وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ ہنزل اور ہرپون میں حکومتی سرپرستی میں لینڈ مافیا سرگرم۔ ہیں، گلگت میں غریب لوگوں کی زمینوں پر بااثر افراد حکومتی سرپرستی میں قابض ہو رہے ہیں۔ لینڈ ریونیو کے محکمہ نے آنکھیں بند رکھی ہوئی ہیں۔ بغیر این او سی کے تعمیرات جاری ہیں جو کہ مجرمانہ غفلت ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان ایم ڈبلیو ایم جی بی کا کہنا تھا کہ حکومتی دوغلی پالیسی قابل مذمت ہے۔ بعض علاقوں میں ملکیتی زمینوں پر بھی کام کرنے سے روک دیا جاتا ہے اور بعض علاقوں میں بنجر زمینوں پر اپنے بندوں کے ذریعے قبضے کرکے طاقت کے زور پر تعمیرات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جہاں کسی این او سی کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب لوگ اس زیادتی کے خلاف متعلقہ محکموں سے رجوع کرتے ہیں تو کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اس صورتحال کا نوٹس لیں اور بااثر افراد کو غریبوں کی حق تلفی سے روک دیں، اگر اس سلسلے کو نہیں روکا گیا تو یہ بااثر افراد لوگوں کو گھروں سے بھی نکال باہر کر قابض ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ضلع میں یکساں لینڈ پالیسی ہونی چاہئے، کہیں تعمیرات سے روکنا اور کہیں اپنی سرپرستی میں زمینوں پر قبضے کروانا انتہائی زیادتی ہے۔ ہرپون اور ہنزل میں جن متاثرین کی زمینوں پر قبضے ہوئے ہیں بااثر افراد سے زمینوں کے قبضے چھڑوا کر اصل حقداروں کے حوالے کیا جائے۔