وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ پنجاب میں کل مسالک علما بورڈ کے اراکین نے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید مبارک علی موسوی سے ملاقا ت کی۔ ملاقات میں 13 مئی یوم مردہ باد امریکہ منانے اور دیگر ملکی و غیر ملکی صورتحال پر گفتگو کی گئی ۔ اہل سنت علما سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مبارک علی موسوی کا کہنا تھا کہ اس و قت امریکہ کی شہہ پر پوری دنیا میں مسلمانوں کا خون ناحق بہایا جارہا ہے جس کی ہر فورم پر مذمت ضروری ہے۔ ہمیں چاہیے کہ دنیا کو خبردار کریں کہ اس بڑھتی ہوئی تمام تر دہشتگردی کے پیچھے امریکہ اور اسرائیل ہے۔ علامہ سید مبارک علی موسوی کا کہنا تھا کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر ایم ڈبلیو ایم کشمیر، یمن ، افریقہ ، لیبیا ، بحرین اور بالخصوص فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 13 مئی کو پورے پاکستان میں یوم مردہ باد امریکہ منائیں گی۔اس حوالے سےپنجاب سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی ۔علامہ مبارک علی موسوی نے کل مسالک علمابورڈ کے اراکین کو ریلی میں شرکت کی دعوت دی، جسے قبول کرتے ہوئے کل علما بورڈ کے اراکین کا کہنا تھا اہل سنت علما 13 مئی کویوم مردہ باد امریکہ ریلی میںایم ڈبلیو ایم کا بھرپور ساتھ دیں گے۔