وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے رہنما جعفر علی جعفری نے کہا گیا ہے کہ بعض شر پسند عناصر شہر میں وارداتوں سے فرقہ واریت کو فروغ دے رہے ہیں اور دوسری طرف ان کے ہم خیال مختلف ذرائع ابلاغ کے توسط سے تقسیم بندی میں مصروف ہیں ۔ بد امنی کو ایک بار پھر پروان چھڑانے کی کوشش کی جارہی ہے دہشتگردوں اور دہشتگردانہ سوچ رکھنے والے کبھی بھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ بیان میں کہا گیا کہ دن دہاڑے بازاروں میں ٹارگیٹ کلنگ سے قتل ہونا لمحہ فکریہ ہے سینکڑوں اہلکاروں کی موجودگی میں دہشتگرد اپنے وارداتوں اور فرار ہونے میں کامیاب ہو رہے ہیں اور انہیں پکڑنے میں دشواریوں کا سامنا ہورہا ہے، شہری اپنے جان و مال کو محفوظ نہیں سمجھتے ایسے حالات میں گھر سے باہر نکلنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر روز دہشتگردی، چوری اور اس طرح کے دیگر معاملات کی خبریں ملتی ہیں جہاں ملک کی ترقی کی باتیں ہونی چاہئے وہی ہمیں قتل و غارت گری کی خبریں ملتی ہے۔ بہت افسوس کی بات ہے کہ آج کے جدید دور میں جگہ جگہ کیمروں کے موجودگی اور جدید آلات کے باوجود یہ کہا جاتا ہے کہ واردات کے بعد نامعلوم افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انکا کہنا تھا کہ صوبے میں امن حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہونی چاہئے ۔ ہم ہر قسم کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کو صوبے میں امن و امان اور بھائی چارگی کے لئے زہر قاتل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں اور حکومت اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے تاکہ حکومتی اداروں سمیت مزید بے گناہ اور نہتے عوام کا قتل عام نہ ہو،بیان کے آخر میں سریاب روڈ میں تکفیری دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے غلام نبی اور محمد نبی کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔