وحدت نیوز (مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر شعبہ تنظیم سازی اجلاس ، سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی کی خصوصی شرکت۔ صدارت ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید طالب حسین ہمدانی نے کی۔ جبکہ اجلاس میں سیکرٹری تنظیم سازی سید حسین سبزواری ، ترجمان سید حمید حسین نقوی ، ضلع میرپور سے سید ناظر کاظمی ، سید حسن کاظمی ، نیلم سے سید سعادت علی کاظمی ، سید وقار کاظمی، ضلع مظفرآباد سے سید محسن بخاری ، سید ممتاز نقوی اور ضلع پونچھ سے مولانا سید شاہنواز حسین کے علاوہ دیگر اضلاع سے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں نو رکنی تنظیم سازی کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا فیصلہ کیا گیا کہ تنظیم سازی کے لیے کوششیں تیز کی جائیں گی۔ نئے اضلاع کے اضافے کے ساتھ ساتھ سابقہ اضلاع کو فعال کیا جائے گا۔ رابطہ مہم کے ذریعے یونٹ سطح تک دورہ جات کو یقینی بنایا جائے گا۔ آئندہ اجلاس مارچ کے دوسرے ہفتے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔ جس میں تین ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا، تنظیم سازی کونسل ”جوادی کے لیے انصاف“ تحریک میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین الہی تنظیم ہے۔ مقصد ملت محرومہ کی آواز کی بننا ہے۔ اس راستے میں یقینا مشکلات و مصائب ہیں۔ کہیں جبری اغوا ہے کہیں دہشتگردانہ حملے۔ مگر چونکہ ہدف و مقصد پاک ہے اور الہی ہے۔ تو ہم نے رکاوٹوں کو عبور کرنا ہے۔ ہم حسین ابن علی علیھم السلام کے راستے کے راہی ہیں۔ مصائب و مشکلات ہمیں نہیں روک سکتی۔ انہوں نے آخر میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان برادر ناصر عباس شیرازی کی صحت و سلامتی کے لیے دعا کی اور شرکائے اجلاس نے برادر کی استقامت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اجلاس کا اختتام تنظیمی قائدین ، مسئولین و کارکنان کی سلامتی ، لا پتہ افراد کی بازیابی اور علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی کی مکمل صحت یابی کے لیے دعا سے کیا گیا۔ دعا مولانا سید شاہنواز حسین نقوی نے کروائی۔