سانحہ بھکر کیخلاف لاہور سمیت ملک بھر میں دھرنے، ڈی پی او کی معطلی کا مطالبہ

27 اگست 2013

وحدت نیوز ( لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے زیرِاہتمام سانحہ بھکر اور اُس میں پنجاب حکومت اور انتظامیہ کی جانبدارانہ رویے کیخلاف ملک بھر میں علامتی دھرنے دئیے گئے۔ پنجاب میں شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، سرگودھا، سیالکوٹ، جھنگ، فیصل آباد، ڈی جی خان، ملتان، وہاڑی، بورے والا، چینوٹ، پنڈی بھٹیاں، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، پنڈدادنخان، راولپنڈی، اٹک، رحیم یار خاں، منڈی بہاوالدین، مونہ سیداں، حیدرآباد تھل، منکیرہ، اٹھارہ ہزاری سمیت مختلف اضلاع و تحصیلوں میں دھرنے دیے گئے۔ لاہور میں ناصر باغ لوئر مال پر دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں خواتین اور بچوں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

دھرنے کی قیادت علامہ سید احمد اقبال رضوی، علامہ ابوذر مہدوی، علامہ حسن ہمدانی، علامہ امتیاز کاظمی نے کی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء سید احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شیعہ قوم کو دیوار سے لگانے کی سازش کی جا رہی ہے، جس کی مثال بھکر کا واقعہ ہے، بھکر میں پُرامن محب وطن ہمارے کارکنوں کا نااہل ڈی پی او نے یوم پاکستان کی ریلی کی اجازت نہیں دی اور دوسری طرف کالعدم جماعت کے دہشت گردوں کو جو ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان سے طالبان اور القاعدہ کے امپورٹ شدہ شرپسند تھے، اُن کو پولیس کی حفاظت میں ریلی کی اجازت اور شیعہ آبادی پر حملہ کرنے میں ڈی پی او سرفراز احمد فلکی نے معاونت کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت میں شامل متنازع شخص رانا ثناء اللہ جو کالعدم دہشت گرد تنظیم کا سرپرست اعلیٰ ہے بھکر واقعے میں ملوث ہے، پنجاب حکومت کو ڈی پی او بھکر سرفراز فلکی اور رانا ثناءاللہ کے بارے میں معلومات کے ہوتے ہوئے خاموشی بڑی مہنگی پڑے گی۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین علامہ ابوذر مہدوی کا کہنا تھا کہ یہ کیسی حکومت ہے جو ہمارے پیاروں کی شہادت پر دلاسہ دینے کی بجائے رسمِ قل پر حملہ کر کے قرآن کی بے حرمتی، خواتین پر تشدد سینکڑوں گرفتار اور زخمی کر دئیے، کیا ہم ہندو معاشرے میں زندگی گزار رہے ہیں، ایسی حرکتیں توغیر مسلم حکمران بھی نہیں کرتے۔ اُن کہنا تھا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں نے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے اور حکومت کے اندر موجود کالی بھیڑیں اُنکی سرپرستی کر رہی ہیں، بھکر واقعے کی شفاف تحقیقات تک ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھکر کا واقعہ دراصل ایک بڑے پلان گیم کا حصہ تھا جو ہمارے پر امن کارکنوں نے ناکام بنا دیا، طالبان اور القاعدہ کے شرپسند جنگجوؤں کا بُلا کر یہ خونی کھیل کھیلا گیا جس میں ڈی پی او بھکر سرفراز فلکی شامل تھا لیکن ہمارے مطالبات کے باوجود حکومت اُس دہشت گرد نواز ڈی پی او بھکر سرفراز فلکی کی سرپرستی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم پُرامن جدوجہد سے اِس سازش کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں علامہ حسن ہمدانی صوبائی رہنماء مجلس وحدت مسلمین پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈی پی او بھکر کو معطل اور غیر جانبدار جوڈیشل کمیشن بننے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree