وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے کہا ہے کہ کوئی بھی آرڈر گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ عوام ماضی کی طرح نئے آرڈر کو بھی مسترد کر دینگے۔ جی بی کی متنازعہ حیثیت کے تناظر میں تمام تر بنیادی حقوق کا مطالبہ کرتے ہیں۔ صوبائی حکومت آنے والے الیکشن کو ہائی جیک کرنے کیلئے پبلک انٹرسٹ سے ہٹ کر ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ چیف سیکرٹری عوامی مفاد کے منصوبوں کو یقینی بنائیں، الیکشن کمیشن صوبائی حکومت کے سامنے بے بس نظر رہا ہے۔
نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں وفاقی حکومت کی جانب سے ایک اور آرڈر جاری کرنے کے بیان پر سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ جی بی کے عوام ماضی کی طرح اس نئے آرڈر کو بھی مسترد کر دینگے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جی بی کو متنازعہ خطے کے تمام تر بنیادی حقوق دیئے جائیں اور یہاں کے عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھ کر ہی فیصلے وفاق کے حق میں بہتر ہونگے۔ جی بی کے عوام نے جن جذبات اور خلوص سے اس خطے کا پاکستان کے ساتھ الحاق کیا تھا وفاقی حکمرانوں نے ہمارے جذبات اور خلوص کو ٹھکرا دیا ہے، اب بھی وقت ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور جی بی کے عوام کو مطمئن کریں۔
وحدت نیوز(کراچی) صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے تحت مجلس عزا شہادت دختر رسول خدا ص حضرت سیدہ فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے سلسلے میں وحدت ہاؤس سولجر بازار میں منعقد ھوئی جسمیں حدیث کساء ناصر الحسینی ، سوز خوانی ، سلام علی رضا جعفری و برادران جبکہ انجمن بہار فاطمہ ؑ سولجر بازار نے نوحہ خوانی و سینہ زنی کی، ایم ڈبلیو ایم کے ذمہ دارن و مومنین نے شرکت کی۔
مجلس سے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے خطاب کرتے ھوئے کہا کہ بی بی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت و کردار اور طرز زندگی عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے جناب سیدہ ؑ وہ عظیم خاتون ہیں جو عصمت و طہارت کے ساتھ جرات و بہادری میں اپنی مثال ہیں جناب فاطمہ سلام اللہ علیہا نے دین اسلام کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں اور رسول خدا ؐاور امیر المومنین ؑکے ہمراہ سخت و کٹھن جدوجہد کے ذریعہ اسلام محمدی کی آبیاری کی۔
مجلس و ماتمداری کے اختتام پر مومنین کیلئے نیاز کا اہتمام کیا گیا تھا ،صوبائی رہنما بردار ناصر حسینی نے کہا کہ 4 فروری 2020ء بروز منگل بعد نماز مغربین محفل شاہ خراسان روڈ پر ھفتہ وار دعائیہ اجتماع اور شہید مظفر کرمانی ، شہید نظیر عباس و کشمیری شہداء اور اظہارِ یکجہتی کیلئے دعائے توسل و چراغاں کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے دوداپور اور امیر آباد میں مومنین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی شمولیت کے بغیر فلسطین سے متعلق کوئی بھی فیصلہ قبول نہیں امریکہ امت مسلمہ کا دشمن سامراجی ملک ہے جو مسئلہ فلسطین کے حل سے مخلص نہیں ٹرمپ کی جانب سے غاصب اسرائیل کی حمایت سے یہ بات واضح ہے کہ امریکہ مسئلہ فلسطین میں غیر جانبدار ثالث نہیں بلکہ شریک جرم ہے جس کے ہاتھ فلسطین کے مظلوموں کے خون سے رنگین ہیں۔
انہوں نےکہا کہ ڈیل آف سینچری سامراجی طاقتوں کی استعماری جال ہے جسے امت مسلمہ کسی طور قبول کرنے کے لئے تیار نہیں۔انہوں نےکہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے غلام عرب حکمرانوں نے سر زمین فلسطین اور امت مسلمہ سے خیانت کرکے ٹرمپ کو خوش کیا ہے۔انہوں نےکہا کہ فلسطین عنقریب آزاد ہوگا اور اسلام دشمن سامراجی طاقتوں کی تمام تر سازشیں ناکام ہوں گی۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی صوبائی شوریٰ کا دو روزہ اجلاس کل سے جامع مسجد الحسین گلشن مارکیٹ میں شروع ہوگا، اجلاس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی خصوصی شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی ترجمان ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب ثقلین نقوی نے میڈیا کو جاری بیان میں کیا۔
ثقلین نقوی کے مطابق دو روزہ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع بشمول ملتان، مظفرگڑھ، رحیم یارخان، بہاولپور، لودھراں، علی پور، ڈیرہ غازیخان، لیہ، بھکر، خانیوال، وہاڑی اور میانوالی کے ضلعی سیکرٹری جنرل اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل شریک ہوں گے۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کی نئی صوبائی کابینہ کی تقریب حلف برداری بھی منعقد ہوگی۔ صوبائی کابینہ سے علامہ سید احمد اقبال رضوی حلف لیں، جبکہ اجلاس میں سالانہ پروگرام کی منظوری، ملکی موجودہ صورتحال پر بریفنگ اور تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع جنوبی کراچی کی جانب سے بی بی زہرا ؑ کے ایام شہادت کی مناسبت سے خمسہ مجالس کا سلسلہ امام بارگاہ مدینتہ العلم نیپا چورنگی میں جاری ہے ۔ اس سلسلے کی دوسری مجلس سے علامہ کاظم عباس نقوی نے ’’القابات بی بی سیدہ سلام اللہ علیہا‘‘کے موضوع پر خطاب کیا اور کہا کہ بی بی زہرا ؑ کے فضائل لامحدود ہیں ۔ مقامات سیدہ زہرا ؑ کوصرف دنیا میں سمجھنا ممکن نہیں اسی لئے ان کے بعض مقامات کو اللہ نے قیامت کے دن کیلئے محفوظ رکھا ہے ۔ اس دن بی بی سیدہ ؑ کامقام لوگوں پر مزیدواضح ہوگا ۔ بی بی سیدہ ؑ قیامت کے دن جب آئیں گی توان کے مقام و مرتبہ کے باعث تمام چہرے پہلے جھک جائیں گے ۔ ایک مقام جہاں جناب سیدہ ؑ کی فضیلت ظاہر ہوگی، وہ مقام ’’مقام شفاعت‘‘ ہے ۔ شفاعت صرف عمل کرنے والوں کی ہوگی ۔
علامہ کاظم عباس نقوی نے کہا کہ ذکر بی بی سیدہ ؑ کو گھروں میں ہوتے رہنا چاہئے ۔ اس ذکر کی بہت فضیلت اور اہمیت ہے ۔ بی بی زہراؑ سے توسل بہت قیمتی سرمایہ ہے ۔ علامہ کاظم عباس نقوی کا کہنا تھا کہ بی بی سیدہ ؑ کے مصائب بہت زیادہ ہیں ۔ دروازہ جلنے سے شہادت تک بی بی ؑ اپنے پہلو سے ہاتھ نہیں اٹھا سکتی تھی ۔ ہڈیاں اگر ٹوٹ جائیں تو سانس لینے میں انسان کو بہت تکلیف ہوتی ہے ۔ بی بی سیدہ ؑجب تک زند ہ رہیں یہ اذیت برداشت کرتی رہیں ۔ مگر جب امام علیؑ گھر آتے تو اپنی تکلیفوں کو چھپادیا کرتی تھیں کہ انہیں رنج نہ ہو ۔ رسول خدا ؐ پر روتیں رہتی تھیں مگر امام علی ؑ کے آنے کے بعد چہرے پر مسکراہٹ لے آیا کرتی تھیں تاکہ مولا علی ؑ کے غم میں اضافہ نہ ہو ۔ امام علیؑ کی مظلومیت ،بی بی سیدہ ؑ کے مصائب میں سے ایک تھی ۔ بی بی فضہ نے جب بی بی زہرا ؑ کو بتایاکہ لوگ مولا علی ؑ کو سلام نہیں کرتے ۔ بی بی ؑ نے امام علی ؑ سے پوچھا کہ لوگ آپ کو سلام نہیں کرتے جس پر مولا ؑ نے جواب دیا کہ صرف سلام نہیں کرتے بلکہ سلام کا جواب بھی نہیں دیتے ۔ یوں رحلت رسول کے بعد بی بی سیدہ ؑ کے مصائب بہت زیادہ بڑھ چکے تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ جسے امن منصوبے کا نام دے رہے ہیں وہ دراصل” امن کے خلاف جنگ“ (War Against Peace )ہے ۔اسے عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور بنیادی انسانی حقوق کی بدترین پامالی کے سوا کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا۔امریکی صدر اپنے یکطرفہ فیصلوں سے کسی بھی ریاست کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔صدر ٹرمپ کی احمقانہ پالیسیوں کے خلاف امریکہ سمیت دنیا بھر میں انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اپنی خفت مٹانے کے لیے امریکی صدر بے سروپا اقدامات کا سہارا لینا چاہتے ہیں جو خطا در خطا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین ازل سے فلسطینیوں کا ہے۔طاقت کے گھمنڈ کے سحر میں مبتلا کسی غاصب کو فلسطین پر مسلط نہیں ہونے دیا جا سکتا۔امریکی صدر خطے میں جس تصادم کی بنیاد رکھنے جا رہے ہیں اس کا خمیازہ پوری دنیا کو بھگتنا پڑے گا۔فلسطین کو تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ امن کے نام پر فلسطین کو اسرائیل کے حوالے کرنے کی احمقانہ امریکی کوشش ایسا سنگین اقدام ثابت ہو گا جس پر امت مسلمہ خاموش نہیں بیٹھے گی۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے لیے قبلہ اول انتہائی مقدس اور اہم ہے جس پر صیہونی تسلط کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔بیت المقدس کی آزادی کا وقت قریب آ پہنچا ہے،انشاءاللہ محور مقاومت کے ہاتھوں امریکہ اور صہیونیوں کی شکست نوشتہ دیوار ہے،فلسطین کی جانب سے اسرائیل کو یہودی ریاست قبول کرنے کی امریکی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔مشرقی بیت المقدس پر اسرائیل قبضہ تسلیم کرنے جیسےمذموم عزائم صیہونی مفادات کا تحفظ ہیں جو کبھی پورے نہیں ہو سکتے،مقبوضہ بیت المقدس کو بلاشرکت غیرے اسرائیلی دارلخلافہ بنانے کی کوشش ایک شیطانی منصوبہ ہے اس امن کی کوشش کا نام نہیں دیا جاسکتا۔بیت المقدس روزاول سے فلسطین کا دارالحکومت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایک با اختیار ریاست کسی غاصب کو اپنے علاقوں پر قبضے اور مزید کالونیوں کی تعمیر روکنے کی اجازت کیسے دے سکتی ہے۔ محور مقاومت سمیت دنیا کے غیرت مند مسلمانوں کی طرف سے مذکورہ منصوبے کو مسترد کیا جانا قابل تحسین ہے۔مسئلہ فلسطین سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کو درپیش عالمی مشکلات پر امت مسلمہ کو اب آنکھیں کھولنا ہو ں گی۔عرب کے خائن حکمرانوں کو چاہیئے کہ یہود ونصاری کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے عالم اسلام کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔مسئلہ فلسطین پر اقوام متحدہ کو اپنی غیر جانبداری ثابت کرنا ہوگی اور مسلہ فلسطین فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ہو گا۔