وحدت نیوز(اصفہان)مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کی جانب سے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کے موقع پر جامعہ المصطفی کے کانفرنس ہال میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں مہمان خصوصی حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر قربانی مقدم نے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر قربانی مقدم نے اپنے خطاب میں شب رحلت حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہ کی مناسبت سے کہا کہ جس طرح حضرت خدیجہؑ ام المومنین کی یاد منائی جاتی ہے، اسی طرح شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی جیسی عظیم شخصیات کی یاد کو بھی زندہ رکھنا چاہیے اور ان کی خدمات کو نئی نسل تک پہنچانا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنے لیے اسوہ خیر معین کرنا چاہیے اور شہید ڈاکٹر نقوی جیسی شخصیات سے کو یاد کرنا چاہیے،انہوں نے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی یاد کو زندہ رکھنے کے دو اہم طریقے بتائے: پہلا، ان کا نام ہر کسی کو معلوم ہو اور فراموش نہ کیا جائے، اور دوسرا، ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے۔ ڈاکٹر قربانی مقدم نے کہا کہ جس طرح قرآن کو پڑھنا عبادت ہے، اسی طرح ان شخصیات کی یاد کو زندہ رکھنا بھی ہماری زندگیوں میں برکت اور تاثیر پیدا کرے گا۔
پروگرام میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی شخصیت کو نئی نسل تک پہنچانے کے لیے مسابقات اور دیگر تعلیمی پروگرامز کے انعقاد پر بھی زور دیا گیا۔ ڈاکٹر قربانی مقدم نے کہا کہ شہید ڈاکٹر نقوی کی یاد کو صرف ایک دن تک محدود نہیں رکھنا چاہیے، بلکہ سال بھر زندہ رکھنا چاہیے، تاکہ وہ ہمیں نہ صرف راستہ دکھائیں، بلکہ ہدف تک پہنچانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ شہداء کی یاد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رہبر معظم انقلاب کے فرمان کے مطابق، "شہداء کی یاد منانا شہادت سے کم نہیں ہے۔
" انہوں نے کہا کہ شہداء کی یاد منانا درحقیقت معاشرے کو شہید کی طرح زندگی گزارنے کی ترغیب دیتا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کے لیے افطاری کا اہتمام کیا گیا، جس میں تمام شرکاء نے شرکت کی۔یہ پروگرام مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کی جانب سے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی جیسی عظیم شخصیات کی قربانیوں کو یاد رکھنے اور ان کی خدمات کو نسل نو تک پہنچانے کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں ایک اہم قدم ثابت رہا۔