وحدت نیوز (گلگت) وفاقی حکومت غیر قانونی طریقے سے گلگت بلتستان کے تاجروں سے ٹیکس وصول کررہی ہے۔سوست میں قائم کسٹم کلکٹریٹ غیر قانونی ہے اسے فوراً گلگت بلتستان کے حدود سے باہر منتقل کیا جائے،مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کےسیکریٹری سیاسیات غلام عباس نے تاجر برادری کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوست بارڈر پر قائم کسٹم کلکٹریٹ ایک عرصے سے گلگت بلتستان کے تاجر برادری سے غیر قانونی طریقے سے ٹیکس وصول کررہا ہے۔ گلگت بلتستان کی متنازعہ حیثیت کے پیش نظر کسٹم کلکٹریٹ کو جی بی کے حدود سے باہر منتقل کیا جائے۔آئین پاکستان کے تحت گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ بننے تک اس خطے میں کسی قسم کے ٹیکس کا نفاذ غیر آئینی ہے اور حکومت کے غیر قانونی اقدامات سے علاقے میں آئے روز نقص امن کے خدشات پیدا ہورہے ہیں۔گلگت بلتستان حکومت وفاق سے اس سلسلے میں پیش رفت کرے اور گلگت بلتستان کے مقامی تاجروں کے معاشی قتل سے حکومت باز رہے۔حکومت کی ہٹ دھرمی سے ہزاروں افراد کا روزگار چھن چکا ہے۔انہوں نے تاجر برادری کو یقین دلایا ہے کہ حکومت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف مجلس وحدت مسلمین ان کے احتجاج کی مکمل حمایت کرے گی۔انہوں نے چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں اور تاجر وں کے مسائل فوری حل کریں۔