وحدت نیوز(لاہور) سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین کی سربراہی میں مسلم لیگ قاف،مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل اور پاکستان عوامی تحریک کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کو دی جانے والی جے آئی ٹی کی 15 روزہ رپورٹ کو پبلک کیا جائے، اجلاس میں پاناما ایشو پر گرینڈ الائنس بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاناما فیصلے کی روح کے مطابق وزیراعظم ایک ملزم کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے وزیراعظم فوری طور پر مستعفی ہوں۔ سیاسی اتحاد کے رہنماؤں نے جے آئی ٹی کی رپورٹ پندرہ دن میں پبلک کرنے کا مطالبہ کیا اور گرینڈ الائنس بنانے کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے رابطوں کیلئے کمیٹی بھی قائم کی۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی اور مرکزی سیکریٹری سیاسیات اسد عباس شاہ بھی موجود تھے جنہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کرپٹ حکمرانوں کے احتساب تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے،پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم اخلاقی طور پر حق حکمرانی کھو چکے ہیں، ایم ڈبلیوایم کرپشن کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی بھی ممکنہ تحریک کا ہر اول دستہ ثابت ہو گی، چودھری شجاعت حسین نے جے آئی ٹی سے پہلے نواز شریف کے مستعفی ہونے کی پیشگوئی بھی کی۔ اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ حکومت اور کرپشن کے خلاف اتحاد بننا چاہئے، حکومت نے فیصلہ پڑھے بغیر مٹھائیاں تقسیم کیں۔ دریں اثناء، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے بھی مسلم لیگ قاف کی قیادت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو صادق اور امین کی بجائے ملزم ٹھرایا، نواز شریف کو پانامہ کیس کے فیصلے کے داغ کے ساتھ وزیراعظم نہیں رہنا چاہئے۔ واضح رہے کہ اتحاد کے معاملات کو آگے بڑھانے کے لئے چار جماعتی اتحاد کی قیادت پیر کو منصورہ جائے گی۔
وحدت نیوز (گلگت) حکمران اقتدار کے نشے میں اخلاقیات سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں،ملک میں انتشارکی سب سے بڑی وجہ انصاف کا فقدان ہے۔عدل وانصاف پر مبنی معاشرے کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے،خواتین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عملی پیروی کرکے معاشرے کی اصلاح میں اپنا کردار ادا کریں۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی کوارڈینیٹر خواہر سائرہ ابراہیم نے غلمت اور مناپن میں خواتین اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پستی میں گھرے ہوئے معاشرے کی اصلاح کی ذمہ داری صرف مرد حضرات پر ہی عائد نہیں ہوتی بلکہ انقلابی معاشروں میں خواتین کا کردار بہت ہی اہم ہوتا ہے جس کیلئے ہمیں اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا۔آج ملک عزیز میں تمام طبقات حکومت کی ناانصافیوں سے نالاں ہیں ،عوام کے حقوق غصب کئے جارہے ہیں،کرپشن ،اقربا پروری ،لوٹ کھسوٹ اور جبر و زیادتی کے مارے عوام حکمرانوں کو بددعائیں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف کا اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ہے لیکن بجائے استعفی دیکر اپنے آپ کو اقتدار سے علیٰحدہ کرنے کی بجائے نااہل حکمران اقتدار کی کرسی سے چمٹے ہوئے ہیں۔ایسے حکمران جو سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ میں بدلنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے ان سے کیا توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ ہمارے ساتھ انصاف کریں۔آج گلگت بلتستان میں سینکڑوں سالوں سے ان علاقوں کا دفاع کرنے والوں کو اپنی زمینوں سے بیدخل کیا جارہا ہے،اس خطے اور پاکستان کے سرحدات کا دفاع کرنے والوںکی اولادوں کے حصے میں شیڈول فور اور قید و بند حصے میں ملا ہے۔ترقی او رخوشحالی کے نام پر معاشرے کو انتشار کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راحیل شریف کو سعودی فوجی الائنس کا سربراہ بننے کی اجازت دیکر حکومت نے بہت بڑی غلطی ہے۔سعودی اتحاد اصل میں امریکہ اسرائیل اتحاد ہے جو صر ف اور صرف سعودی شہنشاہوں کے اقتدار کو طول دینے اور اسلامی ممالک میں اتحاد و وحدت کو پارہ پارہ کرنے کیلئے بنایا گیا ہے۔پڑوسی ملک افغانستان میں مداخلت کے بھیانک نتائج سے نجات حاصل نہیں ہوئی ہے اور اب سعودی اتحاد میں شامل ہوکر حکومت نے ایک اور بڑی غلطی کی ہے۔انہوں نے خطاب کے آخر میں خواتین کے بنیادی حقوق اور معاشرے میں ان کے مقام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں بلکہ اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کا وقت ہے اور ہم جتنی دیر سے ظلم کے خلاف قیام کرینگے اسی حساب سے زیادہ قربانی دینی پڑی گی۔
وحدت نیوز (لاہور) پنجاب میں ن لیگی حکومت ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت شیعہ دشمنی پر اتر آئی ہے،عزاداری کو محدود کرنے کے لئے شہریوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے یوم شہادت حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے موقع پر مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ہمارے درجنوں بے گناہ علماء و نوجوانوں کو بلا جواز غائب کیا ہوا ہے،آخر کیا وجہ ہے،ہمارے ساتھ دہشتگردوں سے بدتر سلوک کیا جا رہا ہے،یہ ایجنڈا حکمرانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کہا ں سے ملاہے؟ہمیں حب الوطنی اور پرامن رہنے کا یہ صلہ دیا جارہا ہے؟انہوں نے کہا ملکی سلامتی کے دشمن مودی کے یار اور کرپٹ حکمران ہمیں اس طرح مرعوب نہیں کرسکتے،حالات ایسے رہے تو ہم اپنا آئینی و قانونی حق استعمال کرتے ہوئے ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری علامہ احمد اقبال رضوی نے سندھ میں رینجرز کو اختیارات دیے جانے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے رینجرز کو اختیارات دینے انتہائی ضروری تھے۔دہشت گردی کے خاتمے میں سیاسی مصلحتیں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں جن کو عسکری طاقت سے ہی عبور کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے کراچی کو مسلسل کاروائیوں کا نشانہ بنا کر پورے ملک کی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا تھا۔جو قوتیں رینجرز کو اختیارات دینے کی مخالف ہیں وہ پاکستان دشمنوں کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتی ہیں۔ پاکستان کی سالمیت و بقا کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے قومی سلامتی کے دشمنوں پر آہنی ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے جسے صرف رینجرز کے ذریعے ہی ممکن بنایا جا سکتاہے۔انہوں نے سابقہ ڈی جی رینجرز رضوان اختر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ میں دہشت گردی پر قابو پانے کا کریڈٹ ڈی جی رینجرز کو جاتا ہے جنہوں نے پیشہ وارنہ صلاحیتوں اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی دباو کو اپنے اہداف کی راہ میں حائل نہیں ہونے اور کراچی میں امن کے قیام کو یقینی بنایا۔رینجر ز کو اختیارات دیے جاتا سندھ کے عوام کے مطالبے کی تکمیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بھرپور آپریشن جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس کی راہ میں کسی بھی رکاوٹ کو حائل نہ ہونے دیا جائے۔سندھ میں کالعدم جماعتیں ملک دشمن عناصر کی سہولت کار بنی ہوئی ہیں ان جماعتوں کے خلاف بھرپور کاروائی ازحد ضروری ہے۔انہوں نے حکومت کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کو اختیارات دینے پر حکومت کو پوری قوم کی تائید حاصل ہے۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان اور بیتِ زہرہ کے وفد کی ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی کی سربراہی میں ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین ضلع حیدرآباد کی جنرل سیکرٹری خواہر عظمی تقوی اور انکی کابینہ کیساتھ ایک تفصیلی ملاقات ہوئی۔ وفد میں خواہر سیدہ ام البنین (مرکزی معاون سیکرٹری جنرل شعبہ خواتین)، خواہر تفصیر (جنرل سیکرٹری ضلع ملیر اور مسؤل بیتِ زہرہ(س) ضلع ملیر) اور انکی معاون خواہر انیلا موجود تھیں ۔ ملاقات میں ضلع حیدرآباد کے بیتِ زہرہ کی ٹیم کیساتھ بیتِ زہرہ کے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور مختلف پروجیکٹز زیرِ غور آئے۔اسکے بعد بیتِ زہرہ ضلع حیدرآبادکاخصوصی طور پرسیکرٹری جنرل شعبہ خواتین پاکستان خواہر زہرہ نقوی نے باقائدہ افتتاح کیا جسکے بعد دعائے توسل کا اہتمام کیا گیا۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی نے ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین سندھ ورکنگ کمیٹی کیساتھ دورہ ضلع حیدرآباد کیا جہاں آخر میں ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین ضلع حیدرآباد کے تمام شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی کارگردگی رپورٹ پیش کی گئیں۔مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی نے اپنے خطاب میں ضلع حیدرآباد کی شعبہ خواتین کی تمام کاوشوں اور کارگردگی کو بے حد سراہا اور تمام دیگر اضلاع کےلئے قابلِ تقلید قرار دیا۔ اور توفیقات میں مزید اضافہ کی دعا کی ۔ پروگرام کا باقائدہ اختتام دعائے سلامتی امام(ع) اور ملک و ملت کی سلامتی و ترقی کی دعا کیساتھ کیا گیا۔
مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی نے اپنے دورہ ضلع حیدرآباد کے دوران خواہر عظمٰی تقوی سیکریٹری جنرل ضلع حیدر آباداور خواہر نزہت عباس سیکریٹری گرلز گائیڈضلع حیدرآبادکیساتھ بھی خصوصی ملاقات کی اور وحدت گرلز گائیڈ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئے اور مستقبل کے حوالے سے ٹریننگ کورس اور پروجیکٹس زیرِ غور آئے۔