وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کوئٹہ میں ایک بار پھر زائرین کی بس پر افسوسناک حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو ملک بھر میں جاری دہشت گردی اور منظّم شیعہ کشی کا تسلسل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ زائرین کی بسوں پر تسلسل کے ساتھ حملے سکیورٹی اداروں کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ان علاقوں میں جہاں دہشت گردوں کی تربیت گاہیں موجود ہیں فوجی آپریشن ناگزیر ہے۔ فوجی آپریشن نہ ہونے کیصورت میں قیام امن ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اور اس طرح کے واقعات حکومت کی بزدلانہ عمل اور دہشت گردوں کی پشت پناہی کا نتیجہ ہے۔ وطن عزیز پاکستان کی افواج پر افسوسناک حملے سمیت دیگر دہشتگردی کے واقعات کے بعد بھی مذاکرات کا ڈھنڈورا پیٹنا لمحہ فکریہ ہے۔ جب تک دہشت گردوں اور باغیوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا نہیں جاتا یہ سلسلہ رک نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن طاقتیں ملک کو خانہ جنگی کی دھکیلنا چاہتی ہیں، اس کے لیے ضروری ہے کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔