وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سید ناصر عباس شیرازی نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ضلع کرم سے متعلق ترجمان خیبرپختونخواہ حکومت بیرسٹر سیف کا بیان انتہائی مضحکہ خیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے، یکم اکتوبر سے لے کر آج تک پاراچنار کے تمام راستے بند ہیں، جس وجہ سے ادویات کی قلت پیدا ہوئی، یکم اکتوبر سے 18 دسمبر تک 31 معصوم بچے پاراچنار میں ادویات کی کمی کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے، بیرسٹر سیف معصوم بچوں کی شہادت پر اپنی مجرمانہ غفلت، بے حسی اور بے رحمی چھپانے کیلئے غلط بیانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاراچنار اور کرم ایجنسی کے حالات کی ذمہ دار وفاقی و صوبائی حکومتیں اور متعلقہ سیکیورٹی ادارے ہیں، جو ریاستی رٹ کو قائم کرنے سے قاصر ہیں، صوبائی حکومت معصوم بچوں اور پاراچنار کے شہریوں کی شہادت پر تماشہ دیکھ رہی ہے، صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف انسانیت سے عاری اور بے شرم ثابت ہوئے ہیں، آپ ایک گھنٹے میں راستہ کھولنے کا دعوی کر رہے یعنی ستر روز سے آپ نے ہی راستے دہشتگروں کے حوالے کر رکھے ہیں، صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ امن و امان کو بحال کرے اور عوام کیلئے راستوں کو محفوظ بنائے نہ کہ جرگوں پر اکتفاء کرے۔