وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس علماء مکتب اہلبیت کے مرکزی رہنماء اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی رہنماء شیخ ولایت حسین جعفری، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر عاشق حسین ہزارہ اور دیگر عہدیداران نے کوئٹہ سے اغواء کے بعد شہید ہونے والے طالب علم مصور کاکڑ کی فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے اجتماع سے خطاب بھی کیا۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے کمسن مصور کاکڑ کے اغواء اور شہادت کو انسانیت سوز واقعہ قرار دیتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ طالب علم مصور کاکڑ کو کوئٹہ سے مبینہ طور پر داعش نے اغواء کیا تھا۔ جس کے بعد ایک کروڈ 20 لاکھ ڈالر کا تاوان طلب کیا گیا تھا۔ سات ماہ بعد مصور کاکڑ کی شہادت کی تصدیق ہوئی۔