وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن کے دفتر سے جاری ایک بیان میں صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ آغا رعلی رضوی نے کہا ہے کہ حالیہ گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات میں پارٹی ڈسپلین کی مبینہ خلاف ورزی پر رکن اسمبلی کاچو امتیاز حیدر خان سے تحریری وضاحت طلب کی ہے اور اس وضاحت کی روشنی میں مرکزی قائدین اور صوبائی قائدین فیصلہ کریں گے۔ اس سلسلے میں کمیٹی بھی قائم کی جارہی ہے جو معاملے کو باریک بینی سے دیکھے گی اور عوامی امنگوں کے مطابق اقدامات اٹھائے گی۔ گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات میں ایک ووٹ کی کمی بیشی کے مسئلے کو قوم کا سب سے بڑا مسئلہ بنا کر پیش کیا جارہا ہے اور اس کی آڑ میں عوامی حقوق کے لیے اٹھنے والی آواز کو دبانے کی کوشش ہورہی ہے۔ جی بی کونسل کے انتخابات کو ہی ان دنوں میں کرایا گیا جب عوام کی نظریں گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت اور اکنامک کوریڈور میں گلگت بلتستان کے حصہ پر لگی ہوئی تھیں۔ حالیہ سیلاب اور بارشوں کے دوران کی جانے والی مصنوعی قلت بھی عوامی توجہ عوامی حقوق سے ہٹانے کی کوشش تھی جس میں وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کامیاب ہوگئی ہے۔
بلتستان میں یا موت یا حقوق کا نعرہ بلند ہوتے ہی اس خطے کو 67 سالوں سے محروم رکھ کر اپنی تیجوریاں بھرنے والے حکمران کی نیندیں اڑ گئی تھی اب وہی طبقہ چاہتا ہے کہ جی بی کونسل کے انتخابات کی آڑ میں حقوق کے لیے اٹھنے والی آوازوں کو دبایا جاسکے جو کہ ممکن نہیں۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دلانے، اکنامک کوریڈور میں حصہ دلانے، خالصہ سرکار کے نام پر زمینوں پر قبضہ کے خلاف، گلگت اسکردو روڈ کی تعمیر کے لیے، گلگت بلتستان میں ٹیکس کے نفاذ کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔ گلگت بلتستان کونسل الیکشن ہو یا عام انتخابات فتح و شکست سیاسی جدوجہد کا حصہ ہے اس طرح کے معاملات سے نہ عوام کے حوصلے پست ہونگے اور نہ ہم اپنے اہداف سے پیچھے ہٹیں گے۔ اسی کو موضوع بناکر عوامی عزم و حوصلے کو کمزور کرنے والے اپنے عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونگے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم کی سیکورٹی پر مامور 7 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن کیے بغیر کراچی اور ملک میں امن و قیام ممکن نہیں، پولیو مہم معطل نہ کی جائے، ایسا کرنا دہشت گردوں کی بالادستی قبول کرنے کے مترادف ہوگا، ملک کو دہشت گردی سے مکمل نجات دلائی جائے، اورنگی ٹاؤن کراچی کالعدم دہشت گرد مذہبی انتہا پسندوں کا مرکز ہے لیکن ادارے ان کے خلاف آپریشن سے کیوں گریزاں ہیں۔ اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمران طبقہ دہشت گردی پر قابو پانے میں سنجیدہ نہیں، کالعدم جماعتیں ہوں یا چھوٹو گینگ یہی عناصر ان کی سرپرستی کرتے ہیں، 7 پولیس اہلکاروں کی شہادت یہ پیغام دے رہی ہے کہ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار تکفیری مدارس، کالعدم تکفیری جماعتوں کے خلاف ملک کے طول و عرض میں پھیلایا جائے تاکہ وطن عزیز کو ان کی دہشت گردی سے پاک کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کو چاہیئے کہ محض بیانات دینے اور کمیشن یا کمیٹی بنانے کے بجائے صوبے بھر میں دہشت گردوں کے مراکز سمیت دہشت گردوں کے ریاستی اور سیاسی سہولت کاروں پر بھی ہاتھ ڈالا جائے تاکہ ان کی ریاستی اداروں میں رسائی کو روکا جاسکے۔ علامہ مختار امامی نے شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں خانوادہ شہداء، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے، شہید پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ دویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے رہنمااور کونسلر کربلائی عباس علی نے کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے جاری صفائی مہم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صفائی مہم کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کیلئے فنڈ کا اعلان کیا، جسکا مقصد شہر کی خوبصورتی نکھارنا ہے، میٹروپولیٹن کو یہ ہدایت کی گئی تھی کہ ان پیسوں سے کونسلرز کے ذریعے ان کے علاقوں میں کام کروائے مگر اس حکومتی ہدایت پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کی جانب سے یہ کہا جا رہا ہے کہ شہر کے تمام علاقوں میں صفائی کا کام جاری ہے مگر علمدار روڈ میں کسی بھی قسم کا کام ابھی تک شروع نہیں کیا گیا ہے۔ صفائی مہم سے ہمارے علاقوں کو محروم رکھا جا رہا ہے اور بعض کونسلرز کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔میٹرو پولیٹن کے تمام علاقوں میں کام کے دعوے صرف کاغذی کاروائیوں تک محدود ہیں، عملی اقدامات کا کوئی نام و نشان نظر نہیں آرہا۔ اگر شہر میں کام کروایا جا رہا ہے توذمہ داران تمام کونسلرز کو یک نگاہ سے دیکھے اور انصاف کا دامن تھامتے ہوئے تمام اراکین کے علاقوں میں کام کا آغاز کروائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کو دیا جانے والا پیسہ عوام کے ٹیکسوں سے جمع کیا گیا ہے اور ان پر عوام کا حق ہے۔ ان کا استعمال عوام کیلئے کرنا ہوگا، ہمارے علاقوں کی صفائی مہم سے محرومی ناقابل برداشت ہے۔ ہم سب عوامی نمائندے ہیں ہمیں عوام نے منتخب کیا ہے اور وہ ہم سے کام اور بہترین نتائج کے توقعات رکھتے ہیں۔ میٹروپولیٹن سے تمام اراکین وابسطہ ہیں تو حق بھی سب کو ملنا چاہئے اور کام تمام علاقوں میں یکساں طور پر شروع ہونا چاہئے۔ یکطرفہ فیصلہ اور کام ہماری نظر میں قابل قبول نہیں۔ بعض کونسلرز کے ساتھ ناجائز رویہ اختیار کیا جا رہا ہے اور ان کے علاقوں میں کام نہ کروا کر، انہیں انکے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر میٹرو پولیٹن کے ذمہ داران کے رویے میں تبدیلی نظر نہیں آئی تو مجبوراً ہمیں اپنے حق کیلئے مزید جدوجہد کا آغاز کرنا ہوگا اور مجلس وحدت مسلمین کے کونسلرز کو اپنا فیصلہ کرنا ہوگا۔
ایم ڈبلیوایم غریبوں، محروموں اور مظلوموں کے حقوق کی خاطر میدان میں آئی ، سید محسن رضا جعفری ایڈووکیٹ
وحدت نیوز(چکوٹھی) غریبوں، محروموں اور مظلوموں کی خاطر میدان میں آئے، اقتدار مقصد ہوتا تو کہیں اور ہوتے ، مجلس وحدت مسلمین کا مشن و مقصد حقوق انسانی کے لیے جدوجہد ہے، ان خیالات کا اظہار ریاستی سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا جعفری ایڈووکیٹ نے حلقہ پانچ کے دورے کے دوران چکوٹھی میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس دوران ان کے ساتھ ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد محمود عباسی ، سیکرٹری تعلیم سید ممتاز نقوی ، سیکرٹری جنرل ہٹیاں سید محب ہمدانی ،سید مشتاق شاہ کاظمی و دیگر بھی موجود تھے ، سید محسن رضا جعفری ایڈووکیٹ نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین حلقہ پانچ کے لوگوں کے حقوق کی بازیابی چاہتی ہے، ان کی مضبوطی ،استحکام و دوام چاہتی ہے، اس مقصد کے لیے اس حلقے کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، ہمیں عوام نے بہت پذیرائی دی، عوامی خواہش کے تحت مجلس میدان عمل میں اتری ہے ، مجلس وحدت مسلمین کے ذمہ داران کو اقتدار کا لالچ نہیں ، ہم اس اقتدار کو جوتی کی نوک پر رکھتے ہیں جو ذاتی مفاد کے لیے ہو، جس میں غریبوں ، محروموں و مظلوموں کی بات نہ ہو، وہاں کسی کو کیا حق حکمرانی پہنچتا ہے کہ جہاں اس کی ریاست میں رہنے والے لوگ خط غربت سے بھی نیچے کی زندگی بسر کر رہے ہوں ، لوگوں کو پینے کا پانی، رہنے کو گھر ، امور کے لیے روزگار میسر نہ ہو، ایسے حکمران اب نہیں چاہییں جن کے پاس اپنے پیسے بنانے کی تو پلاننگ موجود ہو مگر عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوئی پروگرام نہ ہو، سید محسن رضا نے کہا کہ پانامہ لیکس کے شکار لوگوں کو عوام پہچان چکے ہیں ، اب اپنی امانت ان کے سپرد نہیں کریں گے، عجب کہانی ہے کہ جو کاروبار ،اولاد، کوٹھیاں اور علاج لندن میں کرواتے ہیں مگر حکومت پاکستان میں کرتے ہیں ، عوام کا پیسہ چوری کرنے والوں کے خلاف عوام اٹھ کھڑے ہوں، مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر منظم حکمت بنا رہی ہے اور حکمرانوں سے ایک ہی مطالبہ رکھتی ہے کہ اس ملک کی جان چھوڑتے ہوئے خود کو احتساب کے لیے پیش کرو اور عوام کا پیسہ عوام کے حوالے کرو۔ سید محسن رضا نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ہر ظالم کے خلاف ہے چاہے وہ معاشی ظالم ہو، سیاسی ظالم ہو ، جو بھی اس ملک کی عوام پر کسی بھی طرح سے ظلم کرے گا ہم اس کے خلاف ہیں ، اسی لیے عوام کے درمیان ہیں ، انشاء اللہ عوام میں رہ کر عوام کی خدمت کریں گے۔
وحدت نیوز (مظفرآباد) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت عالمی برادری نوٹس لے، انڈیا بے گناہ کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، ان خیالات کا اظہار ریاستی سیکرٹری اطلاعات مولاناحمید نقوی نے وحدت سیکرٹریٹ میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت ، عالمی برادری نوٹس لے، انسانی حقوق کی تنظیمیں کن اصولوں پر کام کر رہی ہیں ، بتایا جائے، قضیہءِ کشمیر کا پائیدار حل مذاکراتی عمل میں آر پار کی کشمیری قیادت کو شامل کرنے میں ہے، کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے، کشمیری طلباء پر علم کے دروازے بند کیے جارہے ہیں ، مستقبل کے معماروں کا مستقبل تاریک کیا جارہا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں ، طاقت کے زور پر کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا ۔ او آئی سی کے کشمیر کے حوالے سے بیان خوش آئیند ہے اس عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے ۔ علامہ تصور جوادی نے مزید کہا کہ اگر کہیں کوئی جانور بھی مر جائے انسانی حقوق کی عالمی تنظیمات آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں ، سوال ہے کیا مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے انسان نہیں ، کیوں عالمی برادری آنکھیں بند کیے ہوئے ہے ، ہم بھرپور آواز احتجاج بلند کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی مظلوم و محکوم عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ آئس لینڈ، پولینڈ اور اسپین کے وزار سمیت دیگر مقتدر شخصیات کا مستعفی ہونا پانامہ لیکس کے درست ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ پوری قوم وزیراعظم نواز شریف کے فوری استعفی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت راجن پور میں وہی عمل دہرا رہی ہے جو اس نے ماڈل ٹائون میں کیا تھا، پنجاب انتظامیہ نے جان بوجھ کر پولیس اہلکاروں کو چھوٹو گینگ کے حوالے کیا ہے۔ صوبہ پنجاب اور بالخصوص جنوبی پنجاب میں کراچی طرز کا ملٹری آپریشن ہمارا دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔ لیکن حکومت انہیں فوج کے ہاتھوں گرفتار کروانے کی بجائے پولیس کی مدد سے ختم کرنا چاہتی تھی تاکہ جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے ثبوت کو مٹایا جا سکے۔
انہوں نے مذید کہا کہ پنجاب حکومت میں وزرا، ایم پی ایز اور اعلی حکومتی عہدیداران چھوٹو گینگ کے سہولت کار ہیں۔ راجن پور میں بھرپور فوجی آپریشن نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثنااللہ کے اس دعوے کی قلعی کھول دی ہے کہ پنجاب میں کوئی نوگو ایریا موجود نہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ رینجرز کو پنجاب میں سندھ اور کراچی طرز کے اختیارات دیے جائیں۔ جن شخصیات کے کالعدم جماعتوں سے رابطے ہیں ان کے خلاف بھی بھرپور فوجی آپریشن کیا جانا چاہیے۔