وحدت نیوز (گلگت) پاکستان پیپلز پارٹی کے ناراض رہنما سابق صوبائی وزیر مالیات محمد علی اختر مجلس وحدت مسلمین میں شامل ہوگئے ہیں اور انھوں نے ایم ڈبلیو ایم کے امیدوارحلقہ۴ ہنزہ نگرسے علی محمد کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ محمد علی اختر نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار ان سے زیادہ اہل اور پارسا ہیں لہٰذا ان کا حق بنتا ہے کہ وہ عوام کی نمائندگی کریں۔ انھوں نے اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار علی محمد کو کامیاب کریں۔
یاد رہے کہ محمد علی اختر پیپلز پارٹی کا ٹکٹ نہ ملنے پر اپنی پارٹی سے ناراض تھے۔ پارٹی نے ان کی بجائے ٹکٹ، چئیرمین گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جاوید حسین کو دے دیا تھا۔ محمد علی اختر نے پہلے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا عزم کیا اور اب بالآخر وہ ایم ڈبلیوایم کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔