وحدت نیوز (گلگت) راجہ جلال حسین مقپون کے گورنر گلگت بلتستان مقرر ہونے پر نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ گلگت بلتستان کے محروم عوام کی محرومیوں اور مسائل کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دینگے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں راجہ جلال حسین مقپون کو گورنر گلگت بلتستان مقرر ہونے پرنیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام ایک عرصے سے بنیادی حقوق سے محروم ہیں اور گورنر موصوف عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی توانائیوں سے بھرپور استفادہ کرینگے۔امید ہے گلگت بلتستان میں میرٹ کی بحالی اور غریب عوام کے بنیادی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی شاہ خرچیوں اور پروٹوکول پر اٹھنے والے اخراجات کو کنٹرول کرکے عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنانا وقت کی ضروریات میں سے ہے لیکن بد قسمتی سے گلگت بلتستان حکومت نے تمام اخلاقی حدود کو پائمال کیا ہے اور میرٹ کی دھجیاں بکھیر دی ہیں جس پر قابو پانا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے خزانے کو چند گھرانوں تک محدود کردیا ہے جس طرح سے پنجاب میں نواز لیگی حکومت نے اپنے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کیلئے خزانے کے منہ کھول دیئے تھے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ گورنر موصوف غریب عوام کو انصاف فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔