حضرت امام حسینؑ غیر مسلموں کی نظر میں

27 September 2018

وحدت نیوز(آرٹیکل) سیاسی و مذہبی رہنما اپنے نظریات کی بنا پر مخصوص طبقات کو اپنا گرویدہ کرتے آئے ہیں۔دنیا کے قدیم مذاہب اور ان کے پیشوا ؤں کی تعلیمات کے اثرات میں بھی وقت کے ساتھ ساتھ تبدیلی آتی رہی۔ عرب کی سرزمین پر جب کفر و شرک اور جہالت عروج پر تھی۔اللہ تعالی نے ان لوگوں کی رہنمائی کے لیے حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو بھیجا۔نبی کریم ﷺ نے بعثت کے بعد تیئس سالہ زندگی میں کفار کی جانب سے دی جانے والے تکالیف اور مشکلات کی پرواہ نہ کرتے ہوئے تبلیغ کا سلسلہ جاری رکھا۔تبلیغ دین کے ساتھ ساتھ آپ ﷺ نے اہل بیت اطہار علیہم السلام کی عزت و تکریم اور مرتبہ سے بھی امت کو آگاہ کیا۔تمام مسلک کی مستند کتابوں میں یہ حدیث موجود ہے کہ ’’حسینؑ مجھ سے ہیں اور میں حسینؑ سے ہوں‘‘ اسی طرح نماز کے دوران نبی کریم ﷺ کے کاندھوں پر امام عالی مقام کا سوار ہونا اور حسنین کریمن علیہم السلام سے ہر موقع پر بے پناہ محبت کا اظہار کرناسبط پیغمبر ﷺکے مقام کو واضح کرتا ہے۔رسول ﷺ کی رحلت کے بعد اہل بیت علیہم السلام کو کہیں آزمائشوں سے گزرنا پڑا ۔

سانحہ کربلا ان کٹھن امتحانات میں سے ایک تھا۔جب نواسہ رسولﷺ اور ان کے جانثاروں پر باطل کی بیعت نہ کرنے پر پانی بند کردیا گیا۔میدان کربلا میں امام ؑ نے جب حل من ناصر ینصرنا کی صدا بلند کی تب امام ؑ کوتلواروں کی نہیں بلکہ مقصد کی مدد مانگ رہے تھے امامؑ کی نصرت ان کے مقصد کی پیروی سے حاصل ہوتی ہے۔ حسینیت ظالم کے خلاف ڈٹنے کا نام ہے۔امام حسینؑ کے گرویدہ محض اہل اسلام ہی نہیں بلکہ ہراہل ضمیر ہے۔امام عالی مقامؑ کے محبان دنیا کے ہر کونے اور ہر مذہب میں پائے جاتے ہیں۔ غیر مسلم رہنماؤں نے بھی امام حسینؑ کے حوالے سے اپنے نظریات بیان کیے ہیں۔

نیلسن مندیلا کہتے ہیں کہ ’’میں نے اپنی زندگی کے بیس سال قید میں گزارے ،پھر ایک رات میں نے فیصلہ کیا کہ حکومت کی تمام شرائط کو تسلیم کرلوں لیکن اچانک میرے خیال میں امام حسینؑ اور تحریک کربلا آئی جس نے مجھے آزادی اور آزاد ی کے لیے ڈٹ جانے کی طاقت مہیا دی‘‘مہاتماگاندھی اپنی قوم کو کامیابی کا راستہ بتاتے ہوئے کہتے ہیں ’’اگر انڈیا کامیاب ملک بننا چاہتا ہے تو ،اسے امام حسینؑ کی پیروی کرتے ہوئے آپؑ کے نقش قدم پہ چلنا ہوگااور اگر میرے پاس امام حسینؑ کے بہادر سپا ئیوں کی طرح کے بہترسپاہی ہوتے تو میں چوبیس گھنٹوں میں انڈیا کے لیے آزادی کی جنگ جیت جاتا‘‘ایک اور جگہ کہتے ہیں کہ’’میں نے امامؑ سے سیکھا کہ ایک مظلوم کس طرح فتح یاب ہوتا ہے‘‘۔

امام حسینؑ کی قربانی کا ذکرکرتے ہوئے مہاتما گاندھی کہتے ہیں’’یہ میرا یقین ہے کہ اسلام کی ترقی کا انحصار اس پر ایمان رکھنے والوں کی شمشیر کے استعمال پر نہیں بلکہ یہ حسینؑ کی بہترین قربان کا نتیجہ ہے‘‘۔

ڈاکٹر راجندرا پراساد (انڈیا کے پہلے صدر) کہتے ہیں کہ’’امام حسینؑ کی قربانی محض ایک ملک یا قوم تک محدود نہیں بلکہ یہ تمام انسانیت کے لیے اخوان المسلمین کی وراثت ہیں‘‘ ہندو مذہب کے روحانی پیشوا سوامی شنکراچاریا کا کہنا ہے کہ’’ یہ امام حسینؑ کی قربانی تھی جس نے اب تک ،سلام کو زندہ رکھا ہوا ہے ورنہ دنیا میں کوئی شخص بھی اسلام کا نام لینے کے لیے باقی نہ رہتا‘‘

شام کے معروف مصنف اینٹائن بارہ نے اپنی تصنیف145145Imam Hussain (a.s) in the Indelogy of Christan146146 میں امام عالی مقام حضرت حسینؑ کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی جرات و استقامت اور حق گوئی کی تاریخ مین مثال نہیں ملتی۔

برطانیہ کے ممتاز مصنف و نقاد ’’چارلیس ڈکنز‘‘کے الفاظ حسینؑ کی جنگ اگر دنیاوی خواہشات کے حصول کے لیے ہوتی تو آپؑ کے اہل خانہ قطعاََ آپؑ کے ہمراہ نہ جاتے ۔یہ ہم رکابی اس بات کی واضح دلیل ہے کہ امام حسینؑ کی قربانی خالصتاَ اسلام کے لیے تھی۔اپنے والد کے متعلق کہتے ہیں کہ’’کسی شخص نے بھی میرے والد کو ماہ محرم میں مسکراتے ہوئے نہیں دیکھا اور دسویں محرم(روز عاشور) تک ان کی اداسی میں دن بہ دن اضافہ ہوتا اور روز عاشورہ ان کے لیے دکھ اور گریہ کا دن ہوتا۔‘‘

یونانی مورخ اور مضمون نگار تھومس کارلائل نے کہا کہ’’ سانحہ کربلا سے جو بہترین سبق میں نے حاصل کیا وہ یہ ہے کہ امام حسینؑ اور ان کے پیروکار اللہ تعالی پر غیر متزلزل یقین رکھتے تھے ، ان کے نزدیک حق اور باطل کے معرکے میں عددی برتری کوئی حیثیت نہیں رکھتی تھی یہی وجہ ہے کہ کم تعداد کے باوجود حسینؑ کو فتح حاصل ہوئی۔‘‘

گورو نانک (سکھوں کے عظیم رہنما)نے امام حسینؑ کے متعلق کہا ہے کہ’’امام حسینؑ کا تعلق صرف مسلمانوں سے نہیں ،بلکہ ہر اس شخص سے ہے جو ضمیر رکھتا ہوا‘‘۔دیگرمذاہب کے لوگوں نے امام حسینؑ کی قربانی کے ساتھ ساتھ ان کے مقصدکو سمجھتے ہوئے اپنی زندگیا ں باوقار انداز میں گزاریں ۔دنیا میں آج بھی حق و باطل نظریے کے لوگ موجود ہیں۔امام حسینؑ کی اور یزید کی جنگ محض دو شخصیات کی نہیں بلکہ دو افکار کی جنگ تھی ۔

آج مقصد حسینؑ کو بھلا کر کچھ لوگ اس بحث میں الجھے ہوئے ہیں کہ محرم میں شادی کرنا ،خوشیاں منانایا وغیرہ جائز ہیں یا نہیں ۔امامؑ کا در س حیات کسی ایک مخصوص طبقے یا مکتبہ فکرکے لیے نہیں ہے بلکہ تمام اہل انسانیت کے لیے ہے۔امام عالی مقام حضرت حسین علیہ السلام نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ’’میں ہوس اور اقتدار طلبی کے لیے خروج نہیں کر رہا اور نہ ہی میں فساد اور ظلم کرنے کے لیے نکل رہا ہوں بلکہ میرا مقصد اپنے جد امجدکی اصلاح ہے۔میں امرباالمعروف اور نہی عن المنکر کرنا چاہتا ہوں‘‘۔ آپؑ ہمارے لیے تاحیات مشعل راہ ہیں۔

رسول خدا(صلی اللہ علیہ والہ وسلم)فرماتے ہیں’’جب میری امت ظالم کے سامنے بولنے سے عاجز ہوجائے،تواس کی موت پہنچ چکی ہوگی‘‘۔دراصل مقصد حسینؑ سیرت حسینؑ ہے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم ے اپنی امت کی اصلاح کے لیے جن دو ہم وزن چیزوں کا ذکر کیا ہے ان میں ایک قران اور دوسرے اہلبیت اطہار علیہم السلام ہیں۔

کیا صرف مسلمان کے پیارے ہیں حسینؑ
 چرغ نوع بشر کے تارے ہیں حسین
ؑ انسان کو بیدار تو ہو لینے دو
ہر قوم پکارے گی ، ہمارے ہیں حسینؑ


تحریر:کساء زہراکاظمی



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree