وحدت نیوز(سکردو)صوبائی سیکرٹری ایجوکیشن مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان ایم فل سکالر زاہد حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ21 ویں صدی میں بلتستان میں بننے والی پہلی علمی مرکز میں میرٹ کی بنیاد پر اساتید و دیگر انتظامی عہدوں پر قابل لوگوں کو بھرتی کرنے کی بجائے موجودہ یونیورسٹی انتظامیہ اپنے من پسند لوگوں اور رشتہ داروں کو نواز رہے ہیں جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔ نوزائدہ تعلیمی ادارے کو پاکستان کے اعلی اداروں کی طرز پر چلانا چاہئے تھا جو کہ اب تک نظر نہیں آرہا۔ رجسٹرار سمیت اہم انتظامی پوسٹوں کے لئے بنیادی شرائط میں تبدیلی کر کے اعلی تعلیم یافتہ لوگوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ وائس چانسلر شروع دن سے یونیورسٹی کے لئے سنجیدہ نہیں تھے۔ وہ اپنی کمزوری چھپانے کے لئے یونیورسٹی کے سیٹس کو اشرافیہ میں تقسیم کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ یونیورسٹی سیندیکیس کی طرف سے اہم اجلاس سے مسلسل بائکاٹ اس بات کی دلیل ہے کہ وی سی اور رجسٹرار اپنی من مانی کر رہے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کسی بھی ادارے میں میرٹ کی پامالی، ظلم اور زیادتی پہ کبھی بھی خاموش نہیں رہیں گے۔ اہلیان بلتستان کی طرف سے یونیورسٹی کی تعمیرات کے لئے دئے گئے زمین کسی بھی دوسرے اداروں کو دینے نہیں دیں گے۔ ایس سی او ایک منافع بخش ادارہ ہے جس کے لئے یونیورسٹی کی زمین لیس پہ دینا یونیورسٹی کے ساتھ غداری ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ان تمام معاملات کو گلگت بلتستان اسمبلی میں بھی اٹھایا جائے گا۔ اور ان مسائل کے حل کے لئے دیگر تمام سیاسی جماعتیں اور طلباء تنظیموں کے ساتھ ہر فورم پہ کھڑے ہیں۔