فیصل رضا عابدی کو رہا نہ کیا گیا تو ملت جعفریہ وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریگی، ایم ڈبلیو ایم کراچی

06 نومبر 2016

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے تحت معروف سیاستدان، سابق سینیٹر اور وائس آف شہدا کے چیئرمین سید فیصل رضا عابدی کی گرفتاری پر شاہراہ پاکستان، نیشنل ہائی وے ملیر سمیت کئی علاقوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جس میں خواتین، بچوں سمیت ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی، احتجاجی ریلیوں سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، صوبائی رہنما علی حسین نقوی، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، علامہ احسان دانش، علامہ نشان حیدر ساجدی، علامہ حامد مشہدی، علامہ ع غ کراروی، علامہ غلام محمد فاضلی، احسن رضوی و دیگر علما کرام و رہنماؤں نے خطاب کئے۔ شہر میں مختلف احتجاجی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے علما کرام نے کہا کہ ملک دشمن کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی ایماء پر محب وطن فیصل رضا عابدی کی شرمناک انداز سے کی گئی گرفتاری افسوسناک و قابل مذمت ہے، فیصل رضا عابدی کو گرفتار کرکے سندھ حکومت نے ایک غلط روایت کی بنیاد ڈالی ہے، دہشتگردوں کی خواہشات کو بنیاد بنا کر فیصل عابدی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے، فیصل رضا عابدی کو پاک فوج کی حمایت اور کالعدم تنظیموں کے خلاف آواز حق بلند کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔

مقررین نے کہا کہ آغاز ایام عزاء سے اب تک 13 اہل تشیع مرد،خواتین اور معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا، لیکن کالعدم دہشتگرد تنظیموں اورانکے سیاسی و مذہبی سرپرست سہولت کا سندھ حکومت کے تحفظ میں آزاد گھوم رہے ہیں اور آزادانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، لیکن اب تک اہل تشیع مسلمانوں کے قاتل کسی دہشتگرد کی گرفتاری نہ ہونا وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نا اہلی ہے۔ علما کرام نے فیصل رضا عابدی کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر رہائی عمل میں نہیں لائی گئی تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیرؤ کیا جائے گا۔ علما کرام کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومت ملت تشیع کے خلاف باقاعدہ فریق بنی ہوئیں ہیں، فیصل رضا عابدی کو شیعیت کے دفاع اور وطن سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے، فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کے پس پردہ سیاسی عوامل بھی ممکن ہیں لیکن پولیس کی طرف سے بلاثبوت اسے فرقہ واریت کا رنگ دے کر تکفیری گروہوں کو مزید فعال ہونے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے، یہی دہشتگرد گروہ ارض پاک کے استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔علما کرام نے وزیر اعظم ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف،چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل رضا عابدی کو فی الفور رہا کیا جائے اور ملت تشیع کے خلاف ان غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے مختلف شہروں میں دہشتگردوں کے ٹریننگ کیمپس اور اڈے موجود ہیں، کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیاں جاری ہیں، کراچی سمیت سندھ بھر میں کالعدم تنظیمیں ناصرف آزادانہ فعالیت جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ آئے روز محب وطن اہل تشیع مسلمانوں کو دہشتگردی و بربریت کا نشانہ بنائے ہوئے ہے، سندھ سمیت ملک بھر میں افراتفری و بدامنی پھیلانے کی سازشوں میں مصروف کالعدم دہشتگرد تنظیمیں ہی ملکی سالمیت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں، لیکن افسوس کہ ان کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کے بجائے فیصل رضا عابدی سمیت محب وطن ملت تشیع کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، صورتحال جاری رہی تو ملت جعفریہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف صوبے بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوگی، لہٰذا پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت حکومتی صفوں میں موجود کالعدم تنظیموں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کرکے ملت جعفریہ کے تحفظات دور کرے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree