وحدت نیوز(گلگت)مجلس وحدت مسلمین کے رکن جی بی اسمبلی اورصوبائی وزیر زراعت کاظم میثم سے ریجنل مینیجریوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن گلگت بلتستان فیصل خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں اسکردو میں سب ویئر ہاؤس اور مزید یوٹیلٹی سٹورز کھولنے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم سے ریجنل مینیجریوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن گلگت بلتستان فیصل خان نے ملاقات کی۔ اس دوران سکردو میں عوام الناس کی سہولت کے لئے مزید سٹورز کھولنے پر اتفاق ہوا۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خورد و نوش انکو ان کے گھر کی دہلیز پر پہنچا رہا ہے۔
کاظم میثم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے رمضان المبارک کے لئے سات ارب اسّی کروڑ کی سبسڈی دی ہے، جو تاریخ کی سب سے بڑی سبسڈی ہے۔ عوام اس پیکیج سے بھرپور استعفادہ حاصل کریں۔ اس موقع پر ریجنل مینیجر فیصل خان نے کہا کہ انہوں نے سکردو میں تمام سٹوروں پر باقاعدگی سے سبسڈائز اشیائے خورد و نوش کی سپلائی کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل قریب میں سکردو میں ایک سب ویئر ہاوس کھولنا چاہتے ہیں، جس سے پورے بلتستان ریجن میں اشیائے خورد و نوش کی قلت پوری ہوگی۔ صوبائی وزیر نے یوٹیلٹی سٹورز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے سب ویئر ہاوس کے لئے سرکاری گودام فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔