The Latest
وحدت نیوز (اسلام آباد) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے کہا ہے کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی پاکستان میں وحدت کے حقیقی علمبردار اور داعی تھے، جس کی واضح مثال اُن کا چار سالہ مختصر دور قیادت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی پچیسویں برسی کے موقع پر منعقدہ دفاع پاکستان کنونشن سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اُنہوں نے کہا کہ شہید قائد آئی ایس او پاکستان کے نوجوانوں کو بیٹوں کی حیثیت دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد پاکستان میں وحدت کی عظیم مثال تھے۔ دفاع پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اطہر عمران کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک مخصوص ٹولے کو دہشتگردی اور فرقہ واریت پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنسز اُس وقت تک بے نتیجہ رہیں گی جب تک پاکستان میں ظلم کا نشانہ بننے والی ملت جعفریہ کے تحفظات کو دور نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں شہید حسینی (رہ) کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے وطن عزیز میں اپنا رول ادا کرنا ہے، آج پاکستان میں تکفیری قوتیں محبان وطن کو قتل و غارت گری کا نشانہ بنا رہی ہیں، ہمیں چاہیئے کہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کردار ادا کریں اور حکومت پر یہ پریشر ڈالیں کہ دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں بلکہ شہداء کے خون کے عہد وفا نبھاتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کریں۔
وحدت نیوز ( لاہور ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے پنجاب یونیورسٹی سے حساس ادارے کی جانب سے سر سید ہاسٹل کے کمرہ نمبر 237 سے ایک غیر ملکی دہشت گرد کو گرفتار کیے جانے کے بعد یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری تعلیم انیس الحسن، مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر کمیل جعفری اور ڈویژنل صدر لاہور عابد حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ آئی ایس او پنجاب یونیورسٹی یونٹ کے رہنمائوں نے مرکزی صدر اطہر عمران کو بتایا کہ گذشتہ روز حساس ادارے کی ایک ٹیم نے پنجاب یونیورسٹی کے سر سید ہاسٹل کے کمرہ نمبر 237 سے ایک غیر ملکی دہشت گرد کو گرفتار کیا ہے، جو کالعدم تنظیم القاعدہ کا اہم کمانڈر بتایا جا رہا ہے۔ پکڑے جانیوالے دہشت گرد کو ایک مذہبی جماعت کی ذیلی طلبہ تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک عہدیدار نے پناہ دے رکھی تھی۔
مرکزی صدر کو بتایا گیا کہ یہ غیر ملکی دہشت گرد گذشتہ کئی روز سے پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹل میں مقیم تھا، القاعدہ سے تعلق رکھنے والے اس غیر ملکی کی ہٹ لسٹ پر اہم شخصیات تھیں، ملزم کو پنجاب میں تخریب کاری کی کارروائیوں کی قیادت کرنی تھی، وہ پہلے بھی قبائلی علاقوں سے ملک میں تخریبی کارروائیوں کی کمانڈ کر چکا تھا۔ کمانڈر کی گرفتاری کے سلسلے میں ہوسٹل انتظامیہ نے قانون نافذ کرنیوالے ادارے سے تعاون نہیں کیا جبکہ ایک طالب علم نے اپنا تنظیمی عہدہ بتا کر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کو خوف زدہ کرنے کی کوشش بھی کی۔
اس موقع پر آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سے مطالبہ کیا کہ اس مادر علمی کو دہشت گردوں کی جائے پناہ بنانے سے روکا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے لگتا ہے شرپسند عناصر اور غیر ملکی ایجنسیاں ایک بار پنجاب یونیورسٹی کا ماحول خراب کرنے کیلئے سازش کر رہی ہیں۔ اطہر عمران نے مزید کہا کہ ایسے واقعات مادر علمی کی بدنامی کا باعث ہیں، حکومت کو اس حوالے سے راست اقدام کرتے ہوئے یونیورسٹی میں دہشت گردوں اور غیر ملکیوں کو پناہ دینے والوں کے خلاف آپریشن کرنا چاہئے اور دہشت گردی کے واقعات میں ملوث کارکنوں کو یونیورسٹی بدر کیا جانا چاہئے۔
اُنہوں نے آئی ایس او کے نوجوانو ں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ جب بھی کوئی مشکوک شخص یونیورسٹی کی حدود میں دیکھیں تو فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع کریں، تاکہ یونیورسٹی کا ماحول خراب کرنے کی سازش کو ناکام بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ بہت جلد آئی ایس او پاکستان کا ایک وفد وائس چانسلر سے ملاقات کرے گا اور پنجاب یونیورسٹی میں قابض ایک مذہبی تنظیم کے کردار اور ان کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ترجمان علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے کہا ہے کہ 8 ستمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والا دفاع وطن کنونشن وطن عزیز کو مسائل کی دلدل سے نکالنے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں کل منعقد ہونے والے دفاع وطن کنونشن سے متعلق ’’اسلام ٹائمز‘‘ کیساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاع وطن کنونشن میں ملک کے مختلف صوبوں کیساتھ صوبہ خیبر پختونخوا سے بھی بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے۔ تمام اضلاع میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، اورکزئی اور پارا چنار سے کئی گاڑیوں پر مشتمل قافلے کل اعلی الصبح اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔ اور شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رح) کی رواح سے تجدید عہد کریں گے۔ جبکہ نوشہرہ، مردان، ٹانک اور چارسدہ سے بھی عوام کی شرکت ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبہ کی مختلف اہم شیعہ شخصیات اور علمائے کرام کو کنونشن میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اور انشاء اللہ خیبر پختونخوا کی دیگر ملی تنظیموں کے رہنماء بھی کنونشن میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاع وطن کنونشن میں مرکزی قائدین کی جانب سے آئندہ کا لائحہ عمل جاری کیا جائے گا اور پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فارمولہ پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے شہید قائد (رح) کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم کر رکھا ہے، ہم کسی صورت بھی اپنے ان مساعد حالات پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے، پاکستان ہماری مادر وطن ہے، اپنی مادر وطن کو ان مسائل سے نکالنے کیلئے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہو ر کے سیکرٹری جنرل علامہ امتیاز کاظمی، مولانا سید اظہر حسن اور باقر حسین نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں شیعہ نسل کشی کا سلسلہ کافی عرسے سے شروع ہے، بارہا ہمارے احتجاج، پریس کانفرنسز اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر کے آگاہ کرنے کے باوجود قانون نافذ کرنے والے اداروں اور نااہل حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، لاہور میں پروفیسر ڈاکٹر سید شبیہ الحسن سے شاکر رضوی ایڈووکیٹ اور حال ہی میں شیعہ تاجر مبشر رضوی اور ایڈووکیٹ سید ارشد علی شاہ جو کہ لیگل ایڈوائزر مجلس وحدت مسلمین تحصیل فیروز والہ تھے، کو نشانہ بنایا گیا اور ان کے قتل کو کہا گیا کہ دیرینہ دشمنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ رات کو گجرات میں سید فضیلت عرف پھول شاہ جو ایک معروف مذہبی شخصیت اور اتحادِ امت کے داعی تھے، کو اُن کے بیٹوں، پوتوں سمیت قتل کر دیا گیا اور اس شیعہ نسل کشی کو ذاتی اور پرانی دشمنی قرار دے کر شیعہ نسل کشی سے عوام اور میڈیا کی توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش کی گئی جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شیعہ نسل کشی روکنے میں ناکام ہو چکی ہے، گجرات واقعے میں وہی گروہ ملوث ہیں جنہوں نے پاک آرمی اور پولیس والوں کو نشانہ بنایا تھا۔ علامہ امتیاز کاظمی نے مزید کہا کہ پنجابی طالبان کے سامنے آنے کے باوجود نواز لیگ حکومت کا خاموش تماشائی بنے رہنا ایک المیے سے کم نہیں، عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکامی کا اعلان کرتے ہوئے حکومت دفاع کیلئے عوام کو خود اپنی حفاظت کرنے کی ہدایات جاری کرئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں کل ہونے والے دہشت گردوں کے جلسے میں کھلے عام دھمکی دی گئی کہ ہم انتقامی کارروائی کریں گے، یہ سانحہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ، ہماری حب الوطنی اور امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، انشاء اللہ ملک پر وقت آنے پر یہ قوم ثابت کر دے گی کہ دفاع وطن اور دہشت گردی کے خیبر کو ہمیشہ حسینیوں نے ہی فتح کیا ہے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ دفاع وطن کنونشن میں ایک لاکھ سے زائد فرزندان اسلام کی شرکت متوقع ہے۔ انشاءاللہ یہ اجتماع شام میں امریکہ اور اس کے ہمنوا عرب ممالک کی جارحیت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ ملت اسلامیہ کے اس عظیم اجتماع کے دوران عوام کو وطن عزیز کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور بحرانوں سے نکالنے کا راہ حل دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفاع وطن کنونشن کے حوالے سے دفاع دطن کارواں میں شریک افراد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی رہ کی 25 ویں برسی کی مناسبت سے ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے 8 ستمبر کو سرزمین اسلام آباد پر منعقد ہونے والے دفاع وطن کنونشن کے اجتماع میں ملک کے طول و عرض سے ایک لاکھ سے زائد فرزاندان اسلام کی شرکت ہوگی جو ملکی دفاع کے حقیقی پاسبان ہوں گے۔
وحدت نیوز (اصفہان) مجلس وحدت مسلمین نے ایران کے شہروں قم المقدسہ اور مشہد مقدس کے بعد اصفہان میں بھی تنظیمی فعالیت کا باقاعدہ طور پر آغاز کردیا ہے۔ اس حوالے سے اصفہان میں مجلس وحدت مسلمین کا تنظیمی اجلاس منعقد ہوا۔ جس کی صدارت مجلس وحدت مسلمین قم المقدسہ کے سابق سیکرٹری جنرل اور شعبہ اُمور خارجہ کے معاون علامہ سید محمد تقی شیرازی نے کی جبکہ مجلس وحدت مسلمین شعبہ المقدسہ کے سیکرٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں اصفہان میں مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ تعلق رکھنے والے علمائے کرام، طلاب اور جامعتہ المصطفی العالمیہ کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بھاری اکثریت سے مولانا سید تقی زیدی مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔ اس موقع پر علامہ غلام محمد فخرالدین اور علامہ سید محمد تقی شیرازی نے خطاب کیا۔ اُنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شیعوں کے لیے بیداری اور نجات کا سبب بنی اور ہمیں یہاں پر اتحاد و وحدت کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے کام کرنا ہوگا۔
علامہ سید تقی شیرازی نے مجلس وحدت مسلمین کا منشور پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے کراچی سے پاراچنار تک شیعہ قوم کے اندر جو بے حسی پیدا ہوچکی تھی اُسے عوام کے دلوں سے ختم کیا ہے۔ لوگوں کو عزت سے جینا سکھایا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی کھوئی ہوئی عزت دوبارہ پانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا اور اسی طرح ہم اپنے حقیقی دشمن امریکہ اور اسرائیل کو خط ولایت پر چل کر شکست دے سکتے ہیں۔ اجلاس میں خصوصی طور پر جامعتہ المصطفی العالمیہ اصفہان کے مسئول تحقیق حجتہ الا سلام آقای بہشتی، جامعتہ المصطفی العالمیہ کے مسئول فرہنگی و تربیتی و مشاور آقای محمد حسین اکبری، مسئول خوابگاہ طلاب اصفہان آقای عاشوری، مجلس وحدت مسلمین قم کے مسئول شعبہ زائرین و فرہنگی مولانا ذوالفقار علی اور مسئول دفتر مجلس وحدت مسلمین قم مولانا اسد عباس آہیر نے شرکت کی۔
وحدت نیوز ( اسلام آباد ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنرل علامہ شیخ نیئر عباس مصطفوی کے والد بزرگوار انتقال فرما گئے ہیں ، مرحوم گذشتہ کافی عرصے سے علیل تھے ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، نائب سربراہ علامہ امین شہیدی ، سیکریٹری تبلیغات علامہ شیخ اعجاز بہشتی نے علامہ شیخ نیئر عباس سے انکے والد بزرگوار کے انتقال پر تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ،اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پروردگار عالم مرحوم کو جوار آل محمد علیہم السلام میں جگہ عنایت فرمائے، ان کے صغیرہ اور کبیرہ گناہوں سے درگرز فرمائے ، اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
وحدت نیوز (کراچی) جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے تحت 7 ستمبر قادیانیوں کو کافر قرار دینے کے یادگار دن کے حوالے سے ’’ ختم نبوت (ص) ۔۔۔۔۔ تاریخ کا فخریہ باب ‘‘ کے عنوان سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں شہید ناموس رسالت (ص) سید علی رضا تقوی (رح) کے بھائی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ کانفرنس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کراچی کے امیر قاری عثمان، پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما بشارت مرزا، عوامی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما محفوظ یار خان، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما صدیق راٹھور، جمعیت علمائے اسلام (س) کے رہنما مفتی عثمان یار خان اور جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر برجیس احمد سمیت دیگر مذہبی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب میں علامہ صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ آج امت مسلمہ کو اتحاد و وحدت کے ذریعے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے، آج پاکستان میں عالمی سامراج کے ایجنٹوں نے ہر دہشت گردی اور قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے ایسے میں امت مسلمہ کے تمام فرقوں کو تمام اختلافات سے بالائے طاق رکھ اپنے مشترکات پر اکھٹے ہوکر دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
علامہ صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ 7 ستمبر کا دن اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ جب پاکستان کے شیعہ و سنی عوام نے اپنے مشترکات پر اتحاد کے ذریعے وطن عزیز میں قادیانی سازشوں کو عوام کے سامنے آشکار کیا، اس سلسلے میں پاکستان کی غیور عوام مولانا اسماعیل دیوبندی کی عظیم خدمات کو سلام پیش کرتی ہے کہ جنہوں نے اپنے دلائل کے ذریعے قادیانیوں کو کافر قرار دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مولانا اسماعیل دیوبندی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کی عوام دشمن کی سازشوں سے ہوشیار ہو اور امت مسلمہ کو مشکلات سے نکالنے کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ کانفرنس کے آخر میں قراردار کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ ختم نبوت کو نصاب میں شامل کیا جائے، 7 ستمبر کو یوم ختم نبوت سرکاری سطح پر منایا جائے، قادیانیوں کو ہر سطح کے سرکاری عہدوں سے دور کیا جائے۔
وحدت نیوز (گجرات) پنجاب کے ضلع گجرات کے شیعہ آبادی پر مشتمل نواحی گاؤں شادیوال میں تکفیری دہشت گردوں کی فائرنگ سے 7 افراد شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے، علاقے میں شدید اشتعال۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع گجرات کے شیعہ نشین علاقے شادیوال میں جسوکی کے علاقے میں تکفیری دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں علاقے کی معروف شخصیت اور مرکزی مجلس عزا کے بانی فضیلت حسین شاہ المعروف پھول شاہ سمیت 7 افراد شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ ایک عینی شاہد کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا کہ جب تمام شہداء سید پھول شاہ کے ڈیرہ پر موجود تھے، ایسے میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار دہشت گردوں نے سید پھول شاہ کا نام دریافت کرنے کے بعد ان پر اور جائے وقوعہ پر موجود دیگر افراد پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سید پھول شاہ کے بیٹے، دو پوتے اور بھتیجے سمیت دیگر عزیز شہید ہوگئے، شہداء کے نام فضیلت حسین شاہ المعروف پھول شاہ، غلام عباس، اعجاز علی، غضنفر حسین، سید سجاد شاہ، ارجز شاہ، اعجاز حسین شاہ، علی وقاص ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں میاں شفقت علی اور میاں نزاکت علی، رضوان شاہ، عاشق شاہ، رانا ساجد حسین شامل ہیں۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ شیخ سخاوت کا وحدت نیوز کے نمائندے سے کہنا تھا کہ سید پھول شاہ اور ان کے دیگر عزیز و اقارب کی شہادت کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دہشت گردوں کے مراکز پر آپریشن نہیں کرسکتی تو اسے حکومت کا کوئی حق نہیں ہے، ملک بھر میں فرقہ واریت کے نام پر تکفیری دہشت گردوں کو فعال کیا جارہا ہے، تاکہ پاکستان میں امت مسلمہ کو دست و گریبان کیا جاسکے لیکن پاکستان کی غیور عوام مذہبی انتہاء پسندوں کے سیاسی پشت پناہوں کو اپنے اتحاد سے مایوس کرے گی اور وطن عزیزکی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والے ناکام و نامراد ہوں گے۔
وحدت نیوز ( کراچی ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے اسلام آباد میں منعقدہ فاع وطن کنونشن میں شرکت کے لیئے کراچی سے دفاع وطن کاروان روانہ ہو گیا ہے ، اس کاروان میں سینکڑوں کی تعداد میں بزرگ ، جوان او ر بچے شامل ہیں ، دفاع وطن کاروان جیسے جیسے اپنی منزل عبور کرے گا ، اندرون سندھ کے مختلف شہروں یعنی حیدر آباد ، نواب شاہ ، مورو، خیرپور ، سکھر اور دیگر سے قافلے اس کاروان میں شامل ہو جائیں گے ، اس دفاع وطن کاروان کی قیادت مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی ، کراچی کے سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی ، صوبائی رہنما یعقوب حسینی اور عالم کربلائی کر رہے ہیں ۔یہ کاروان ہفتہ کی شب اسلام آباد کی حدود میں داخل ہو جائے گا ، اور شرکائے کاروان پریڈ گراؤنڈ میں دفاع وطن کنونشن کی تیاریوں میں بھی حصہ لیں گے ۔