وحدت نیوز(گلگت) اپنی ذاتی منفعت کیلئے جمہوریت کا راگ الاپنے والوں کے دن گنے جاچکے ہیں،پیپلز پارٹی اپنے احتساب کے خوف سے نواز شریف کی مخالفت سے گھبرارہی ہے۔نگر کی ایک سیٹ جیتنے پر پھولے نہ سمانے والوں کو جنرل الیکشن میں پورا پورا حساب چکادینگے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان سیکرٹری سیاسیات غلام عباس نے کہا ہے کہ نگر حلقہ 4 کے الیکشن کمپین میں پاکستان پیپلز پارٹی نے مذہبی جماعتوں پربہتان تراشی اور جھوٹے پروپیگنڈے کا سہارا لیا۔خود کو سیکولر سمجھنی والی جماعت کے رہنمائوں نے پوری الیکشن کمپین مذہب کے نام پر چلائی ہے اور شعائر اسلامی کا جس طریقے سے مذاق اڑایا وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے دامن میں مذہبی انتہا پسند پروان چڑھ رہے ہیں یہ جماعتیں اقتدار تک پہنچنے کیلئے مذہبی کارڈ استعمال کرتے ہیں۔نواز شریف اورزرداری کے گن گانے والوں کیلئے طوفان کی آمد آمد ہے اور ملک عزیز پاکستان میں ستر سالوں سے چند خاندانوں کی غلامی سے عوام کو نجات ملنے والی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کو ناکوں چنے چبوائے گی اور ہر محاذ پر ان کا مقابلہ کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ حق ملکیت و حق حاکمیت کا نعرہ ڈھونگ ہے پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں کئی ہزار کنال اراضی کی بندربانٹ کی ہے۔