وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ جو ریاست اپنے عوام کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی اس کی انتظامی قابلیت پر سوال اٹھانا ہراعتبار سے درست ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مختلف کاروباری مراکز پر سرعام ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتیں، جنسی ہراسگی کے واقعات اور لوٹ مار کی بلا رکاوٹ کارروائیوں نے عوام کے عدم تحفظ کے احساس میں اضافہ کیا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ملک کو پُرامن ریاست بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی داخلی صورتحال ایسی ہے جیسے عوام کے کسی مسئلے سے حکومت کو کوئی سروکار نہیں۔ ملک میں امن و امان اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قانون تو موجود ہیں لیکن ان پر عمل درآمد ایک معمہ بنا ہوا ہے۔ ریاستی اداروں سے وابستہ ہر فرد جب تک اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہیں کرتا تب تک عوام خوشحال نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لیے قوانین کو مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔ پولیس اپنے پٹرولنگ نظام کو بہتر بنا کر پُرامن معاشرے کی تشکیل میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔