وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان) کوٹلی امام حسین (ع) ڈیرہ اسماعیل خان کی اراضی پر محکمہ اوقاف کی جانب سے ناجائز تعمیرات کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ہونے والے مظاہرین میں مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی رہنماء علامہ غضنفر عباس و دیگر ضلعی عہدیداران، کوٹلی امام حسین (ع) کمیٹی کے ممبران، بشیر حسین جڑیہ و دیگر افراد شامل ہیں۔ واضح رہے کہ کوٹلی امام حسین (ع) کی اراضی پر محکمہ اوقاف کے ناجائز قبضے کے خلاف گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد ایم ڈبلیو ایم اور کوٹلی امام حسین (ع) کمیٹی نے مشترکہ طور پر احتجاجی کیمپ لگایا تھا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی جنرل سیکرٹری علامہ غضنفر نقوی نے خطاب کرتے ہو کہا کہ ہم کوٹلی امام حسین (ع) کی اراضی پر محکمہ اوقاف کی جانب سے مارکیٹ تعمیر کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے کو مسترد کر تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوٹلی امام حسین (ع) پر محکمہ اوقاف ناجائز قابض ہے، ہم نے اعلیٰ ارباب اختیار سے کئی بار گذارشات کیں کہ اس معاملے کو احسن طریقے سے حل کریں، مگر انہوں نے کسی قسم کا تعاون نہیں کر رہے صرف زبانی دعووں تک محدود ہیں۔ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ پرامن رہتے ہوئے اس مسئلے کا حل نکال لیں مگر ضلعی انتظامیہ حالات کو بگاڑنا چاہتی ہے۔ اس موقع پر بشیر حسین جڑیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا، احتجاجی کیمپ لگا رہے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پولیس نے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج کرنے والے شہداء کے لواحقین پر بھی مقدمہ درج کیا تھا، جبکہ آج ناجائز قبضہ کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے۔