The Latest
وحدت نیوز(سکردو)صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا علی رضوی نے وفد کے ہمراہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے سکردو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کے مختلف ایشوز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر آغا علی رضوی نے گلگت بلتستان میں جاری بجلی بحران، گندم ایشو اور لینڈ ریفارم پہ تحفظات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے موقع پر ہی چیف انجینئر بلتستان کو ہدایت جاری کی کہ بجلی بحران کو جتنا جلدممکن ہو سکے فوری حل کرے، ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے بجلی بحران میں کمی لانے کے لئے محکمہ پاور کے چیف اور ایکسیئن کو یقین دلایا کہ جس قسم کے تعاون کی ضرورت ہو صوبائی حکومت تعاون کے لئے تیار ہے۔ گندم ایشو اور لینڈ ریفارمز کے حوالے سے بھی تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اس موقع پر آغا علی رضوی نے پی ڈی ایم کی جانب سے جی بی کے فنڈز روکنے اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور جی بی پولیس کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی شدید مذمت کی اور وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ جی بی کے لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور)امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیرِ اہتمام آل پارٹیز کانفرنس بعنوان "حمایتِ مظلومینِ جہاں و آزادی القدس" ادارہ موسسہ علومِ اسلامی جماران میں منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں فلسطین فاؤنڈیشن چیپٹر لاہور، مجلس علمائے شیعہ، مجلسِ وحدت مسلمین، آئی ایس او پاکستان، امامیہ آرگنائزیشن لاہور اور مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ سمیت دیگر ملی اداروں اور طلباء تنظیموں کے سربراہان و نمائندگان نے شرکت کی اور یوم القدس جیسی عالمی جہد کی اہمیت پر گفتگو کی۔
وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں اسرائیل صفحہ ہستی سے نابود ہو جائے گا اور فلسطین کے مظلوم عوام آزاد فضاوں میں سانس لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اب فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں آواز اٹھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امسال بھی عالمی یوم القدس روایتی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر تمام جماعتوں کے قائدین کی جانب سے بھی عالمی یوم القدس کو بھرپور تعاون اور جوش و جذبہ سے اجتماعی سطح پر منانے کا عزم کیا گیا۔ لاہور میں بھی مشترکہ القدس ریلی کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔
وحدت نیوز(نصیر آباد)ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قائداعظم کے پاکستان میں غاصب اسرائیل کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے ٹکڑوں پر پلنے والے خائنوں کی جانب سے غاصب اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کی تمام تر سازشیں ناکام ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع نصیر آباد کے گاؤں میر ہزار خان لہر کا دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان کا آخری جمعہ مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے مخصوص ہے۔ دنیا بھر کے عوام مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے میدان میں آئیں۔ رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے عالمی یوم القدس کا اعلان کرکے قبلہ اول بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی۔
ان شاءاللہ بیت المقدس جلد آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 75 سال سے فلسطینی عوام کے خلاف غاصب اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر کے ہر باضمیر انسان کو بولنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے اسرائیل کو ایک غاصب اور ناجائز ریاست قرار دیا تھا۔ قائداعظم کے پاکستان میں غاصب اسرائیل کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے ٹکڑوں پر پلنے والے خائنوں کی جانب سے غاصب اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کی تمام تر سازشیں ناکام ہوں گی۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے مستحق طلباء و طالبات میں ھدایا تقسیم کئے۔
وحدت نیوز(شکارپور)وحدت یوتھ ونگ ضلع لاڑکانہ کے صدر منصب علی کربلائی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ضلع شکارپورمیں آئے روز وارداتیں ہورہی ہیں چوریاں، اغوا، روز کا معمول بن چکا ہے شکارپور پولیس امن امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے ۔
انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک بھائی بہن کی لاش لیکر جارہا ہے اور خانپور روڈ پر ڈاکوؤں دن دھارے اس ایمبولینس کا راستہ روک کر لوٹ مار کرتے ہیں اس واقعے پر بہت افسوس ہوا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ شکارپور میں امن امان کی صورتحال خراب ہے اور روڈ رستے ڈاکوؤں کے حوالے ہوچکے ہیں اس نے مزید کہا کہ ہم آئی جی سندھ ڈی آئی جی لاڑکانہ سے مطالبہ کرتے ہیں واقعہ کا نوٹس لے کر ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر مولانا شیخ صادق جعفری نے بارگاہ فاطمہ انچولی میں ضلع سینٹرل کی جانب سے منعقدہ درس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک صبر و رضا اور ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے، خالق کائنات نے امت محمدی پر روزے اس لئے فرض کئے کہ وہ متقی بن جائیں، ہم نے ایک دن اللہ کے حضور اپنے ہر عمل کا جوابدہ ہونا ہے، لہذا اپنی زندگیوں کو اسلام کے حقیقی اصولوں کے مطابق ڈھالا جانا چاہیئے۔ اس موقع پر ڈویژن نائب صدر یعقوب شہباز، ضلع سینٹرل کے صدر مولانا ملک غلام عباس جعفری، مولانا حیات عباس و دیگر موجود تھے۔ علامہ صادق جعفری نے کہا کہ اسلام ہمیں دوسروں کی جان و مال کے تحفظ، ظالمین سے دوری، ذخیرہ اندوزی کی مذمت اور مظلومین کی حمایت کا درس دیتا ہے، روزہ خود کو محض بھوکا یا پیاسا رکھنے کا نام نہیں بلکہ اپنے نفس کے محاسبے اور دوسروں کے احساس کا نام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں ایسے بھی کئی خاندان ہیں جن کے بچے مدتوں سے لاپتا ہیں، ان کے اہل خانہ ہر سال سحری و افطاری کے اوقات میں ان کی کمی کو شدت سے محسوس کرتے ہیں، حکومت ان جبری گمشدہ افراد کو بازیاب کرائے، رمضان میں کی گئی اس نیکی کا اجر کئی گنا زیادہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرکے مہنگائی پر کسی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، اشیائے خوردونوش کو سستا کرکے اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ رمضان المبارک میں ایک دوسرے کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھا جائے اور اپنی عبادات میں وطن کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لئے زیادہ سے زیادہ دعا کی جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ آئین پاکستان کے تقدس کی پامالی کسی صورت قابل قبول نہیں، تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگ اس اہم قومی مسئلے پر اپنا شعوری کردار ادا کریں، آئین وقانون کی بالادستی اور تحفظ کی خاطر پوری قوم اعلیٰ عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ آئینی اصولوں کے مطابق 90 روز میں انتخابات کا انعقاد ضروری ہے، جس سے انحراف آئین پاکستان کی کھلی خلاف ورزی ہے، ریاست پاکستان کی اساس آئین ہے، اس مقدس کتاب کا تقاضا ہے کہ انتخابات وقت پر کروائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار اعلیٰ اور تمام تر اختیارات کا حقیقی مالک صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔ ریاستِ اختیارات جیسی امانت کو عوامی منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی۔ الیکشنز کے انعقاد سے راہ فرار اختیار کرنا ملکی و آئینی بنیادوں کو ہلانے کے مترادف ہے، لہذا آئین و قانون کی بالادستی کے لیے پوری قوم اعلیٰ عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے، اقتصادی طور پر اس وقت پاکستان کڑے وقت سے گزر رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی تلوار ہمارے سر پر لٹک رہی ہے، معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے قرض ملنے کی کوئی امید نہیں، اس ہیجانی کیفیت کا واحد حل بروقت اور شفاف انتخابات میں پوشیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مادر وطن کو ان مشکل حالات سے نکالنے بری طرح ناکام اور قاصر ہے، ایسی فضاء اور پالیسیاں اختیار کی جا رہی ہیں کہ ملک مزید سیاسی و معاشی بحران کے دلدل میں دھنس رہا ہے، سیاسی استحکام کے بغیر نہ تو معیشت بہتر ہو گی اور نہ ہی معاشرت، جب تک ملک سیاسی عدم استحکام میں گرا رہے گا عوامی مسائل گھمبیر تر ہوتے جائیں گے، انتشار اور مکروفریب کی سیاست سے عوام کا جمہوری اداروں اور سیاسی نظام سے اعتماد اٹھ جائے گا۔
وحدت نیوز(نواب شاہ )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع نواب شاہ کی تحصیل سکرنڈ کے گاؤں کھوسہ کا دورہ کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے تحصیل صدر اختر حسین و دیگر مقامی ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر جامع مسجد میں مومنین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ رمضان اللہ کا مہینہ ہے۔ جو ہمیں اللہ تعالیٰ کی عبادت اور بندگی کا درس دیتا ہے۔ ماہ رمضان المبارک نزول قرآن کریم کا مہینہ ہے۔ جس میں قرآن مجید کی تلاوت اور قرآن فہمی پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ روایات میں ہے کہ حضرت امام مہدی علیہ السلام کے اصحاب دن کے بہادر شیر اور رات کو راہبوں کی طرح عبادت و بندگی خدا کرنے والے ہوں گے۔
ہم نے اگر امام عصر علیہ السلام کے لشکر میں شامل ہونا ہے تو باطل قوتوں کے مقابلے میں مرد میدان بنیں اور ہماری زندگی خصوصاً راتیں عبادت الٰہی سے مزین ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور قبلہ اول امت مسلمہ کا دل ہے۔ جس پر غاصب صہیونی قبضہ ناقابلِ قبول ہے۔ فلسطینی شہریوں کو ان کے آبائی وطن سے زبردستی بے دخل کرکے غاصب صیہونیوں کو دنیا کے مختلف ممالک سے لا کر سرزمین فلسطین پر آباد کیا گیا جو بدترین ظلم ہے۔ امریکہ برطانیہ سمیت عالمی استکباری قوتیں اسرائیلی مظالم کی بانی اور پشت پناہ ہیں۔ ان شاءاللہ عنقریب فلسطین آزاد ہوگا اور ہم بیت المقدس و مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں گے۔
وحدت نیوز(سکردو) وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم نے کہا ہے کہ ہم اپنی بساط کے مطابق علاقے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں، مسائل بہت زیادہ ہیں ان کے حل کیلئے کافی وقت درکار ہے، تنقید کرنے اور تعریف کرنے والے ہمارے اپنے بھائی ہیں، یہ کوئی غیر نہیں، سب کی باتوں کا احترام ہے، خدا گواہ ہے کہ سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جا رہا ہے. حلقہ بہت بڑا ہے،م بہت زیادہ ہیں، کہیں کوئی کمی و بیشی رہ جاتی ہے تو ہم اپنے حلقے کے غیور عوام سے پیشگی معذرت چاہتے ہیں۔ وفاق میں حکومت کی تبدیلی مسائل کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی ہے۔ یہ سب کو معلوم ہے مگر بعض لوگ اس حقیقت کو تسلیم کرنے کیلئے ہرگز تیار نہیں ہیں۔ سکردو میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شروع دن سے ہم یہ کہتے آئے ہیں کہ ہم فرشتے نہیں انسان ہیں۔ غلطی انسان سے ہوتی ہے میرے حلقے کے عوام سمجھتے ہیں کہ ہماری پالیسیاں عوام دوست نہیں ہیں تو وہ بروقت ان کی نشاندہی کریں۔ دوست وہ ہیں جو ہماری غلطیوں کی نشاندہی ہمارے سامنے آکر کریں اور بہتری کیلئے مشورے بھی دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تدریس کے شعبے کو چھوڑ کر سیاست میں آنے کا مقصد یہ نہیں ہے کہ میں کوئی مال بناوں یا جائیدادیں بناوں۔ اللہ کا دیا ہوا سب کچھ ہے، اللہ مجھے اپنے عوام کی بلاتفریق خدمت کا موقع دے۔ ہاں ہم یہ کہتے ہیں کہ سب کے مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ ہم مسائل سے غافل ہیں، ہم اپنی کیپسٹی کے تحت دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔ کچھ علاقوں کے مسائل آج حل ہو رہے ہیں کچھ کے کل حل ہونگے۔ حلقے میں تعلیم، صحت، مواصلات کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ہم چاہتے ہیں عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں کئی بڑے منصوبوں کے ٹینڈرز ہو چکے ہیں، کچھ منصوبوں کے ٹینڈرز طلب کر لئے گئے ہیں، کچھ منصوبوں پر کام شروع ہوچکے ہیں، کئی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ ہم عوام کے مفاد میں کام کر رہے ہیں، ذاتی نوعیت کے کاموں کو کم اجتماعی کاموں کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین ضلع شرقی کراچی کی جانب سے کیتھولک گرائونڈ سولجر بازار میں9 واں سالانہ سلسلہ معارف قرآن پروگرام جاری ہے ۔معارف قرآن پروگرام کے چوتھے روز علامہ سید کاظم عباس نقوی نے’’تشریح و تفسیر سورہ واقعہ‘‘ کے عنوان پر سورہ واقعہ کی ابتدائی چند آیتوں کی تفسیر بیان کرتے ہوئے کہا کہ انسان جب یقینی صورتحال کو دیکھتا ہے تو ماضی کا صیغہ استعمال کرتا ہے ۔جیسے کوئی مصیبت اس پر آئے تو وہ کہتا ہے کہ اب میں مرگیا ،جبکہ حقیقتاً ابھی وہ مرا نہیں ہے ،مگر مصیبت اس طرح یقینی حالت میں اس کے سامنے آتی ہے کہ وہ اب نہیں بچے گا اور وہ ماضی کا صیغہ استعمال کرتا ہے ۔اسی طرح خدا نے سورہ واقعہ میں قیامت کا ذکر یقینی حالت میں کیا ہے اور کہا ہے کہ جب قیامت واقع ہوگی ۔گویا کہ قیامت واقع ہوچکی ہو ۔
مولانا سید کاظم عباس نقوی نے کہا کہ انسان کی طبیعت اس طرح کی ہے کہ انسان کے ذہن سے سزا کا تصور ختم کردیا جائے تووہ گناہ کی جانب مائل ہوجاتا ہے ۔انسان میں اصلاح کو پیدا کرنے کےلئے خوف کی ضرورت ہے ۔احتساب کی سوچ انسان کو خوف میں مبتلا رکھتی ہے ۔اگرمعاشرے کے سب افراد گناہوں سے دور رہ کر زندگی گزارے تو خدا کے عذاب سے خوف کی کوئی ضرورت ہی نہ رہے گی ۔اگر آج ہمارے ملک کے ہر ادار ے میں احتساب کا سلسلہ شروع ہوجائے تو یقینی طور پر ملک ترقی کرے گا ۔احتساب کا نہ ہونا فرعونیت کو ایجاد کرنے کا باعث بنتا ہے۔توحید کا عقیدہ واضح نہ ہوتو پھر عدل ،نبوت ،امامت اور قیامت کا عقیدہ بھی سمجھ نہ آئے گا ۔اگر ہم اچھے مسلمان بننا چاہتے ہیں تو قیامت کا عقیدہ واضح ہونا ضروری ہے ۔قیامت پر ایمان کا اثر حقیقی معنوں میں انسان کے عمل سے ظاہر ہوتا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سید علی حسین نقوی صوبائی سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بہنوئی اسداللہ ولد قربان علی علمدار روڈ کوئٹہ میں اچانک حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہ سے خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم نے قومی و بین الاقوامی شوٹنگ مقابلوں میں حصہ لے کر پاکستان کے لئے متعدد بار طلائی تمغے حاصل کرکے وطن کا نام روشن کیا۔مرحوم کی نماز جنازہ کل علمدار روڈ پر ادا کی جائے گی۔
مرحوم کے انتقال پرُ ملال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ، صوبائی صدر سندھ علامہ سید باقرعباس زیدی ، کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری سمیت دیگر مرکزی ، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی رہنماؤں نے علی حسین نقوی سے افسوس اور تعزیت کااظہار کیا ہے۔
رہنماؤں نے مرحوم کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئےکہا کہ خداوند متعال مرحوم کو جوارآئمہ معصومین ؑ میں محشور فرمائے اور ان کے تمام پسماندگان کو اپنی بارگاہ سے صابرین کا اجر عظیم مرحمت فرمائے ۔