وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا احمد اقبال رضوی ، کراچی کے رہنمامولانا صادق جعفری اور علامہ مبشر حسن نے اپنے مشترکہ بیان میں کراچی میں ملت جعفریہ کہ خلاف ریاستی اداروں کے کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسکو فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ چادر اور چار دیواری کو پامال کرتے ہوئے اب تک کراچی کے مختلف علاقوں سے80سے زائد شیعہ نوجوانوں ، عزاداروں اور صحافیوں کو بلاجواز گرفتار کرکے انکو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جارہاہے ۔ مجلس وحدت مسلمین کےرہنماؤں نے وزیر اعلی سندھ ، گورنر سندھ ، کور کمانڈر کراچی ، ڈی جی رینجرز سندھ اور آئی جی سندھ سے شیعہ دشمن اقدامات کے فوری روکنے اور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 ان کا کہنا تھا کہ اسطرح کے اقدامات سے ملت جعفریہ میں شدید عدم تحفظ پیداہورہاہے جس پرملت جعفریہ کےاکابرین کو فوری اعتماد میں لیا جائے ۔ مولانا احمد اقبال رضوی ، علامہ صادق جعفری اور علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں کہ کریک ڈاؤن میں چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہاہے جو کہ ناقابل برداشت ہے ۔ شہر کراچی ملت جعفریہ کےلیے نو گو ایریا بنایا جارہاہے جہاں کسی کا دفتر و گھر محفوظ نہیں رہا۔ انہوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں تاکہ حالات کو بگڑنے سے روکا جاسکے اور لاپتہ کیے جانیوالے شیعہ جوانوں ، عمائدین اور صحافیوں کو فوری طور پہ رہاکیا جائے ۔

وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ امور خارجہ نے دنیا بھر میں قائم اپنے دفاتر کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی مہم کا آغاز کردیا،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر شعبہ امور خارجہ کے سیکرٹری حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے دنیا بھر کے مختلف شہروں میں قائم دفاتر کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فورا اسلامی جمہوریہ ایران کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی مہم کا آغاز کریں جس میں میڈیا پر اشتہارات و کیمپس قائم کرکے عوام الناس سے ایران کے سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کی درخواست کی جائے۔

 ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ ایران اس وقت عالم اسلام کے اندر مزاحمت کے استعارے کے طور پر پہچانا جاتا ہے. سامراجی طاقتوں کی منفی تشہیر کیوجہ سے بین الاقوامی برادری بشمول مسلمان ممالک مصیبت کی اس گھڑی میں ایران کی مدد سے کترا رہے اور اس تباہ کن سیلاب پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ایسے میں امت مسلمہ کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ حکومتوں کا انتظار کیے بغیر مصیبت میں گھرے اپنے جیسے انسانوں کی مدد کے لیے قدم بڑھائیں اور یہی ہمارا شرعی و اخلاقی فرض بھی ہے. دفتر شعبہ امور خارجہ کے مطابق پہلے مرحلے میں دنیا بھر کے 8 مختلف مقامات پر امدادی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جسے بعدازاں مزید اہم مقامات تک پھیلایا جائے گا. ان مقامات میں برطانیہ, آئرلینڈ, سوئزرلینڈ, نجف اشرف, قم المقدس, مشہد المقدس, اصفہان اور کویت کے چند اہم شہر شامل ہیں. ان مقامات میں مقیم کمیونٹیز مجلس وحدت مسلمین کے مقامی نمایندے سے رابطہ کرکے ڈونیشنز جمع کروانے کا طریقہ دریافت کرسکتے ہیں۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سانحہ چلاس گلگت بلتستان کی تاریخ کا بدترین افسوسناک واقعہ ہے۔ سانحہ چلاس جیسے اندوہناک واقعے سے دلوں کو جو زخم پہنچے ہیں وہ مندمل ہونا ممکن نہیں۔ سانحہ چلاس کے مجرموں کو تاحال کسی قسم کی سزا نہ ملنا افسوسناک اور شرمناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ چلاس جیسے واقعات کے ذریعے دشمنوں نے کوشش کی علاقے میں فرقہ واریت کو ہوا دے لیکن گلگت بلتستان کے باشعور عوام نے اسے کامیاب ہونے نہیں دیا۔ دشمن گلگت بلتستان میں اب بھی فرقہ واریت یا لسانیت کے ذریعے امن و امان اور بھائی چارگی کی فضاء کو تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے۔دہشتگردی اور فرقہ واریت میں ملوث افراد کا تعلق کسی بھی مذہب سے نہیں بلکہ یہ انسانیت دشمن ٹولہ ہے۔اسلام تمام مسلمانوں کو بھائی قرار دیتا ہے اور تمام انسانوں کی سلامتی کا ضامن دین ہے۔ فرقہ واریت اور لسانیت سمیت دہشتگردی کے واقعات میں ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ چلاس، سانحہ کوہستان ، سانحہ بابوسراور سانحہ نانگا پربت عالمی دہشتگردوں کی سازشوں کا شاخسانہ تھا اور اس میں ملوث تمام کردار وں کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے لیکن تاحال انہیں سزا نہ دینا لمحہ فکریہ اور سکیورٹی اداروں پر سوالیہ نشان ہے۔ ان سنگین دہشتگردی کے واقعات میں ملوث افراد کو تختہ دار پر لٹکانا چاہیے۔ پورے خطے کے عوام کی نگاہیں مقتد ر اداروں کی طرف ہیں اور اب تک اس انتظار میں ہے کہ دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستا ن میں ماضی میں ہونے والے سانحات میں شہید ہونے والے افراد کو سرکاری سطح پر شہداء تسلیم کیا جائے۔

وحدت نیوز (گلگت) چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے صوبائی حکومت کی سمری قابل قبول نہیں۔حکومت ابھی سے پری پول رگنگ میں مصروف ہوگئی ہے۔چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے بصورت دیگر من پسند تقرری کی گئی تو الیکشن نتائج متنازعہ قرار پائینگے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی و ضلعی عہدیداران سید علی رضوی کی سربراہی میں وحدت ہائوس اسلام آباد منعقد ہونے والے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی میں میرٹ کو پائمال کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا اور صوبائی حکومت کے اس اقدام کو انتخابی نتائج کو اپنے حق میں تبدیل کرنے کی پیش بندی قرار دے کر اسے یکسر مسترد کردیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید علی رضوی نے کہا کہ صوبائی حکومت کا اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لئے بغیر یکطرفہ طور پر چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا فیصلہ انتخابی نتائج کو متنازعہ بناکر علاقے میں انتشار اور انارکی پھیلانے کی سازش ہے جسے کسی طور تسلیم نہیں کیا جائے گا۔چیف الیکشن کمشنر غیر جانبدار اور تمام سیاسی جماعتوں کیلئے قابل قبول ہونا چاہئے تاکہ انتخابات شفاف اور منصفانہ ہوں لیکن لیگی حکومت کوآنے والے انتخابات میںبدترین شکست کے آثار نظر آچکے ہیں اور من پسندچیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے ذریعے انتخابات نتائج کو اپنے حق میں تبدیل کرنا چاہتی ہے حالانکہ گلگت بلتستان میں اہل اور دیانتدار افراد کی کمی نہیں اور سمری میں جن افراد کی سفارش کی گئی ہے ان پر تمام سیاسی جماعتوں کو تحفظات ہیں۔ان میں سے ایک کے خلاف جوڈیشل کونسل میں پٹیشن بھی داخل ہے اس کے باوجود ایسے افراد کو چیف الیکشن کمشنر کی پوسٹ کیلئے نام بھیجنا قرین انصاف نہیں۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت کی سمری کو واپس کیا جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کے مشورے سے قابل قبول ،اہل اور دیانت دار چیف الیکشن کمیشن کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تاجدار امامت کے ساتویں تاجدار کی شہادت کے موقع پر عالم اسلام کو تسلیت پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امام موسی کاظم ؑ کی زندگی حق و صداقت کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے لیے نمونہ عمل ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا طویل ترین عرصہ قید میں گزارنا قبول کیا لیکن ظالم و جابر حکومت کے سامنے سر خم نہیں کیا۔ فرزند رسول حضرت موسی کاظم ؑ کی زندگی ہمیں بتاتی ہے کہ جیل کی تاریکیوں میں کلمہ حق بلند کرتے رہنا اصل آزادی اور اسی قید کی حالت میں مرجانا اصل زندگی ہے جبکہ ظالم و جابر اور اسلامی شعائر کی تضحیک کرنے والوں کے ساتھ زندہ رہنا اصل موت اور غلامی ہے۔

آغا علی رضوی نے کہا کہ شہاد ت اور زندان کی تاریکیاں حق پرستوں کے لیے اعزاز اورخدا کی عنایت میں سے ہے۔ حق کی خاطر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنا آزاد انسان کی نشانی ہے۔ امام مظلوم نے ائمہ علیہم السلام میں سب سے زیادہ قید کی زندگی گزاری اور زندان میں ہی شہید ہوئے۔امام ؑ نے ہتھکڑیاں قبول کیں، زندان قبول کیے اور آخر میں شہادت کو بھی قبول کیا لیکن وقت کے ظالم حکمران کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ عہد حاضر میں دین اور حق کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے لیے امام موسیٰ کاظم ؑ کی مزاحمتی زندگی ایک عظیم نمونہ عمل ہے۔ امام ؑ نے اپنے کردار سے ثابت کیا کہ حق کی خاطر کوئی قیام کرے تو دنیا کی کوئی طاقت بھی انہیں نہیں جھکا سکتی۔ حکومتیں سر تن سے جدا تو کر سکتی ہیں لیکن سر کو جھکا نہیں سکتی۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں مرکزی رہنما اور سابق وزیر قانون بلوچستان آغا رضا نے کہاکہ اگر ہم اس بات کے خواہاں ہیں کہ صوبے سے دہشتگردی، بدعنوانی اور دیگر مسائل کا خاتمہ ہو تو ہمیں سب سے پہلے ابتداء اپنی ذات سے کرنی پڑے گی۔ جب ہماری اصلاح ہوگی اور ہم تعمیری سوچ اپنائیں گے تو صوبے میں مثبت تبدیلیاں نظر آئیں گی اور ہم ان مثبت تبدیلیوں کی وجہ سے ترقی کے سفر پر نکل پڑیں گے۔

آغا رضا نے مزیدکہاکہ یہ بات ہم سب پر روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ صوبے کے ترقی کا دارومدار کا انحصار عوام پر ہے، لہٰذا عوام کو چاہئے کہ تعمیری سوچ اپنا کر صوبے کی ترقی میں ہاتھ بٹائے ۔انہوں نےمزیدکہاکہ  حکومت اور دیگر سیاسی جماعتوں پر بھی بہت سی ذمہ داریاں بنتی ہے، کوئی اکیلا کچھ نہیں کر سکتا سب کو ایک دوسرے کی مدد کرنی ہوگی ان باتوں پر عمل کرنے سے ہی کامیابی ہمارے قدم چھومے گی۔ بیان کے آخر میں کہاگیا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے با شعور عوام ان باتوں کو سمجھ سکتی ہے اور اس بات کا بھی یقین ہے کہ بلوچستان میں رہنے والا ہر فرد صوبے کی ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree