وحدت نیوز(اصفہان) مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے صدر اور تشکل سلمان فارسی کے مسئول، مولانا سید محسن رضا نقوی نے اپنے ایم-فل کے مقالے کا اچھے نمبروں کے ساتھ کامیابی سے دفاع کیا۔ یہ جلسہ علمی و تحقیقی حلقوں میں خصوصی اہمیت کا حامل تھا، جس میں معروف اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جلسے میں قبلہ محترم کے استادِ رہنما، عالی جناب استاد محترم آقای محمد ابراھیم اخوان، اور استادِ داور، عالی جناب ڈاکٹر ماجد نجاریان نے شرکت کی۔ دونوں بزرگوں نے مولانا سید محسن رضا نقوی کی بہترین کارکردگی پر شاباشی دی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔
ڈاکٹر نجاریان نے قبلہ محترم کو "استاد" اور "محقق" کا لقب دیتے ہوئے کہا کہ "یہ پایان نامہ میرے دل کو لگا ہے اور طالب علم نے اپنے مربوط رشتے کا حق ادا کیا ہے"۔ جلسے میں تشکل سلمان فارسی ہیئت طلاب سندھ کے اراکین اور مجلس وحدت المسلمین شعبہ اصفہان کے اراکین نے بھی شرکت کی۔
تمام شرکاء نے قبلہ محترم کو مبارکباد پیش کی اور ان کے حق میں دعائے خیر کی۔ آخر میں، مسؤول تشکل سلمان فارسی و صدر مجلس وحدت المسلمین شعبہ اصفہان کی جانب سے تمام شرکاء کے لیے افطاری کی پذیرائی کی گئی۔ یہ کامیابی نہ صرف مولانا سید محسن رضا نقوی کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے، بلکہ مجلس وحدت مسلمین اور تشکل سلمان فارسی کے لیے بھی فخر کا باعث ہے۔ ان کی یہ علمی کاوش مستقبل میں بھی تحقیقی میدان میں ایک روشن مثال کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔