وحدت نیوز(اسلام آباد) افریقہ کے معروف رہنما نیلسن منڈیلا کی موت پرمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنےتعزیتی پیغام میں نیلسن منڈیلا کو امتیازی سلوک اور نسلی امتیاز کے خلاف ایک آواز سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ منڈیلا افریقہ میں سامراجی ظلم و ستم سے پسی ہوئی عوام کے حقوق کی آواز تھے جنہوں نے قیدوبند کی طویل صعوبتیں سہیں لیکن ظلم و ستم کے خلاف جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے۔ منڈیلا نے اپنی زندگی مظلوم اور پسے ہوئے طبقے کی خاطر جدوجہد میں گزاری۔ وہ معاشرتی ناانصافیوں اور نا ہمواریوں کے خلاف لڑتے رہے۔ دنیا انہیں ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھے گی۔ جب بھی کبھی مستضعفین افریقہ کے حقوق کی بات کی جائے گی نیلسن مینڈیلا کا نام تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف سےلکھا نظر آئے گا، انہوں نے جنوبی افریقہ کی عوام سمیت دنیا بھر میں ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے والوں سے منڈیلا کی وفات پر تعزیت پیش کی ہے۔