وحدت نیوز(ایبٹ آباد) مجلس وحدت مسلمین ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد کے زیراہتمام عصمت و طہارت کی نویں کڑی اور امامت کے ساتویں تاجدار حضرت امام موسٰی کاظم علیہ سلام کی شہادت کے سلسلے میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء و ذاکرین نے خطاب کرکے وحدت کا عملی ثبوت پیش کیا۔ اہلسنت علماء مولانا نوشاد اور پیر سید مہرعلی شاہ نے محمد و آل محمد ؑ کی حیات مقدسہ کو نمونہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی ہماری نجات کا وسیلہ ہیں، جبکہ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین حسین الحسینی نے کہا کہ محمد و آل محمد علیہم سلام کے طرز عمل کو اختیار کرنے کے علاوہ ہمارے پاس نجات کا کوئی راستہ نہیں۔ مجلس عزا کے اختتام پر ماتمداری کی گئی اور لنگر حسینی ؑ تقسیم کیا گیا۔