وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی کانواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلائی مخلوق سے الیکشن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کی حیثیت ایک ڈمی وزیر اعظم سے زیادہ نہیں وہ جو کچھ ایک نااہل سابق وزیر اعظم سے سنتے ہیں اگلے دن وہی بیان دے دیتے ہیں۔ اس وقت نواز شریف اپنی کرپشن کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آنے کے بعد بوکھلاہٹ اور فرسٹریشن کا شکار ہیں، کیونکہ وہ تیزی سے اپنے انجام کی جانب بڑھ رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں نواز شریف سے ظالم و جابر حکمران کا مقابلہ پاکستان کی مظلوم عوام سے ہو گا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم ان شریفوںکا جیل تک پیچھا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں مجھے اپنے مستقبل کا نہیں معلوم کہ میں دس بارہ دن بعد کہاں ہوں گا جب کہ وہ سب جانتے ہیں کہ انہی دنوں میں کرپشن اور عوام کو لوٹنے کی ساری رام کہانی کھل کر عوام کے سامنے آجائے گی اور بہت جلد پاکستان سے سرٹیفائیڈ نا اہل اڈیالہ کی ہوا کھائے گا۔ علامہ سید مبارک علی موسوی کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ اور ڈکٹیٹر ضیاالحق کی پیداوار نواز شریف کے منہ سے خلائی مخلوق جیسے بیانات اچھے نہیں لگتے کیوںکہ نواز شریف کی ساری سیاست ہی ایک ڈکٹیٹر کی مرہون منت ہے ورنہ یہ لوگ تو کبھی یونین کونسل کا الیکشن بھی نہیں جیت سکتے۔