وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید مبارک علی موسوی نے معروف سیاستان علی رضا عابدی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، وہ بہترین سیاستدان اور بہترین انسان تھے، وہ اس ملت اور ملک کا اثاثہ تھے ۔ان کی جان کوکئی دنوں سے خطرات لاحق تھے، اور دہشتگرد وں کی جانب سے انہیں سیکیورٹی تھریٹس ملے۔اس سب کے باوجود علی رضا عابدی کو مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی جو کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک بار پھر خون کی ہولی شروع ہوگئی ہے، علی رضا عابدی کو ٹارگٹ کرکے شہید کیا گیا، علی رضا عابدی پاکستان بنانے والوں کا بیٹا تھا۔علامہ مبارک علی موسوی کا مزید کہنا تھا کہ قاتل دندناتے پھر رہے ہیں، وفاقی و صوبائی حکومت کو نوٹس لینا چاہئےاور علی رضا عابدی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔کراچی سمیت پورے پاکستان میں شعیہ ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ۔علامہ مبارک علی موسوی نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں شہید کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اللہ علی رضا عابدی شہید کے درجات بلند فرمائیں۔