وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں وحدت کانفرنس کا فقید المثال انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئےپارلیمانی سیکریٹری برائے اقلیتی امور وانسانی حقوق سردار مہندر پال سنگھ نے کہا کہ یہاں سب کا اکٹھا ہونا نبی کریم (ص) کی تعلیمات پر عمل کا ثبوت ہے، احادیث میں عمل سے دکھایا گیا ہے کہ تمام مذاہب کی عزت کرنی ہے انہیں تحفظ دینا ہے، تمام مذاہب اور مسالک کو یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اگر ہم اکٹھے ہو جائیں تو اسرائیل اور بھارت کچھ نہیں کر سکتے، یہ ہمارے اتفاق کی مار ہیں، ہم متحد ہو جائیں تو دنیا بھر کے تمام مظلوموں کو مظالم سے نجات مل جائیگی۔ وزیراعظم عمران خان ہر جگہ یہی بات کہتے ہیں کہ میرے نبیﷺ کا حکم ہے کہ ہم نے تمام مذاہب کو پوری آزادی دینی ہے، جب تک ہم نبیﷺ کی تعلیمات اور اللہ تعالٰی کے احکامات پر عمل نہیں کریں گے ہم آپس میں لڑتے رہیں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں وحدت کانفرنس کا فقید المثال انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئےسنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ وحدت اسلام کی اصل روح ہے، وہ لوگ جو اس پر یقین رکھتے ہیں اختلافات اپنی جگہ موجود لیکن تکفیر کے قائل نہیں ہیں۔ تکفیر پر یقین رکھنا اور اس کے بعد مختلف مقامات پر یہ بات کرنا کہ وحدت پر یقین رکھتے ہیں تو یہ منافق کی نشانی ہے ہمیں سب سے بڑا خطرہ منافقین سے ہے۔ ہمیں منافقین کی پہچان کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے ہاں کچھ ایسی قوتیں ہیں جو چاہتی ہیں کہ ہم سعودی عرب کی ہاں میں ہاں ملائیں، وہاں مقدس مقام پر بیت الخلا بنائے جا رہے ہیں جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذہب کو سیاست سے جدا نہیں کیا جا سکتا لیکن مذہب کو سیاست میں استعمال کرنے کے مخالف ہیں۔ مذہب کارڈ کو استعمال کرتے ہیں جو نہیں ہونا چاہیئے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ وحدت کا مطلب ہی یہ ہے کہ دل سے ایک دوسرے کو تسلیم کریں، آج کے دور کے اندر ضرورت اس بات کی ہے جو حقیقی معنی میں وحدت کے حامی ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے لیکن تکفیری قوتوں کی بھی نشاندہی کرنی چاہیئے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں وحدت کانفرنس کا فقید المثال انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مہتمم جامعہ نعیمیہ لاہورڈاکٹر علامہ راغب حسین نعیمی نے کہا کہ وحدت کا پیغام ہر پاکستانی کی زبان پر ہونا چاہیئے، ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید نے نائن الیون کے بعد افغانستان پر امریکی یلغار کے موقع پر برملا کہا کرتے تھے کہ جو بم افغانستان کی سرزمین پر گر رہے ہیں، ان بموں پر نام مسلمانوں کا لکھا ہوا۔ کل دیگر اسلامی ممالک پر گرتے نظر آئیں گے، ان کا ہدف اسلام کو ماننے والے ہوں گے عقیدہ یا مسلک بم پر نہیں لکھا ہوگا، آج مسلمانوں کو نیست و نابود کرنے کیلئے طاقتیں اکٹھا ہو چکی ہیں۔
انہوںنے مزید کہاکہ استعمار کی تمام سازشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا ہمیں نظریاتی اختلافات کو ایک طرف رکھنا ہوگا، پاکستان میں آج اس قسم کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ریاستی سطح پر کہ کوئی کسی کیلئے تکفیر کا لفظ استعمال نہیں کرے گا اسلام کے دائرے سے باہر نہیں نکالے گا، کیونکہ پچھلے تیس سال سے ہم نے اپنے مسلک کے ذریعے اسلام کی خدمت کی بجائے لوگوں کو اسلام سے دور کیا، آج ہم پیغام پاکستان کے ذریعے وحدت کی لڑی میں پروے جا سکتے ہیں، اگر ہم کامیاب ہو گئے تو استعمار ہمیں کبھی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں وکلا برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پُرامن اور فلاحی معاشرے کا قیام عدل و انصاف کی بالادستی سے مشروط ہے۔عام الناس کو انصاف کی بلاتفریق فراہمی کسی بھی کامیاب ریاست کابنیادی اصول ہے۔وہ قومیں جہاں عدل و انصاف کی فراہمی کے حوالے سے عوام طبقاتی تفریق کا شکار نہیں وہاں جرائم کی شرح ایسے ممالک کی نسبت بہت کم ہے جہاں بالا طبقہ قانون وانصاف کو گھر کی لونڈی سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا عدم مساوات اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ہم اس دین کے پیروکار ہیں جسے پوری دنیا میں مساوات کا علمبردار سمجھا جاتا ہے۔غیر مسلم معاشرے آج بھی ایک فلاحی ریاست کی تشکیل کے لیے اسلامی تعلیمات کے بنیادی نکات پر عمل کو ضروری سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عام آدمی کی انصاف تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے اصلاحات کی گنجائش موجود ہے۔ عدالتی فیصلوں میں عام و خاص کی تخصیص یا شخصیات کے رتبے کو ملحوظ و خاطر رکھناانصاف کے عمل پر سوال اٹھاتا ہے۔
انہوںنے مزید کہاکہ ریاستی اداروں کی مضبوطی قومی ترقی اور ریاست کے استحکام کی ضمانت ہے۔جہاں ریاستی ادارے اپنا آئینی کردار اپنے اختیارات اور حدود کو پیش نظر رکھتے ہوئے منصفانہ انداز سے ادا کرتے ہیں وہاں عوام کو مسائل کا قطعی سامنا نہیں کرنا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو لوٹنے والوں کا کڑا احتساب قانون و انصاف کا تقاضہ ہے۔ قانون و انصاف کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے ریاست کی جانب سے ذمہ دارنہ طرز عمل کا مظاہرہ انتہائی ضروری ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں وحدت کانفرنس کا فقید المثال انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدروفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ سید قاضی نیاز نقوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اتحاد کو واجبات میں قرار فرمایا ہے، وحدت، اتحاد اور اتفاق قرآن مجید کا متفقہ فیصلہ ہے، قرآن نے تفرقے کو حرام قرار دیا۔
انہوںنے مزیدکہاکہ اگر کوئی شخص وحدت کیخلاف عمل کرتا ہے قیامت والے دن وحدت سے انحراف اور لوگوں کو بھٹکانے والوں کو بھی سزا ملے گی، قرآن کریم کی کئی آیات میں وحدت کا ذکر کیا گیا ہے، سنت پیغمبر میں بھی وحدت پر ہمیشہ عمل کی ہدایت کی گئی ہے، حضرت علی ؑ نے وحدت کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ وحدت مسلمین کیلئے ایسے پروگرامز کا انعقاد ہونا ضروری ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ایوان اقبالؒ لاہور میں ’’وحدت کانفرنس‘‘ کا اہتمام کیا گیا، جس میں تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر رہنماؤں سیرت النبی (ص) کی روشنی میں وحدت امت کی موجودہ دور میں ضرورت پر زور دیا۔
تحریک انصاف پنجاب کے رہنما اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ آج بھی مسلمانوں کے مال و دولت امریکہ اور یورپ سے نکال لئے جائیں، تو ان غالب تہذیبوں میں اندھیرا چھا جائے، حضرت محمد (ص) ایسی ہستی ہیں جن کے گرد ہم جمع ہو سکتے ہیں، اس کے علاوہ کسی ہستی پر ہم جمع نہیں ہو سکتے۔ اس لئے ہمیں امت وحدہ بننا ہے۔