پاکستان میں یکساں نصاب تعلیم سے پہلے یکساں نظام تعلیم کے نفاذ کی ضرورت ہے، سید احسن عباس

02 فروری 2022

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کراچی کے سیکریٹری جنرل سید احسن عباس رضوی نے کہا کہ پاکستان کو یکساں نصاب تعلیم سے پہلے یکساں نظام تعلیم کے نفاذ کی ضرورت ہے، حکمران امیر اور غریب کے بچے کو یکساں تعلیمی کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ یکساں نظام تعلیم کےنفاذکے بغیر ناممکن ہے، سرکاری اسکولوں میں نجی اسکولوں کی طرز پر جدید اسلامی تعلیمی نصاف کا اجراء وقت کا تقاضہ ہے، آنے والی نسلوں کو پیغمبراسلام ؐ ان کے اہل بیتؑ اور باوفا اصحاب و انصار ؓ کی روشن اور تابناک تاریخ سے آگاہ کیئے بغیر ہم ایک اسلامی فلاحی ریاست کی تشکیل میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس جعفرطیارسوسائٹی میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے تعلیم کوہمیشہ نظر انداز کیا ہے، تعلیم جو کسی بھی قوم کی کامیابی اور ترقی کے لیے سب سے اہم عنصر ہے۔ اس کے نتیجے میں پاکستان دنیا میں سب سے کم شرح خواندگی کے حامل ممالک میں سے ایک ہے پاکستان کی شرح خواندگی کل 120 ممالک میں 113 ویں نمبر پر ہے۔پاکستان کی موجودہ شرح خواندگی 62.3 ہے جس کا مطلب ہے کہ ملک میں ایک اندازے کے مطابق 60 ملین کی آبادی ناخواندہ ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان جو کہ مملکت خدادادکو مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب دیکھتے ہیں سب سے پہلے تعلیمی میدان میں انقلابی اصلاحات لائیں اور اس کے بعد نظام تعلیم میں یکسانیت لاکرایسا قومی نصاب تشکیل دیں جو کہ تمام مذاہب و مکاتب کے لیئےقابل قبول ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ یکساں نصاب تعلیم پر مختلف مکاتب فکر کو تحفظات لاحق ہیں، تعلیمی نصاب حق وحقیقت پر مبنی ہونا چاہئے، جھوٹی تاریخ اور واقعات پڑھا کر ہم اپنی نسلوں کے ساتھ زیادتی کے مرتکب ہوں گے، خدا کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کرنے والے اہل بیتؑ کو نصاب سے خارج کرکے حکمران کس طرح ملک وملت کی خدمت انجام دے سکتے ہیں،ہمارے سماج میں رواج پاتے انسانی، اخلاقی اور معاشرتی مسائل کا ایک بڑا سبب اسلام کی اصل تعلیمات اور رسول ؐ اور آل رسولؑ کی سنت وسیرت سے ناآشنائی ہے،دین الہیٰ کی ترویج واشاعت اور تحفظ کی خاطر خاندان رسالتؐ کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں سے واقفیت ان واقعات سےآگاہی اور سبق حاصل کرکے جذبہ ایمانی کے ساتھ وطن عزیزکی خدمت اور ملک دشمنوں کا مقابلہ کرنے والی قوم ہی ترقی پاسکتی ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree