وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے وفد کے ہمراہ بنی گالہ میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کی جس میں سانحہ راولپنڈی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی، علامہ شفقت شیرازی، مرکزی رہنماء فضل عباس نقوی اور نثار فیضی بھی شریک تھے۔اس موقع پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، صوبائی صدر اعجازچودھری اور شہزاد سلیم بھی موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق، دونوں جماعتوں کے سربراہان نے سانحہ راولپنڈی کو بیرونی قوتوں کی سازشوں کا نتیجہ قرار دیا۔ بیان کے مطابق، راولپنڈی کا سانحہ راولپنڈی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے، پنجاب حکومت زمہ داران کو فوری برطرف کرے،جمعہ کے روز ہونے والے احتجاجات کو پرامن ہونا چاہیے۔ دونوں جماعتوں نے ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی ہے اور قومی سلامتی کی بقاء کو دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا عزم کیا۔