وحدت نیوز(لاہور) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے لاہور میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما راجہ ناصر عباس، انکی دیگر لیڈر شپ اور کارکنوں کے آئینی، قانونی اور جائز احتجاج کو 53روز گزر گئے، مگر کوئی حکومتی کارندہ ٹس سے مس نہیں ہوا، جو بے حسی کی انتہا ہے۔ عوامی تحریک کے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سے آئے ہوئے رہنماؤں اور مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کرپٹ حکمرانوں کے نزدیک مظالم کے شکار عوام کے احتجاج کی کوئی وقعت نہیں، لوگ جب تک اپنے مقتولوں کی لاشیں اٹھا کر وزیراعلٰی ہائوس، گورنر ہائوس، وزیراعظم ہائوس یا پارلیمنٹ کے باہر دھرنے نہ دیں، تو ایف آئی آر تک درج نہیں ہوتی، اس ظلم کے نظام نے کمزور کو انصاف سے محروم کر رکھا ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اس بات پر کوئی دوسری رائے نہیں ہے کہ دہشتگردوں کے ہمدرد موجودہ حکمرانوں نے قومی ایکشن پلان کی روح کو ختم کر دیا ہے اور سیاسی مخالفین کو مارا جا رہا ہے، یہی باتیں مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کر رہی ہے اور ہم ان کے موقف کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جواب دیں کہ 2010ء سے 2016ء کے درمیان شیعہ کمیونٹی کے 34 سو سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ کیوں ہوئی؟ اور اس قتل و غارت گری کے منصوبہ ساز اور ذمہ دار گرفت میں کیوں نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے پارہ چنار میں شیعہ کمیونٹی کے افراد کی جائیدادوں پر قبضے کی جو بات کی ہے، اس کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں کے اصولی اور جائز مطالبات پورے کئے جائیں۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی دفتر کے عہدیدار ارشاد حسین بنگش حادثے کا شکار، تفصیلات کے مطابق پشاور سے پارا چنار آنے والی کار کو گوساڑ کے قریب حادثہ پیش آگیا، تمام مسافر محفوظ رہے۔ جنہیں ہیڈ کوارٹر ہسپتال پارا چنار میں فوری طبی امداد کے لئے منتقل کر دیا گیا۔ حادثہ میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ارشاد حسن بنگش بھی شامل ہیں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان نے بھی علامہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال اور مطالبات کی مکمل حمایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق فضل عباس کی قیادت میں اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے اعلٰی سطح کے وفد نے اسلام آباد پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی اور انہیں اپنی جماعت کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ اصغریہ آرگنائزیشن کے فضل عباس کا کہنا تھا کہ وہ علامہ ناصر عباس کی ہمت کو داد دیتے ہیں اور ان کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، حکومت کے سامنے رکھے گئے مطالبات کسی ایک جماعت کے نہیں بلکہ یہ پوری شیعہ قوم کے مطالبات ہیں، ہم کہتے ہیں کہ حکومت فی الفور ان مطالبات پر کان دھرے اور ان پر عمل درآمد شروع کرے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی، علامہ عبدالخالق اسدی اور علامہ اقبال بہشتی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے وفد کی بھوک ہڑتالی کمیپ میں آمد کا خیرمقدم کیا اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ وہ آخری سانس تک شیعہ حقوق کا دفاع کریں گے، فقط ہمارے مطالبات مان لینا کافی نہیں ہوگا، جب تک مطالبات پر عمل درآمد شروع نہیں ہوتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) ریاست گیر یوم القدس، فضا مردہ باد امریکہ مردہ باد اسرائیل مردہ باد بھارت کے نعروں سے گونج اٹھی ، رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منایا گیا ، تفصیلات کے مطابق ریاست بھر میں احتجاجی ریلیز کا انعقاد کیا گیا ، میرپور ، کوٹلی ، باغ ، ہٹیاں بالا، نیلم سمیت تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ، مرکزی احتجاجی ریلی مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری مظفرآباد سے نکالی گئی ، ریلی کی قیادت سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل آزاد کشمیر علامہ مفتی سید کفایت حسین نقوی ، ڈویژنل صدر آئی ایس او سید رضی عباس ، علامہ جواد الحسن سبزواری و دیگر زعمائے ملت نے کی ، ریلی گیلانی چوک پہنچ کر بڑے احتجاجی اجتماع کی شکل اختیار کر گئی ۔
علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ یوم قدس کسی شیعہ یا سنی کا نہیں بلکہ اسلام کا دن ہے ، یہ وہ دن ہے کہ جب ہم مظلوم کی حمایت میں میدان میں نکلتے ہیں ، ظالم سے اظہار نفرت کرتے ہیں ۔ قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینی مسلمانوں ، کشمیر کے مظلومین سمیت دنیا کے ہر مظلوم کی حمایت میں آواز بلند کرتے ہیں ، یوم قدس یوم اللہ و یوم رسولؐ ہے یہ تقاضہ رکھتا ہے کہ مظلوم کی حمایت میں باہر نکلیں اور امریکہ کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف آواز بلند کریں ، اسرائیل عالم اسلام کے دل میں ایک خنجر کی مانند ہے ، عالم اسلام متحد ہو کر اس خنجر کو توڑ ڈالے ، غزہ کا محاصرہ اسرائیل کے ناجائز ہونے کی ناجائز ہے ، اسرائیل جتنا بھی ظلم کر لے اس کا انجام قریب ہے ، عرب ممالک جو اپنی بادشاہت کے بچاؤ کے لیے تو اتحاد بنا لیتے ہیں ، اسلامی ممالک کے خلاف تو اتحاد بنا لیتے ہیں لیکن سوالیہ نشان ہے کہ کیوں اسرائیل کے خلاف اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں کوئی اتحاد نہیں بنتا ، اس دن کو منانے کا مقصد جہاں مظلومین جہاں کی حمایت ہے وہاں اسلامی دنیا سے ہوش کے ناخن لینے کی بھی آواز ہے ، علامہ تصور جوادی نے کہا کہ ہم ہر ظالم کے خلاف اور ہر مظلوم کے حامی ، اب چاہے مظلوم کشمیر کا ہو یا عراق کا ، شام کا ہو یا افغانستان کا جہاں جہاں ظلم ہے ہم اس کے خلاف ہیں ، بھارت مقبوضہ وادی میں ظلم کی المناک داستانیں رقم کر رہا ہے ، بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال بارے شرکاء سے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ آج مظلومین پاکستان کی آواز بن کر اسلام آباد کے وسط میں ایک مرد مجاہد 13مئی سے بیٹھا ہے ، مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ، واضح رہے ملت کشمیر علامہ راجہ ناصر عباس کے ساتھ ہے، پاکستان کے اندر دہشتگردی ختم کرنے ،قائد و اقبال کے پاکستان کو لوٹانے کی بات کرنے والا محب وطن رہنما ، لائق صد تحسین ہے ، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے تمام تر مطالبات جائز ہیں ، مرحلہ وار قوم حکمرانوں بتا دے گی کہ تمہاری چپ نے ہماری بیداری اور تمہارے اقتدار کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے ، 22جولائی ملک جام ہو گا ، اسلام آباد میں اجتماع ہو گا ، پھر یہ قوم لانگ مارچ کے لیے نکلے گی پھر تمہیں پتہ چلے گا کہ حسینی جب میدان عمل میں نکل آئیں تو انہیں واپس بھجوانہ ناممکن ہے ، علامہ تصور جوادی نے کہا کہ سربراہ مجلس وحدت مسلمین سے اظہار یکجہتی کے لیے اور مملکت خداداد پاکستان میں منظم ٹارگٹ کلنگ کے خلاف عید کے روز سیاہ پٹیاں باندھ کر عید کی نماز پڑھیں گے ۔
وحدت نیوز(سکھر) ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی بیت المقدس کی آزادی اور اس پر اسرائیلوں کے تسلط کے خلاف شیعہ تنظیموں کی جانب سے یوم القدس منایا گیا اور ریلیاں نکالی گئی۔ حیدری مسجد پرانہ سکھر سے مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے سکھر پریس کلب تک ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت علامہ محمد عالم شاہ موسوی، مولانا امداد حسین الحسینی، مولانا ریاض حسین روحانی،چوہدری اظہرحسن، کاشف حسین و دیگر نے کی۔
سکھر پریس کلب کے سامنے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے بیت المقدس پر اسرائیل کے تسلط کی مذمت کی اور کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو بیت المقدس کی آزادی کے لیے متحد ہوجانا چاہیئے اور اس کے خلاف آواز اٹھانا چاہیے۔ رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے فلسطین میں اسرائیل کی حالیہ جارحیت پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی کو افسوسناک اور دہرا معیار قرار دیا اور اس معاملے پر اسلامی ممالک کے سربراہاں مملکت کی خاموشی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح فلسطین میں مسلمانوں پر بمباری اور انہیں شہید کیا جا رہا ہے اگر اس طرح کسی اور ملک میں ہوتا تو انسانی حقوق کا سب سے بڑا علمبردار امریکہ اس پر خاموش نہ بیٹھتا اور تمام غیر اسلامی ممالک اس پر چڑھ دوڑتے مگر افسوس کہ اسرائیل کے خلاف کچھ نہیں کیا جا رہا ہے۔
وحدت نیوز(لاڑکانہ) جمعتہ الوداع یوم القدس کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے ریلی نکالی گئیں جس میں جماعت اسلامی، سنی اتحاد کونسل، پاکستان عوامی تحریک سمیت دیگر جماعتوں کے کارکنان نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت مولانا محمد علی شر، مشتاق حسین مشہدی، کاشف سعید شیخ و دیگر نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں کے قبلہ اول اور انبیا کی عبادت گاہ بیت المقدس پر ناجائز قبضے اور بے گناہ فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم کی جتنے مذمت کی جائے کم ہے، رہبر انقلاب آیت اللہ سید روح اللہ خمینی کے فرمان پر لبیک کرتے ہوئے تمام مسلمان ایک پلیٹ فارم پر یوم القدس کے دن یہ اعلان کرتے ہیں کہ ہم ہر ظالم کے خلاف ہر مظلوم کے حامی ہیں، بیت المقدس پر صیہونیت کی ناپاک وجود کو ختم کرنے کے لیے تمام مسلمانوں کو اکھٹا ہونا پڑے گا کیونکہ یہ مسئلہ کسی مخصوص فرقے کا نہیں بلکہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔