وحدت نیوز (کراچی) صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ و دعا کمیٹی سولجر بازار کے تحت ھفتہ وار دعائیہ اجتماع و چراغاں بیاد شہید مظفر علی کرمانی ، شہید نذیر عباس ، شہدائے کشمیر، پاکستان اور اظہار یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں محفل شاہ خراسان روڈ پر منعقدہ دعائے توسل میں مختلف سیاسی ، مذہبی ، سماجی ، صحافی حضرات ، تنظیموں کے رہنماؤں کے علاوہ مومنین و مومنات نے شرکت کی برادر فصیح الحسن نے دعا کی تلاوت کا شرف حاصل کیا۔
بعدازاں دعائیہ اجتماع و چراغاں سے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے رہنما ناصر الحسینی ، معروف اسکا ر علامہ منظر الحق تھانوی ، متحدہ قومی مومنٹ پاکستان سابق ممبر صوبائی اسمبلی قمر عباس رضوی ، پاکستان عوامی تحریک صاحبزادہ ثاقب نواشی ، عطا الرحمٰن ہاشمی ، آل پاکستان سنی تحریک مطلوا ب اعوان ، پاکستان فلاح پارٹی کے جنید منشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ فوری طور پر حل کرے آج ہم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یہاں جمع ہیں عالم اسلام کو چاہیے کہ بھارت کے مظالم کے خلاف بھرپور طریقے سے احتجاج کرنا چاہیے ہے، بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہواہے اور نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھائے جارہا ہے۔آج مجلس وحدت مسلمین اور پاکستانی عوام کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اپنی یکجہتی و محبت کا اظہار کرتی ھے اور اقوام متحدہ کی جانب سے کشمیر میں مسلمانوں کے قتل عام پھر خاموشی کی بھرپور مذمت کرتی ہیں۔
صوبائی رہنما ناصر الحسینی نے کہا کہ کشمیر ہماری شہہ رگ و جان ھے ہم کسی بھی قیمت پر بھارت کا قبضہ اب برداشت نہیں کرینگے اور پوری قوت کے ساتھ کشمیریوں کا ساتھ دینگے پاکستانی عوام حکمرانوں کو کشمیر کا سودا نہیں کرنے دینگے کشمیر کا مسئلہ جہاد کے ذریعے ہی حاصل ھوگا آخر میں کشمیر و پاکستان کی شہداء کی یاد میں شمیں روشن کئے گئے اور مومنین و مومنات میں تبرک بھی تقسیم کیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سینٹرل پنجاب کی5رکنی پولیٹیکل کونسل کے اراکین کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ صوبہ جنوبی پنجاب کی جانب سے مرکزی سیاسی سیل کوبھیجے گئے مجوزہ ناموں کی منظوری مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسدعباس نقوی نے دے دی ہے ۔
مرکزی پولیٹیکل سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایم ڈبلیوایم صوبہ سینٹرل پنجاب کی5رکنی پولیٹیکل کونسل کے نامزد اراکین کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے ،مرکزی سیاسی سیل سے جاری بیان کے مطابق نامزد اراکین کے نام درج ذیل ہیں ۔
1- سید حسین شاہ
2- رانا عقیل حسین
3- سید افتخارشاہ
جبکہ بالحاظ عہدہ
4-علامہ عبدالخالق اسدی (صوبائی سیکریٹری جنرل )
5-ید حسن کاظمی (صوبائی پولیٹیکل سیکریٹری)
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام سے حق آزادی کوئی نہیں چھین سکتا۔اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے شہریوں پر بھارت کاریاستی جبر اس کی نام نہاد جمہوریت کے کھوکھلے پن کی دلیل ہے۔ حریت وہ جذبہ ہے جسے طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جاسکتا۔ بھارت میں زور پکڑتی ہوئی علحیدگی پسند تحریکیں ہندوستان کی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف شدید عوامی ردعمل کا اظہارہے جس کے نتائج بھارتی ریاست کے ٹکروں کی صورت میں سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کشمیر پر غاصبانہ بھارتی تسلط کے خلاف پوری دنیا میں آوازیں بلند ہونا شروع ہو گئیں ہیں۔مسلہ کشمیر کو دو ریاستوں کے زمینی تنازعے کے نام دے کر غیر جانبداری کا راگ الاپنے والی عالم قوتوں نے بھی اپنا سکوت توڑ کر کشمیریوں کی حمایت میں بولنا شروع کر دیا ہے۔تحریک آزادی کشمیر پوری تیزی کے ساتھ کامیابی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ کشمیر کی آزادی کے لیے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔پاکستان کے ہر شہری کا کشمیری عوام سے مضبوط رشتہ ہے ۔ دنیا کی کوئی طاقت اس میں دراڑیں نہیں ڈال سکتی۔اپنے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے آزادی کی تحریک کو کچلنے کی بھارتی سوچ سوائے خام خیالی کے اور کچھ نہیں۔آج پورے ہندوستان کی سالمیت لامحدود خطرات میں جھکڑی ہوئی ہے جس کا بنیادی سبب ہندوستانی وزیر اعظم موودی کی غیر دانشمندانہ و غیر جمہوری اقدامات ہیں۔۔بھارت کی جغرافیائی تبدیلی ایک اٹل حقیقت بن چکی ہے جو اس ریاست کے ٹکروں کی شکل میں سامنے آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا کہ پاکستانی حکومت عالمی فورمز پرٹھوس اور اصولی موقف کے ساتھ کشمیری عوام کے حقوق کا دفاع کرے اور اقوام عالم کو یہ باور کرائے کہ کشمیر کا فیصلہ کرنے کا حق صرف کشمیری عوام کے پاس ہے اسے طاقت یا جبر کے ذریعے حل کرنے سے گریز کیا جائے انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور تجدید عہد کے لیے مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منائے گی۔اس موقعہ پر مختلف شہروں میں اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ اور صوبائی دفاتر میں بھی تقریبات کا انعقاد ہو گا۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ امریکہ،اسرائیل اور بھارت کے شیطانی ٹرائیکا نے پوری دنیا کے امن کو داو پر لگا رکھا ہے۔مسلم ممالک کو اگر اپنی سالمیت اور بقا عزیز ہے تو انہیں چاہیے کہ امریکہ سمیت کسی بھی ملک کو اپنے داخلی معاملات میں مداخلت کی قطعاََاجازت نہ دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس صوبائی سیکریٹریٹ میں مختلف شیعہ قومیات کے وفود سے گفتگو میں کیا۔اس موقع پر آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد عباس سمیت دیگر موجود تھے ۔
علامہ باقر عباس زیدی نے کہا 9 فروری نشترپارک میں ملت جعفریہ کاخطہ میں امریکی جارحیت اور امت مسلمہ کے عظیم ہیرو جنرل قاسم سلیمانی کے چہلم پر کئے جانے والا جلسہ تاریخی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امریکی دوستی پر اترانے والے امریکہ کے ماضی کے کردار کو سامنے رکھیں۔ اس آستین کے سانپ نے مسلمانوں کو ہمیشہ دوست بن کر نقصان پہنچایا ہے۔ امریکہ سے یاری عالم اسلام سے غداری تصور کی جائے گی۔
انہوں نے کہا ایران کے اعلیٰ حکومتی عہدیدار حاج قاسم سلیمانی کو شہید کر کے امریکہ نے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کا راستہ ہموار کرنے کی احمقانہ کوشش کی ہے۔اس واقعہ کے بعد ایران کا ردعمل جرات مندانہ اورغیرت ایمانی سے لبریز تھا۔اگر امت مسلمہ اسی جرات کو اپنا ہتھیار بنا لے تو دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کے خلاف کھڑا ہونے کی جرات نہیں کرے گی۔
وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کیلئے آرڈر پر آرڈر کا دروازہ پیپلز پارٹی نے کھول دیا ہے جو اب تک جاری ہے۔ہم 2009 سے 2020 تک جتنے آرڈرز آئے ہیں سب کو مسترد کرتے ہیں۔آرڈر پہ آرڈر کا سلسلہ گلگت بلتستان کے عوام کی توہین ہے۔ممبران اسمبلی کی آرڈر کیخلاف پریس کانفرنس عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ ممبران اسمبلی کو آرڈر 2020 منظور نہیں تو چار مہینے کی تنخواہ کی قربانی دیکر اسمبلی سے اجتماعی مستعفی ہوجائیں۔جو لوگ چار مہینے کی تنخواہ اور مراعات کو قربان نہیں کرسکتے ایسے لوگوں کو بولنے کا کوئی حق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سال 2009 میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک آرڈر جاریک کیا جس کے تحت مقامی ملازمین کو کھڈے لائن لگادیا گیا اور علاقے کے لوگوں پر پہلی مرتبہ ٹیکس عائد کیا گیا اور اس وقت پیپلز پارٹی کے جیالے اپنے اس ظالمانہ اقدام کا دفاع کرتے ہوئے اسے گلگت بلتستان کے عوام پر بہت بڑا احسان جتاتے تھے۔بعد میں مسلم لیگ نواز نے آرڈر 2019 جاری کیا تو وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن اور ان کی ٹیم اس آرڈر کو اپنی حکومت کا بڑا کارنامہ قرار دے کر دفاع کرتے رہے۔اب جب اسی سلسلے کا ایک اور آرڈر 2020 جاری ہونے جارہا ہے تو پاکستان تحریک انصاف دفاع کرتے نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ان مداری پارٹیوں کے ڈراموں کا خو د اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کیا ہے اور ایسے میں ممبران جی بی اسمبلی کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس محض ایک ڈھونگ ہے۔گلگت بلتستان کے عوام ماضی کی طرح اس آرڈر کو بھی مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے پڑھے لکھے جوانوں کے جذبات کو سمجھتے ہوئے عوام کی امنگوں کے مطابق علاقے کے مستقبل کا فیصلہ کرے اور اب ان تین حکمران جماعتوں کی جانب سے گلگت بلتستان کو متنازعہ قرار دینے کے بعد اب گلگت بلتستان کو متنازعہ علاقے کے حقوق دیتے ہوئے حق حکمرانی دی جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مسئلہ کشمیر اور قضیہ فلسطین کے تناظر میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی میزبانی میں سربراہ ایم ڈبلیوایم اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ کی زیر صدارت اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، اجلاس کے اختتام پر تمام دینی جماعتوں کی جانب سے ایک مشترکہ فتویٰ اور اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر میں چھ ماہ سے کرفیو ہے، کشمیر جیل بن چکا ہے اس صورتحال میں ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ ہم سب مل کر یوم یکجہتی کشمیر میں منائیں گے، انھوں نے کہا کہ ہم اپنے حکمرانوں سے کہیں گے وہ زبانی جمع خرچ سے باہر آئیں اور اس کے لیے عملی اقدام کریں۔ اس جہاد کے لیے قربانی عظیم کام ہے۔ جلوس نکالنا، جھنڈے لگانا حکومت کا کام نہیں ہے۔ حکومت پاکستان کم سے کم عالمی عدالت میں چلی جاتی، روہنگیا مسلمان اگر وہاں جا سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں نکلے۔ آپ ٹرمپ سے اپیل کر رہے ہیں ثالثی کروائیں، اس نے جو فلسطین کی ثالثی کروائی ہے کیا وہ آپ کو قبول ہے۔ ہم امریکہ کی جانب سے پیش کردہ ذلت ذلت آمیز فارمولے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اسے مسترد کرتے ہیں۔
مجلس عاملہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے نائب صدرعلامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان مقاومت کا حلقہ وصل ہے ہم مقاومت کی تحریکوں کو جوڑنے والے ہیں اسی لیے امریکہ ہم کو اس حلقہ سے دور رکھنا چاہتا ہے۔ پاکستان اس حلقے میں رہتا ہے تو اسرائیل نہیں رہ سکتا، ہندوستان کمزور ہوگا۔ ہمیں تمام اختلافات کو ختم کرکے کشمیر اور فلسطین کی حمایت کرنی ہے۔ پاکستان کو بحرانوں کے ذریعے کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قوم کو بیدار کریں، ہمیں آئین کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔ کونسل کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پروگراموں کا انعقاد کرے گی۔
جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل سید صفدر گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قاسم سلیمانی کی بیٹی نے ہمارے وفد سے کہا کہ ہمارا انتقام یہ ہے کہ عالم اسلام اپنے دشمن کے مقابلے میں متحد ہو جائے، ہمیں اپنے حکمرانوں پر دباؤ ڈالنا ہوگا کہ وہ آپس میں متحد ہو جائیں۔ اسلامی تحریک پاکستان کے جنرل سیکریٹری علامہ عارف حسین واحدی نے اس خصوصی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل حکومت سے ہٹ کر پوری امت میں پاکستان کا نمائندہ فورم ہے اسے ہمیں مضبوط کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ کونسل کے وفد نے ایران میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے جس کی بھرپور پذیرائی ہوئی ہے۔ ہم نے پاکستان اور ایران کے باہمی روابط پر زور دیا ہم ان کی پارلیمنٹ میں گئے ہیں۔ اس وفد نے ایران میں پورے ملک کی نمائندگی کی ہے۔ ہم نے ایرانی قیادت کا کشمیر کے مسئلے پر آواز اٹھانے پر شکریہ بھی ادا کیا اور ان سے گزارش کی کہ وہ فلسطین کے مسئلہ کے مطابق کشمیر کے مسئلے کو بھی اٹھائیں۔
علامہ عارف واحدی نے کہا کہ ہم نے پاکستانی علماء کو بھی کہا کہ وہ کشمیر سے یکجہتی کے لیے ایران میں پروگرام کریں۔ ہمیں کشمیر کے حوالے سے ٹرمپ پر کوئی امیدیں نہیں ہیں یہ کشمیر کے ساتھ وہی کرے گا جو اس نے فلسطین کے ساتھ کیا ہے۔ دنیا کی منحوس تکون اسرائیل، ہندوستان کے پیچھے امریکہ ہے۔ ہمیں اپنے دشمن کو سمجھنے میں کسی سازش کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد کی کوشش کرنی ہوگی۔ ترک صدر نے درست کہا یہ قدس کا مسئلہ نہیں مکہ اور مدینہ کا مسئلہ ہے۔ سنچری ڈیل سے فلسطینیوں کو قتل کرنے کا اسرائیلیوں کو موقع ملے گا۔ ہمیں اقوام متحدہ، او آئی سی، سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ سنچری ڈیل اور کشمیر کے مسئلہ کو اٹھائیں۔
اجلاس میں ان شخصیات کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر عباس شیرازی ،جماعت اسلامی کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراھیم،اتحاد علماء کے سربراہ مولانا عبد المالک، JUP کے نائب صدر سید صفدر گیلانی، جماعت اسلامی کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو، تحریک جوانان پاکستان کے سربراہ عبد اللہ گل، جماعت اہل حرم کے سربراہ مولانا گلزار احمد نعیمی، کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ثاقب اکبر، تحریک حرمت رسول کے سیکریٹری جنرل محمد یعقوب شیخ اور ھدیہ الہادی کے نائب رہبر رضیت باللہ نے بھی خطاب کیا۔
اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کی سپریم کونسل کے رکن علامہ اقبال بہشتی،مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ سیاسیات کے مرکزی سیکریٹری سید اسد نقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے چیف آرگنائزر محمد حسیب نظیری، صدر JUP بلوچستان میر عبد القدوس ساسولی، صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان پنجاب محمد جاوید قصوری، مولانا سید جعفر نقوی مرکزی راہنما اسلامی تحریک، نائب ناظم تنظیم اسلامی راجہ محمد اصغر، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر محمد نصرا للہ رندھاو، علامہ حیدر علوی اور دیگر جماعتوں کے قائدین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔