مسلم ممالک اسرائیل سے تعلقات منقطع کر دیں، مذہبی و سیاسی رہنماؤں کا مطالبہ

08 November 2023

وحدت نیوز(کوئٹہ)بلوچستان کے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے کہا کہ غزہ پر جارحیت کا اصل ذمہ دار امریکہ ہے اور اسرائیل امریکہ کا آلہ کار ہے۔ امریکہ کو چاہئے کہ غزہ پر فی الفور جارحیت کو بند کرے۔ یہ بات انہوں نے فلسطین فاونڈیشن پاکستان کوئٹہ چیپٹر کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ آل پارٹیز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

آل پارٹیز پریس کانفرنس کے شرکاء میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، بزرگ عالم دین و جامعہ امام صادق علیہ السلام کوئٹہ کے پرنسپل علامہ محمد جمعہ اسدی، امیر جماعت اسلامی کوئٹہ مولانا نور علی، پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی رہنماء محمد عالم، چیئرمین گرین پاکستان پارٹی ایڈووکیٹ عبدالہادی کاکڑ، صوبائی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان علامہ ولایت حسین جعفری، رہنماء جمعیت علمائے اسلام کوئٹہ مفتی سنزر سعید اور مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے سید عادل شاہ شامل تھے۔

سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے عرب اور اسلامی دنیا کی حکومتوں کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عرب و اسلامی ممالک کی حکومتیں غاصب اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کریں اور جو مسلمان ممالک اسرائیل کو تیل اور گیس فراہم کر رہے ہیں وہ فی الفور تیل اور گیس کی سپلائی بند کر دیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ غزہ کے لوگ بہت بڑی قربانی ایک بہت بڑے ہدف اور مقصد کے لئے دے رہے ہیں اور ان قربانیوں کا نتیجہ بھی ایک بڑے مقصد کے ساتھ حاصل ہوگا۔ آزادی فلسطین اور القدس ان قربانیوں کا ہدف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں۔ پاکستانی عوام نے ہمیشہ فلسطینیوں کی حمایت کی ہے اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گھروں کی عمارتوں سمیت محلوں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر فلسطینی پرچم لہرائیں اور یکجہتی فلسطین مہم کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے غزہ میں امریکی سرپرستی میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ پر امریکی سرپرستی میں جاری اسرائیلی جارحیت کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree