وحدت نیوز(ہالا) مجلس وحدت مسلمین ضلع مٹیاری کے تحت لکی ہال ہالا میں تحفظ عزاداری وپیام کربلا کانفرنس منعقد کی گئی جس میں بانیان مجالس، امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز،اورماتمی انجمنوں کے سالاروں نے شرکت کی ،کانفرنس کے مہمان خصوصی مرکزی سیکریٹری امور تنظیم سازی سید مہدی عابدی تھے، جبکہ دیگر مقررین میں صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ دوست علی سعیدی، صوبائی سیکریٹری امور تربیت علامہ محمد نقی حیدری، صوبائی سیکریٹری امور تنظیم سازی آغامنور جعفری، ضلعی سیکریٹری جنرل علامہ اخترحسین قمی ، علامہ اعجاز حسین شریعتی اور مولانا زوہیب علی ارباب شامل تھے، مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ عزاداری سید الشہداءچودہ سو برس سے حق وباطل میں تفریق کا زریعہ ہے ،یہ عزاداری وقت کے ظالم ترین اموی اور عباسی حکمرانوں کی طاقت سے ختم نہ ہوئی تو آج کے حکمران تو ان کے بچونگڑے ہیں ۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس نے کوئٹہ میں مسافر بس میں شناخت کرکے شیعہ ہزارہ خواتین کو قتل کرنے اور حسین آباد واہ کینٹ میں دو عزاداروں کے بہیمانہ قتل کی پرزورالفاظ میں مذمت کی ہے، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز پر ہی کوئٹہ اور واہ کینٹ میں اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ امن وامان کو ثبوتاژکرنے اور فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دینے کی مذموم سازش ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوتی ہے  ، کوئٹہ میں بے گناہ خواتین کو بے دردی سے شناخت کرکے قتل کرنا بزدلی کی بڑی مثال ہے، حکمران اور سکیورٹی ادارے حالات کو مزید خراب ہونے سے بچانے کیلئے کالعدم جماعتوں کے دہشت گردوں کے خلاف فوری ٹھوس اور موثرکاروائی عمل میں لائیں ، علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے تحت کوئٹہ اور واہ کینٹ میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف خراسان تا نمائش چورنگی تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں عزاداروں کی بڑی نے شرکت کی اور دہشت گردوں اور نا اہل حکمرانوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ باقر زیدی نے کہا ہے کہ ہم ملکی سالمیت کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں، بھارت نے حملے کی غلطی کی تو اسے پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ملے گا، بھارت کنٹرول لائن پر فائرنگ جیسے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹا نہیں سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کراچی پریس کلب پر منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں جمعیت علماء پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری اسلم غوری، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما محمد حسین محنتی، یونس بارائی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قاضی محمد بشیر، پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سردار عزیز، آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری، پاکستان عوامی تحریک کراچی کے نائب صدر قیصر اقبال قادری، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک علامہ مرزا یوسف حسین، جعفریہ الائنس کے سیکرٹری جنرل اور مرکزی تنظیم عزا کے صدر سلمان مجتبیٰ نقوی، آئی ایس او کے رہنما علی عباس، فلسطین فاؤنڈیشن کے صابر ابومریم، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما میثم عابدی، انجینئر رضا نقوی، احسن عباس رضوی، علامہ احسان دانش، آصف صفوی، حسنین حیدری سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور کسی بھی ممکنہ جنگ کی صورت میں پاکستان کے بیس کروڑ عوام بھارت کے لئے بیس کروڑ ایٹم بم ثابت ہوں گے۔

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج بھارت کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور دشمن کو واصل جہنم کر رہی ہے، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان کا بچہ بچہ پاکستان کی بقاء کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والی ہر آنکھ کو نکال پھینکیں گے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ پاکستان بنایا تھا اور ہم پاکستان کا دفاع کرنا بھی جانتے ہیں، مادر وطن کے دفاع کیلئے اندرونی اختلافات کو ایک طرف رکھنا ہوگا، حکومت فوری طور پر تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کا اجلاس بلائے، بھارت کی بار بار کی گیدڑ بھبھکیاں غیرت مند پاکستانیوں کے لئے ناقابل برداشت ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوانوں کی شہادت بھارتی دہشتگردی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بھارت جنگی جنون کو ہوا دے کر خطے کے امن کو داو پر نہ لگائے، مسلح افواج غیر ملکی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں جب کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیرمیں مظالم سے توجہ ہٹا نہیں سکتا ہے، کشمیریوں کی تحریک آزادی کامیاب ہوکر رہے گی، وطن عزیز کے دفاع کے لئے عوام اور مسلح افواج یک جان ہیں۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی ان شاء اللہ قریب ہے اور اب ہندوستان کو ٹکڑے ٹکڑے ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا، بھارت کی پریشانی پاک چائنہ اکنامک کوریڈور منصوبہ ہے، جسے ناکام بنانے کے لئے وہ اپنے مکروہ فعل سرانجام دے رہا ہے، ان شاء اللہ اقتصادی راہ داری ہماری شہ رگ ہے، اس کی تکمیل کے لئے ہر قسم کی قربانی کے لئے قوم تیار ہیں اور بھارت سمیت اس میگا منصوبے کے دشمن ناکام رہیں گے، وزارت عظمٰی کے منصب نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے سر کو چکرا کر رکھ دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کے بیانات اور اقدامات سیاسی عقل و شعور سے عاری ہوتے ہیں، بھارت میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات ان شرپسندوں او سازشی عناصر کی کارستانی ہے جو خطے میں امن کا قیام نہیں چاہتے۔ ہندوستان میں کسی بھی شر پسندی کے واقعہ کے فوراً بعد بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر فوری الزام لگایا جانا سفارتی اصولوں کے خلاف اور بھارت کے حکمرانوں کی پاکستان دشمن ذہنیت کو آشکار کرتا ہے۔

آل پارٹیز کانفرنس میں پیش کی گئی قراردادیں:
* ہم ملکی سالمیت کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں، بھارت نے حملے کی غلطی کی تو اسے پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔
* وفاقی حکومت بھارتی جارحیت اور کشیر میں مظالم کے خلاف دو ٹوک اور واضح موقف اختیار کرتے ہوئے پاکستان کا مقدمہ عالمی برداری کے سامنے پیش کرے۔
* پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وفاقی حکومت بھی بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کا ساتھ دے۔
* تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں بھارتی جنگی جنون اور کشمیر ایشو پر ایک موقف رکھتے ہیں کہ پاکستان حکومت بھارتی حکومت کو سخت جواب دے۔
* بھارت کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات کو منقطع کیا جائے اور پاکستان کے ٹی وی چینلز پر بھارتی پروگراموں پر پابندی عائد کی جائے۔

 کراچی پریس کلب میں

وحدت نیوز(کراچی) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام بالخصوص یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک امن و امان کو برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، لہذا انہوں نے مختلف مکتب فکر کے علماء کے ساتھ اجلاس بھی منعقد کئے ہیں تاکہ مذہبی اسکالرز اور حکومت کی باہمی مشاورت سے تیار کیے گئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہل تشیع علماء کرام کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈاکٹر قیوم سومرو، آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جیز، ڈاکٹر ثناء ﷲ، سیکریٹری داخلہ ریاض سومرو، مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی صوبائی پولیٹیکل سیکریٹری  علی حسین نقوی، علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ جعفر سبحانی، شبر رضا، جعفر ترابی و دیگر نے شرکت کی۔ علماء کرام نے چند مسائل کی نشاندہی کی جن میں طویل لوڈشیڈنگ، سڑکوں کی خستہ حالت، پانی کی کمی اور ابلتے ہوئے گٹر، نئے جلوسوں کے لئے این او سیز اور چند علماء اور ذاکرین کے فورتھ شیڈول سے نام نکالنا شامل تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ واٹر بورڈ کے ساتھ اجلاس منعقد کریں اور مجالس عزا والے علاقوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور گٹر سسٹم کی مرمت کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس محرم الحرام کے دوران نئے ماتمی جلوسوں کے لئے اجازت نہیں دی جاسکتی مگر اگلے محرم الحرام سے انہیں شامل کر لیا جائیگا، مجالس اور جلوسوں کو سیکیورٹی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، لہذا نئے جلوسوں کو محرم الحرام کے دوران نہیں لیا جاسکتا، اگلے محرم الحرام میں اپنے سیکیورٹی پلان میں انہیں ایڈجسٹ کرینگے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سے متعلق کہا کہ ٹیپ ریکارڈر پر ریکارڈ کی گئی تقریروں کو چلانے کی اجازت نہیں ہے لہذا اس سے گریز کیا جائے۔

وحدت نیوز(کراچی) آل پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام ماہ محرم الحرام کی آمد کی مناسبت سے ’’تقدس محرم الحرام اور کشمیر میں بھارت کی ریاستی جارحیت‘‘ کے عنوان سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری کی زیر صدارت کراچی پریس کلب میں کیا گیا، کانفرنس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق مشیر حکومت سندھ پرویز آرائیں، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما اسد اللہ بھٹو، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا باقر زیدی، علامہ مقصود علی ڈومکی، متحدہ علماء محاذ کے صدر علامہ امین انصاری، معروف عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنما صابر ابو مریم، پاکستان امن کونسل کے علامہ طارق محمود مدنی، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما اسلم غوری، مرکزی اہلحدیث کے رہنما مولانا مرتضیٰ خان رحمانی، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے انور شاہ کشمیری، آل سندھ ذاکر ایسوسی ایشن کے علامہ سجاد شبیر رضوی، علامہ علی کرار نقوی، تنظیم الاخوان کے لئیق احمد خان، معروف عالم دین منظر الحق تھانوی، جمعیت علمائے اسلام (س) کے علامہ حافظ احمد علی، اسلامی یکجہتی کونسل کے سربراہ محمد اسلم شاہ فریدی، پنجابی پختون اتحاد کے رہنما ملک یاسر سکندر اعوان، علامہ عبد الخالق فریدی، ملک حمید اعوان، علامہ عبداللہ جونا گڑھی، انیس احمد خان، علامہ یعقوب حسین شاہ، سید سجاد حسین شاہ، قاضی محمد طارق، آصف حسین اعوان، محمد شاہ بخاری، محمد حمزہ درانی اور دیگر نے شرکت کی۔

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ماہ محرم الحرام ہمیں اتحاد و اخوت اور ظالم قوتوں سے ڈٹ کر مقابلہ کا درس دیتا ہے، پاکستان میں تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ باہم وحدت اور یکجہتی کے ساتھ ماہ محرم الحرام میں مراسم عزاداری کو انجام دیتے ہیں، تاہم غیر ملکی قوتوں کی ایماء پر دہشتگرد گروہوں کی جانب سے عزاداری اور ربیع الاول کے جلوسوں اور مجالس کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ان دہشتگرد گروہوں اور قوتوں کا قلع قمع کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ تمام علمائے کرام اور مشائخ کی ذمہ داری ہے کہ وہ محرم الحرام میں وحدت اور یکجہتی کو فروغ دیتے ہوئے امام حسینؑ عالی مقام کے پیغام کو زندہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، اور ملت پاکستان کو امام حسینؑ عالی مقام کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ظالم اور فاسق قوتوں اور وقت کے یزیدوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننے کا درس دیں، تاکہ مقصد حسینی لوگوں میں زندہ ہو سکے۔ مقررین نے کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ مشرقی تیمور اور سوڈان کی تقسیم کے لئے تو فی الفور ریفرنڈم کروا کر مغربی آقاؤں کے ایجنڈے کی تکمیل کرتی ہے البتہ کشمیر اور فلسطین میں چلنے والی آزادی کی تحریکوں پر اقوام متحدہ کا کردار مجرمانہ ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

مقررین نے حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے علماء و مشائخ بھارت کی جانب سے ہونے والی کسم بھی قسم کی بزدلانہ کارروائی اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور وطن عزیز کا دفاع کرنے کے لئے ہر اول دستہ ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر مشترکہ رائے سے اقوام متحدہ کے خلاف مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ فلسطین و کشمیر کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مثبت کردار ادا کرے۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں بلاتفریق دہشتگرد گروہوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، تاکہ محرم الحرام سے ربیع الاول تک مذہبی رسومات اور مراسم عزادار ی سمیت دیگر اجتماعات کا امن و امان کے ساتھ انعقاد یقینی بنایا جائے۔ رہنماؤں نے دہشت گردی کو ملک و قوم کے لئے ناسور قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے علماء و مشائخ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمہ سمیت محرم الحرام میں امن و امان کے قیام سمیت فلسطین و کشمیر کے مظلومین کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

وحدت نیوز (پاراچنار) اسلام کی عظمت پر حسینؑ جیسی ہستی کی قربانی ہی اسلام کی بقا کا سبب بنی، چنانچہ پاکستان سمیت عالم اسلام میں کہیں بھی نواسہ رسولؐ کا غم منانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے، بلکہ مسلمانوں کا فریضہ ہے کہ وہ ملکر کربلا کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلائے۔ خصوصی وطن عزیز کے مسلمانوں کو چاہئے کہ اتحاد بین المسلمین کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو یہ پیغام دیں کہ کسی بھی جارحیت کی شکل میں پاکستان کے مسلمان حسینی جذبے کیساتھ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقبال بہشتی نے پاڑاچنار پریس کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں نے محرم الحرام کے موقع پر اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان کی طرف کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو حسینی جذبے کے تحت فورسز کے شانہ بشانہ ملک کا دفاع کرینگے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ نواسہ رسول ؐکے ماتمی مجالس کے پرامن انعقاد میں ملک دشمن عناصر کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں۔

پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ محمد اقبال بہشتی، کرم ایجنسی کے رہنما شبیر ساجدی ، علامہ مزمل حسین ، خطیب مرکزی امام بارگاہ علامہ نجف علی، تحریک حسینی کے نائب صدر صوبیدار سید حبیب حسین، علمائے اہلبیت کے رہنما علامہ احمد علی روحانی، علامہ ذوالفقار علی اور دیگر علماء نے کہا کہ جس طرح نواسہ رسول ص حضرت امام حسین نے باطل کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا اور جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پاکستان کو بھارت سمیت کسی نے بھی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات کی تو حسینی مشن کے تحت فورسز کے شانہ بشانہ ہر محاذ پر لڑ کر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

علماء نے کہا کہ میدان کربلا میں امام عالی مقام کی عظیم قربانی کی یاد میں ہونے والے ماتمی مجالس کے پر امن انعقاد کیلئے تمام مسلمان اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائیں اور حکومت بہتر سیکورٹی انتظامات کرکے دھشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree