وحدت نیوز (گلگت) لینڈ ریفارمزکے حوالے سے دیامر کے عمائدین کے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں، حکومت ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر عوام کو مالکانہ حقوق دیکر آباد کاری کے مواقع فراہم کرے۔ چھلمس داس اہالیان نومل کی وجہ سے حکومتی بندربانٹ سے بچا ہوا ہے،چھلمس داس پر اہالیان نومل استقامت نہ دکھاتے تو اس کا حشر بھی کونوداس جیسا ہوتا۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ صرف حکمران جماعت کے علاوہ باقی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں زمینوں کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں۔عوامی زمینوں کی حفاظت کیلئے اٹھنے والے ہر اقدام کی مجلس وحدت مسلمین حمایت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت جان لے کہ وہ وقت گزرگیا جب طاقت کے زور پر عوامی زمینوں کی بندربانٹ کی گئی،عوامی طاقت سے حکومتی جبر کے آگے سیسہ پلائی دیوار کھڑی کرینگے۔گلگت بلتستان میں جتنی بھی بنجر زمینیں ہیں ان کو فوری آباد کرنے کیلئے مواقع فراہم کئے جائیںاور سرکاری تعمیرات کیلئے ضرورت کی زمینیں عوام کی رضامندی سے معاوضہ دیکر حاصل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چھلمس داس کو اہالیان نومل نے قربانیاں دیکر لینڈ مافیا اور حکومتی خرد برد سے محفوظ رکھا ہے اگر نومل کے عوام مزاحمت نہ کرتے تو اس زمین پر کب کا سرکاری قبضہ ہوچکا ہوتاجو کہ ایک حقیقت ہے اور اس حقیقت کا اہالیان گلگت کو بھی اعتراف کرنا چاہئے۔چھلمس داس اگر بچا ہوا ہے تو وہ نومل کے عوام کے مزاحمت کے مرہون منت ہے اہالیان گلگت کو حکومت کے کندھے پر بیٹھ کر نومل کے عوام کی مخالفت کرنے کی بجائے ان کا ساتھ دینا چاہئے تاکہ عوامی زمینوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔