وحدت نیوز  (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ امریکہ،اسرائیل اور بھارت کے شیطانی ٹرائیکا نے پوری دنیا کے امن کو داو پر لگا رکھا ہے۔مسلم ممالک کو اگر اپنی سالمیت اور بقا عزیز ہے تو انہیں چاہیے کہ امریکہ سمیت کسی بھی ملک کو اپنے داخلی معاملات میں مداخلت کی قطعاََاجازت نہ دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس صوبائی سیکریٹریٹ میں مختلف شیعہ قومیات کے وفود سے گفتگو میں کیا۔اس موقع پر آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد عباس سمیت دیگر موجود تھے ۔

علامہ باقر عباس زیدی نے کہا 9 فروری نشترپارک میں ملت جعفریہ کاخطہ میں امریکی جارحیت اور امت مسلمہ کے عظیم ہیرو جنرل قاسم سلیمانی کے چہلم پر کئے جانے والا جلسہ تاریخی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امریکی دوستی پر اترانے والے امریکہ کے ماضی کے کردار کو سامنے رکھیں۔ اس آستین کے سانپ نے مسلمانوں کو ہمیشہ دوست بن کر نقصان پہنچایا ہے۔ امریکہ سے یاری عالم اسلام سے غداری تصور کی جائے گی۔

انہوں نے کہا ایران کے اعلیٰ حکومتی عہدیدار حاج قاسم سلیمانی کو شہید کر کے امریکہ نے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کا راستہ ہموار کرنے کی احمقانہ کوشش کی ہے۔اس واقعہ کے بعد ایران کا ردعمل جرات مندانہ اورغیرت ایمانی سے لبریز تھا۔اگر امت مسلمہ اسی جرات کو اپنا ہتھیار بنا لے تو دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کے خلاف کھڑا ہونے کی جرات نہیں کرے گی۔

وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کیلئے آرڈر پر آرڈر کا دروازہ پیپلز پارٹی نے کھول دیا ہے جو اب تک جاری ہے۔ہم 2009 سے 2020 تک جتنے آرڈرز آئے ہیں سب کو مسترد کرتے ہیں۔آرڈر پہ آرڈر کا سلسلہ گلگت بلتستان کے عوام کی توہین ہے۔ممبران اسمبلی کی آرڈر کیخلاف پریس کانفرنس عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ ممبران اسمبلی کو آرڈر 2020 منظور نہیں تو چار مہینے کی تنخواہ کی قربانی دیکر اسمبلی سے اجتماعی مستعفی ہوجائیں۔جو لوگ چار مہینے کی تنخواہ اور مراعات کو قربان نہیں کرسکتے ایسے لوگوں کو بولنے کا کوئی حق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سال 2009 میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک آرڈر جاریک کیا جس کے تحت مقامی ملازمین کو کھڈے لائن لگادیا گیا اور علاقے کے لوگوں پر پہلی مرتبہ ٹیکس عائد کیا گیا اور اس وقت پیپلز پارٹی کے جیالے اپنے اس ظالمانہ اقدام کا دفاع کرتے ہوئے اسے گلگت بلتستان کے عوام پر بہت بڑا احسان جتاتے تھے۔بعد میں مسلم لیگ نواز نے آرڈر 2019 جاری کیا تو وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن اور ان کی ٹیم اس آرڈر کو اپنی حکومت کا بڑا کارنامہ قرار دے کر دفاع کرتے رہے۔اب جب اسی سلسلے کا ایک اور آرڈر 2020 جاری ہونے جارہا ہے تو پاکستان تحریک انصاف دفاع کرتے نظر آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ان مداری پارٹیوں کے ڈراموں کا خو د اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کیا ہے اور ایسے میں ممبران جی بی اسمبلی کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس محض ایک ڈھونگ ہے۔گلگت بلتستان کے عوام ماضی کی طرح اس آرڈر کو بھی مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے پڑھے لکھے جوانوں کے جذبات کو سمجھتے ہوئے عوام کی امنگوں کے مطابق علاقے کے مستقبل کا فیصلہ کرے اور اب ان تین حکمران جماعتوں کی جانب سے گلگت بلتستان کو متنازعہ قرار دینے کے بعد اب گلگت بلتستان کو متنازعہ علاقے کے حقوق دیتے ہوئے حق حکمرانی دی جائے۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ جو ریاست اپنے عوام کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی اس کی انتظامی قابلیت پر سوال اٹھانا ہراعتبار سے درست ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مختلف کاروباری مراکز پر سرعام ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتیں، جنسی ہراسگی کے واقعات اور لوٹ مار کی بلا رکاوٹ کارروائیوں نے عوام کے عدم تحفظ کے احساس میں اضافہ کیا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ملک کو پُرامن ریاست بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی داخلی صورتحال ایسی ہے جیسے عوام کے کسی مسئلے سے حکومت کو کوئی سروکار نہیں۔ ملک میں امن و امان اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قانون تو موجود ہیں لیکن ان پر عمل درآمد ایک معمہ بنا ہوا ہے۔ ریاستی اداروں سے وابستہ ہر فرد جب تک اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہیں کرتا تب تک عوام خوشحال نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لیے قوانین کو مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔ پولیس اپنے پٹرولنگ نظام کو بہتر بنا کر پُرامن معاشرے کی تشکیل میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔


وحدت نیوز(اسلام آباد) مسئلہ کشمیر اور قضیہ فلسطین کے تناظر میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی میزبانی میں سربراہ ایم ڈبلیوایم اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ کی زیر صدارت اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، اجلاس کے اختتام پر تمام دینی جماعتوں کی جانب سے ایک مشترکہ  فتویٰ اور اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر میں چھ ماہ سے کرفیو ہے، کشمیر جیل بن چکا ہے اس صورتحال میں ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ ہم سب مل کر یوم یکجہتی کشمیر میں منائیں گے، انھوں نے کہا کہ ہم اپنے حکمرانوں سے کہیں گے وہ زبانی جمع خرچ سے باہر آئیں اور اس کے لیے عملی اقدام کریں۔ اس جہاد کے لیے قربانی عظیم کام ہے۔ جلوس نکالنا، جھنڈے لگانا حکومت کا کام نہیں ہے۔ حکومت پاکستان کم سے کم عالمی عدالت میں چلی جاتی، روہنگیا مسلمان اگر وہاں جا سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں نکلے۔ آپ ٹرمپ سے اپیل کر رہے ہیں ثالثی کروائیں، اس نے جو فلسطین کی ثالثی کروائی ہے کیا وہ آپ کو قبول ہے۔ ہم امریکہ کی جانب سے پیش کردہ ذلت ذلت آمیز فارمولے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اسے مسترد کرتے ہیں۔

مجلس عاملہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے نائب صدرعلامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان مقاومت کا حلقہ وصل ہے ہم مقاومت کی تحریکوں کو جوڑنے والے ہیں اسی لیے امریکہ ہم کو اس حلقہ سے دور رکھنا چاہتا ہے۔ پاکستان اس حلقے میں رہتا ہے تو اسرائیل نہیں رہ سکتا، ہندوستان کمزور ہوگا۔ ہمیں تمام اختلافات کو ختم کرکے کشمیر اور فلسطین کی حمایت کرنی ہے۔ پاکستان کو بحرانوں کے ذریعے کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قوم کو بیدار کریں، ہمیں آئین کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔ کونسل کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پروگراموں کا انعقاد کرے گی۔

جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل سید صفدر گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قاسم سلیمانی کی بیٹی نے ہمارے وفد سے کہا کہ ہمارا انتقام یہ ہے کہ عالم اسلام اپنے دشمن کے مقابلے میں متحد ہو جائے، ہمیں اپنے حکمرانوں پر دباؤ ڈالنا ہوگا کہ وہ آپس میں متحد ہو جائیں۔ اسلامی تحریک پاکستان کے جنرل سیکریٹری علامہ عارف حسین واحدی نے اس خصوصی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل حکومت سے ہٹ کر پوری امت میں پاکستان کا نمائندہ فورم ہے اسے ہمیں مضبوط کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ کونسل کے وفد نے ایران میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے جس کی بھرپور پذیرائی ہوئی ہے۔ ہم نے پاکستان اور ایران کے باہمی روابط پر زور دیا ہم ان کی پارلیمنٹ میں گئے ہیں۔ اس وفد نے ایران میں پورے ملک کی نمائندگی کی ہے۔ ہم نے ایرانی قیادت کا کشمیر کے مسئلے پر آواز اٹھانے پر شکریہ بھی ادا کیا اور ان سے گزارش کی کہ وہ فلسطین کے مسئلہ کے مطابق کشمیر کے مسئلے کو بھی اٹھائیں۔

علامہ عارف واحدی نے کہا کہ ہم نے پاکستانی علماء کو بھی کہا کہ وہ کشمیر سے یکجہتی کے لیے ایران میں پروگرام کریں۔ ہمیں کشمیر کے حوالے سے ٹرمپ پر کوئی امیدیں نہیں ہیں یہ کشمیر کے ساتھ وہی کرے گا جو اس نے فلسطین کے ساتھ کیا ہے۔ دنیا کی منحوس تکون اسرائیل، ہندوستان کے پیچھے امریکہ ہے۔ ہمیں اپنے دشمن کو سمجھنے میں کسی سازش کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد کی کوشش کرنی ہوگی۔ ترک صدر نے درست کہا یہ قدس کا مسئلہ نہیں مکہ اور مدینہ کا مسئلہ ہے۔ سنچری ڈیل سے فلسطینیوں کو قتل کرنے کا اسرائیلیوں کو موقع ملے گا۔ ہمیں اقوام متحدہ، او آئی سی، سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ سنچری ڈیل اور کشمیر کے مسئلہ کو اٹھائیں۔

اجلاس میں ان شخصیات کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر عباس شیرازی ،جماعت اسلامی کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراھیم،اتحاد علماء کے سربراہ مولانا عبد المالک، JUP کے نائب صدر سید صفدر گیلانی، جماعت اسلامی کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو، تحریک جوانان پاکستان کے سربراہ عبد اللہ گل، جماعت اہل حرم کے سربراہ مولانا گلزار احمد نعیمی، کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ثاقب اکبر، تحریک حرمت رسول کے سیکریٹری جنرل محمد یعقوب شیخ اور ھدیہ الہادی کے نائب رہبر رضیت باللہ نے بھی خطاب کیا۔

اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کی سپریم کونسل کے رکن علامہ اقبال بہشتی،مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ سیاسیات کے مرکزی سیکریٹری سید اسد نقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے چیف آرگنائزر محمد حسیب نظیری، صدر JUP بلوچستان میر عبد القدوس ساسولی، صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان پنجاب محمد جاوید قصوری، مولانا سید جعفر نقوی مرکزی راہنما اسلامی تحریک، نائب ناظم تنظیم اسلامی راجہ محمد اصغر، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر محمد نصرا للہ رندھاو، علامہ حیدر علوی اور دیگر جماعتوں کے قائدین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(لاہور) محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور نے چکری، ضلع راولپنڈی میں بسلسلہ ایام فاطمیہ منعقد کردہ مجلس عزا سے خطاب کیا۔اپنے خطاب میں محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ جس طرح سیدہ نساء العالمین ع نے وقت کے امام کی نصرت کے لیے آواز حق کو  بلند کیا اسی طرح آج امام زمانہ علیہ السلام کے ظہور کی راہیں ہموار کرنے کے لئے خواتین کو اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہنا چاہیے ان کا مزید کہنا تھاکہ ہم امام کے وجود پر ایمان تو رکھتے ہیں ان کے ظہور پر یقین بھی رکھتے ہیں لیکن اپنے اعمال سے ظہور اور ذکر کو بھلا دیا ہے۔ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ ہمارا کوئی عمل ایسا نہ ہو جو امام کی مرضی کے موافق نہ ہو۔محترمہ حنا تقوی نے حاضرین مجلس کو مجلس وحدت مسلمین کے تنظیمی طرز عمل و منشور سے آگاہی بھی فراہم کی۔

وحدت نیوز(جھنگ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی نے اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ کے مقام پر مجلس عزا سے خطاب کیا۔ اپنے بیان میں انھوں نے سیدة النساء العالمین جناب فاطمہ زھرا س کے مناقب و سیرت بیان کیے۔

 انھوں نے کہا کہ سیدہ کائنات عورت کے ہر کردار میں بہترین نمونہ اور اسوہ کاملہ ہیں، انھوں نے کہاکہ دختر رسول ص مثالی ماں کے طور پر بچوں کی تربیت کے بہترین اصول متعارف کروارہی ہیں جن میں محبت سے بچوں کی شخصیت کو پروان چڑھانا ، دوسروں کے حقوق کی رعایت دینا، تقوی و پرھیزگاری ، ورزش و کھیل اور اعلیٰ محاسن اخلاق ان اعلی اقدار و اصول پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایک ماں معاشرے کو فلاح و معنوی ترقی پر استوار کر سکتی ہے،مجلس عزا میں مومنات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

Page 49 of 1134

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree