وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ خیبر پختونخواہ کا صوبائی کنونشن مدرسہ جامعہ شہید عارف حسین الحسینی میں منعقد ہوا، کنونشن میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، شوریٰ عالیٰ کے رکن علامہ جواد ہادی، مرکزی رابطہ سیکرٹری اقرار حسین، مرکزی رہنما نثار فیضی سمیت صوبہ بھر سے علماء کرام اور عہدیداران نے شرکت کی۔ کنونشن میں خیبر پختونخواہ کے تمام اضلاع کے سیکرٹری جنرل اور کابینہ نے بھی شرکت کی۔ انتخابی کمیٹی نے اضلاع کی طرف سے دیئے گئے ناموں میں تین نام صوبائی شوریٰ کے سامنے پیش کئے۔ جن میں علامہ سید سبطین حسین الحسینی، علامہ جہانزیب علی، علامہ سید وحید کاظمی کے نام شامل تھے۔ صوبائی شوریٰ نے کثیر تعداد میں ووٹ دے کر علامہ سید سبطین حسین الحسینی کو آئندہ تین سال کے لئے نیا سیکرٹری جنرل منتحب کرلیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نئے سیکرٹری جنرل علامہ سبطین حسین سے ان کی نئی ذمہ داری کا حلف لیا۔