وحدت نیوز(نیوز ڈیسک) رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف جاری بدترین مظالم کےخلاف جاری بیان کا صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، سابق وزیر خارجہ سینیٹر مشاہد حسین سید ودیگر نے خیرمقدم کیا ہے اوراس کی تائید کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے بھارتی دارالحکومت دہلی سمیت مختلف شہروں میں پھوٹنے والے منظم مسلم کش فسادات کی مذمت میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارتی مسلمانوں کی شہادت پر مسلم امت کا دل خون ہو گیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے اس بیان میں لکھا تھا کہ بھارتی حکومت کو انتہاء پسند ہندوؤں اور انکی حمایت کرنے والی سیاسی جماعتوں کو (مسلمانوں کی منظم قتل و غارت سے) روکنا چاہیئے۔
صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی طرف سے بھارتی مسلمانوں کی نسل کُشی کی مذمت پر مبنی بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ پاکستان امام خامنہ ای کے اس ردعمل کا خیر مقدم کرتا ہے اور اس بات پر تاکید کرتا ہے کہ (بھارتی مسلمانوں کی منظم قتل و غارت کے) اس خطرناک مسئلے پر (امت مسلمہ کی طرف سے) ایک متفقہ موقف سامنے آنا چاہیئے۔ ڈاکٹر عارف علوی کا لکھنا تھا کہ نازی انتہاء پسندی اور میانمار کی مسلم نسل کُشی کے مدنظر یہ مسئلہ بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی کو جنم دے سکتا ہے۔ اپنے پیغام میں پاکستانی صدر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلم نسل کشی کے اس جیسے متعدد نمونوں کو نظرانداز نہ کرے۔
وزیراعظم عمران خان نے مظالم کا شکار بھارتی مسلمانوں کے حق میں آواز اٹھانے پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای اور ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران نے کہا کہ دونوں سربراہان نے بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف زبردست آواز اٹھائی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ افسوس ہے کہ مسلم ممالک کی طرف سےصرف چندایک آوازیں اس کی مذمت کر رہی ہیں، جبکہ مغرب میں ہندو بالادست مودی حکومت کی جانب سے بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں اور اس کی مذمت کی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے آیت اللہ خامنہ ای کے بھارتی مسلمانوں کی حمایت میں جاری بیان کوسراہتے ہوئے کہاکہ میں ہندوستان میں جاری مظالم اور مسلمانوں کی نسل کشی کےخلاف سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے بیان کا خیرمقدم حمایت اور تعریف کرتی ہوں ۔
سابق وزیر خارجہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے رہبر انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کے بیان پر درعمل دیتے ہوئے کہاکہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار بھارتی مظلوم مسلمانوں کے حق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کا بیان زبردست اور باہمت بیان ہے، ہندوستان کے مظلوم مسلمان بھارتی حکومت کی جانب سے بھیجےگئے آر ایس ایس کے غنڈوں کے ہاتھوں تعصب ، فاشزم اور اسلامو فوبیا کی بدترین شکل کا سامنا کررہے ہیں!