وحدت نیوز(کراچی) ڈی آئی خان میں جاری شیعہ نسل کشی اور معروف بزرگ عالم دین علامہ حیدر علی جوادی کے فرزند علامہ حسن جوادی کی بلاجواز گرفتاری اور ان پر بہیمانہ تشدد کے سبب ان کی شہادت کے خلاف سند بھر میں نماز عید الاضحٰی کے موقع پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا جائے گا ، اس بات کا اعلان مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے وحدت ہائوس کراچی سے میڈیا کو جاری بیان میں کیا، انہوں نے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین سندھ ،اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان اوراصغریہ اسٹوڈنٹس پاکستان شہید علامہ محمد حسن جوادی کی المناک شہادت پر صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے 19 اگست بروز اتوار مختلف مقامات پر پریس کانفرنسز منعقد ہوں گی۔ان پریس کانفرنسز میں علمائے کرام تنظیمی اکابرین مجلس وحدت مسلمین اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان اے ایس او پی مدارس علمیہ کے ذمہ داران و دیگر ملی تنظیموں کے نمائندے شریک ہوں گے،علامہ مقصودڈومکی نے اعلا ن کیاکہ علامہ علی بخش سجادی سکھر پریس کلب میں علمائےکرام ، ایم ڈبلیوایم اور اصغریہ آرگنائزیشن کے رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے،جیکب آباد پریس کلب میں علامہ مقصودڈومکی ایم ڈبلیوایم اور اصغریہ آرگنائزیشن کے رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے، جبکہ کراچی اور حیدرآباد کے شیڈول کا بھی جلد اعلان کردیا جائے گا، انہوں نے کہاکہ ملت کے تمام ذمہ داران اس ظلم کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) عمران خان عوام کی امیدوں کا مرکز ہیں ،حکومت کے مثبت کاموں پر ان کی بھرپورحمایت و مدد کریں گے، وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر عمران خان اور تحریک انصاف کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، عمران خان کی جدوجہدپاکستانی سیاسی تاریخ کا حصہ بن چکی ہے، ہم حقیقی تبدیلی کی فضا کو محسوس کررہے ہیں ،ایوان صدرکی جانب سے خصوصی دعوت پر سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی عمران خان کی بطور وزیراعظم حلف برداری تقریب میں شرکت جہاں انہوں نے اہم سیاسی و سماجی رہنماوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں سے ملاقات میں کہا کہ عمران خان عوام کی امیدوں کا مرکز ہیں، امید کرتے ہیں وزیر اعظم عمران خان عوام سے کئے اپنے وعدوں کو پورا کریں گے ۔ حکومت کے لئے غربت ، دہشتگردی انتہاپسندی ، اقتصادی بحران ،تعلیم و صحت سمیت ملکی وقار کی بحالی اہم چیلنجز ہیں سماجی انصاف کی فوری فراہمی اور قانون کی بلادستی کو قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ہونے کے ناطے جہاں حکومت کے مثبت کاموں پر ان کی بھرپورحمایت و مدد کرے گی وہاں خامیوں اور غلطیوں کی نشاندہی کرنا بھی ضروری سمجھتی ہے جو جماعتیں بھی عدالت اور پارلیمنٹ کے علاوہ کسی اور پلیٹ فارم پر حکومت کے خلاف احتجاج کرنا چاہتی ہیں پہلے وہ قانونی و آئینی طریقے سے اپنی شکایات کو حل کرنے کی کوشش کریں اگر وہاں سے ان کی شنوائی نہیں ہوتی تو ان کے لئے عوامی جدوجہد کارستہ کھلا ہو ا ہے،اپوزیشن کا رویہ غیر جمہوری غیر اخلاقی اور غیر قانونی نہیں ہونا چاہیئے،پاکستان کی سلامتی و بقا کے لئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی اور ان کی اہلیہ پر ہونیوالے قاتلانہ حملے کو ڈیڑھ سال کا عرصہ مکمل ، قانون نافذ کرنے والے ادارے تا حال مجرمان کا سراغ لگانے میں ناکام، حکومتی عدم توجہی ، کیس تا حال منطقی انجام کا منتظر ، علامہ تصور نقوی او ان کی اہلیہ پر فروری 2017ء کو قاتلانہ حملے ہوا، جس میں وہ شدید زخمی ہوئے ، زندگی و موت کی کشمکش میں رہے ، قانون نافذ کرنے والے ادارے طرح طرح کے حیلے بہانوں سے ٹرخاتے رہے، جبکہ حکومت کی جانب سے بھی بے حسی کا بے مثال مظاہرہ کیا گیا ، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید طالب حسین ہمدانی نے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کیا ۔
اجلاس میں ریاستی کابینہ کے تمام اراکین سمیت ضلع مظفرآباد کے سیکرٹری جنرل سید غفران علی کاظمی ، ضلع نیلم کے سیکرٹری جنرل مولانا سید فضائل حسین نقوی اور ضلع جہلم ویلی سے سید عاطف حسین ہمدانی شریک ہوئے۔ مولانا طالب حسین ہمدانی نے کہا کہ ملت جعفریہ میں مجرمان کی عدم گرفتاری اور حکومتی و انتظامی بے حسی پر شدید ترین غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ مجرمان کا پکڑے جانا ریاستی امن ، بقا ء، وحدت و بھائی چارے کے لیے ضروری ہے۔ یہ علامہ تصور نقوی کی ذات کا مسئلہ نہیں بلکہ ریاستی امن کا مسئلہ ہے۔ اس طرح تو کل کوئی بھی فرد محفوظ نہیں ،، اتنی بڑی دہشت گردی کرنے والوں کا آزاد رہنا ان کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔ کیا ہم اپنے حق کے لیے پھر سڑکوں پر نکلیں ؟ کہیں یہ عمل ہمارے غم و غصے کو ہوا دینے کی سازش تو نہیں ۔اجلاس میں شریک جملہ عہدیداران نے مشترکہ مؤقف اپناتے ہوئے واضح کیا کہ ہمیں راست اقدام کے لیے مجبور نہ کیا جائے۔اس کیس کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے ، بصورت دیگر ہمارے پاس تمام آپشن کھلے ہیں۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل پر ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل امجد شعیب کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام پر لگائے گئے سنگین الزامات اور توہین کے خلاف غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آرمی میں جگہ ملنے والے ایسے افرادپاکستان آرمی کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ ان جیسوں نے ملکی سالمیت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ وطن عزیز پاکستان کے مختلف اداروں میں ایسی کالی بھیڑیںاب بھی موجود ہیں جنکی وجہ سے ملک دہشتگردوں کے چنگل میں ہے اور بیرونی ممالک بلخصوص امریکی ظالمانہ پالیسوں میں جکڑا ہوا ہے۔ آزادی کے بعد سے اب تک پاکستان کی سرزمین اس ملک کے پچاسی ہزار بے گناہ عوام و سکیورٹی اداروں کے شہداء کے خون سے رنگین ہوئی ہے اس میں ایسے احمق یا سازشی افراد کا کارنامہ ہے۔ موجودہ خودساختہ دانشور کی گفتگو سے واضح ہو رہا ہے کہ وہ اس ضیا ء مائنڈ سیٹ کا پیروکار ہے جنکی عاقبت نااندیشی اور غیروں کے آلہ کار بننے کے سبب طالبان جیسی ملک دشمن جماعت بنی اور ملک بحرانوں میں داخل ہوا۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ اس ناعاقبت اندیش ضیاء الحق کے فرزند کے خلاف فوری طور آئی ایس پی آر ایکشن لے اور تمام چینلز پر پابندی عائد کرانے کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے عوام سے معافی دلائیں۔ ان کے سبب ملک کے حساس ترین سرحدی علاقے میں جہاں کے سپوت نے ہمیشہ دشمنوں کے سامنے سینہ سپر ہو کر جنگ لڑ ی ہے بحران پیدا ہورہا ہے اور منفی طاقتوں کو جگہ مل رہی ہے۔ جبکہ یہاں کے جوانوں نے ہی پاکستان آرمی کا نام روشن کیا اور کرگل جنگ سے لے کر دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشنز میں جانیں دیں ان سب شہداء کے خون اور غازیوں کے توہین کے مرتکب اس نام نہاد فکر کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ ہم سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں لیکن دشمن کے آلہ کار ہونے کا الزام ناقابل برداشت ہے۔اس خود ساختہ تجزیہ کار کو شاید معلوم نہیں کہ پورے ملک میں آزادی سیاسی جدوجہد کے بعد حاصل کی تھی جبکہ گلگت بلتستان واحد خطہ ہے جہاں کے عوام نے ڈگرہ فوج کے خلاف مسلح جدوجہد کر کے آزادی حاصل کی تھی اور اس آزادی میں ہمارے اسلاف نے جانیں دیں ہیں۔ معرکہ کرگل میں انڈیا کے قلب دراس کی پہاڑی چوٹیوں پر سبز ہلالی پرچم لہرایا ہے تو بلتی سربازوں نے لہرایا ہے۔ کتنی دکھ کی بات ہے کہ پاکستان آرمی جیسے اہم ادارے میں زندگی گزارنے والا شخص شاید بیرونی اشارے پر نمک حرامی کا مرتکب ہواہے اور اس بلتی قوم پر الزام لگاتا ہے جنہون نے کبھی ریاستی اداروں پر حملہ نہیں کیا۔
انہوں نے مزیدکہاکہ جی ایچ کیو، مہران ائیر بیس، مناوا پولیس ٹریننگ سنٹر ، آرمی پبلک سکول سمیت ریاست کے دیگر حساس مقامات اور اثاثوں پر سینکڑوں حملے میں ملوث افراد بلتی ہے نہ طالبان بنانے والے بلتی ہیں اور نہ ہی راء کے چیف سے مل کر سستی شہرت کی خاطر کتاب لکھنے والا بلتی ہے ۔ اسی طرح گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں اسماعیلی برادری کی خدمات ہیں انکے خلاف باتیں سمجھ سے بالا تر ہیں۔ہم آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس نام نہاد جنرل کو لگام دیا جائے اور قومی توہین پر عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ملکی سالمیت کے ساتھ کھیلنے کی ہمت نہ ہو۔ ہماری پاکستان کے ساتھ وابستگی نظریاتی بنیادوں پر ہے نہ کہ خوف یا لالچ میں ۔ پورے ملک میں گلگت بلتستان کے عوام سے زیادہ کوئی محب وطن نہیں ستر سالہ محرومی کے باوجود جذبہ حب الوطنی میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن کمی نہیں ۔ اس کے باوجود ایسے الزامات وہ بھی پوری قوم پر ناقابل برداشت ہے امید ہے کہ فوری طور آئی ایس پی نہ صرف اس شخص کے حالیہ بیان سے لاتعلقی کا اظہار کریں گے بلکہ یہاں کے عوام کے جس طرح جذبات مجروح ہوئے ہیں اس کا ازالہ بھی کرائیں گے اور اس نام نہاد دانشور پر تمام ٹی چینلز پر پابندی عائد کریں گے اور گلگت بلتستان کے قوم سے معافی دلائیں گے۔
وحدت نیوز(گلگت ) بلتستان کے لوگ ملک کے بلند ترین محاذ سیاچن کے محافظ ہیں ان کی حب الوطنی کو شک کی نگاہ سے دیکھنے والوں کی اپنی حب الوطنی مشکوک ہے۔جنرل امجد شعیب نے محب وطن لوگوں پر بہتان لگاکر اپنی ملک دشمنی کوعیاں کردیا ہے۔92 چینل گلگت بلتستان کے عوام سے صحافتی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے موقف لیں بصورت دیگر امجد شعیب اور 92 چینل کے خلاف کیس دائر کیا جائیگا۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے امجد شعیب کے بیان پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کے چاروں صوبوں کے عوام سے گلگت بلتستان کے عوام ملک کے زیادہ وفادار ہیں۔گلگت بلتستان کے عوام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے ملک پاکستان کے ازلی دشمن سے یہ علاقہ بزور شمشیر آزاد کرواکر پاکستان کی جھولی میں ڈال دیا ہے اور پاکستان کے رقبے میں 28 ہزار مربع میل کا اضافہ کردیا ہے۔اکہتر سالوں سے اس خطے کے عوام بے آئین ہیں اور شرافت کے ساتھ حکمرانوں سے اپنے حقوق کا مطالبہ کرتے ہیں تو وہ امجد شعیب جیسوں کو غدار نظر آتے ہیں۔پچھلی سات دہائیوں سے اس خطے کے بہادر جوان ملک کے سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں اور آج تک گلگت بلتستان کے ایک فرد نے بھی ریاست سے بغاوت کا اظہار نہیں کیا ہے جبکہ پارلیمنٹ کے اندر محمود خان اچکزئی افغانستان سے اپنی وفاداری کا اعلان کرتے رہے جو کہ امجد شعیب کو نظر نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اٹک پل تک دعویداروں، گریٹر پختونستان اور گریٹر بلوچستان اور سندھو دیش کی تحریکیں چلانے والے امجد شعیب کو کیوں نظر نہیں آرہے ہیں۔اب بھی افغانستان میں بیٹھ کر آئینی صوبوں کے لوگ پاکستان مخالف تحریکیں چلانے والوں کے حوالے سے بولنے کی جرات کیوں نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان کے محب وطن عوام کو غدار کہنے اور گلگت بلتستان میں اسماعیلی سٹیٹ کا شوشا چھوڑ کر علاقے میں فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کرنے والے امجد شعیب کے خلاف مقدمہ چلایا جائے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی نے چئیر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو پاکستان کا 22ویں وزیر اعظم بننے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 22 سال جدو جہد کی اور اس حقیقت کو تسلیم کرنا پڑے گا کہ پاکستان کے بوسیدہ سیاسی نظام میں ایک ایسا شخص وزیر اعظم بنا جس کاکوئی سیاسی بیک گراؤنڈ نہیںتھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیر اعظم بننے کے بعد پارلیمنٹ میں پاکستانی قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کے خلاف آپریشن کلین اپ کا فیصلہ کیا ہے جو کہ خوش آئند ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان اپنے وعدوں پر عمل کریں اورپاکستانی قوم کو مقروض کرنے والوں کو این آر او دینے کی بجائے ان کا کڑا احتساب کریں ،علامہ سید مبارک موسوی کا مزید کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں عمران خان پاکستان کے داخلی و خارجی مسائل کو حل کرنے کے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں اور ایک مضبوط کابینہ اور تجربہ کار ٹیم تشکیل دیں۔