروگرام کے پہلے خطیب مولانا محمد اختر نے فضائل و مصائب محمد و آل محمد علیہم سلام بیان کیے۔پروگرام کے دوسرے خطیب حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا ظہیر عباس مدنی صاحب نے امام زین العابدین علیہ السلام کی سیرت طیبہ پر اپنے مخصوص انداز میں خطاب فرمایا۔پروگرام میں علمائے کرام اور طلباۓ عظام نے بھرپور شرکت فرمائی۔پروگرام سے پہلے برادر مولانا محمد سلیم محمدی صاحب کے بھائی خواجہ اکمل حسین اور برادر علی عمران کے والد محمد عباس کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید علی احمر زیدی نے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محکمے کی جانب سے زائرین کے پاسپورٹ کے اجراء میں غیر ضروری تاخیر پر کڑی تنقید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ محکمہ سارا سال طے شدہ تاریخ کے مطابق پاسپورٹ جاری کرتا ہے لیکن محرم کے ایام میں دانستہ طور پر تاخیری حربے اختیار کیے جاتے ہیں تاکہ زائرین کو پریشان کیا جا سکے۔متعلقہ افسران کا یہ رویہ ناصرف پیشہ وارانہ بددیانتی ہے بلکہ ملک میں مسلکی منافرت کو ہوا دینے کی بھی مذموم کوشش ہے۔اس طرح کے غیرمنصفانہ اور متعصبانہ اقدامات ناقابل برداشت ہیں جن پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔
انہوں نے کہا ایک جانب پہلے ہی زائرین کو تفتان بارڈر پر آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہاں ہفتوں کھلے آسمان تلے قیام، بھوک وپیاس، طبی سہولیات کا فقدان جیسے مسائل کیا کم تھے جواب دوسری جانب زائرین کو امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے عملے کے بھی نارواسلوک کا سامنا کرنا پڑرہاہے ، انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی سے مطالبہ کیاہے کہ ادارے میں موجود ایسے متعصب افسران کی انکوائری کی جائے جو زائرین کو پاسپورٹ کے بروقت اجرا ءکی راہ میں رکاوٹ ہیں،پاسپورٹ کے اجراءمیں بلاجواز تاخیر ہزاروں زائرین کے چہلم امام حسین ؑ پر کربلا روانگی میں رکاوٹ کا سبب بنی ہوئی ہے ، وزارت داخلہ ان امور کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے زائرین کو پاسپورٹ کی بروقت فراہمی یقینی بنائے۔