وحدت نیوز (لاہور) امیر المومنین حضرت امام علی علیہ اسلام کے یوم شہادت کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین کےضلعی سیکرٹری جنرل لاہور علامہ حسن رضا ہمدانی نے تمام مومنین بالخصوص امام زمانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام رسول اکرمﷺ کے بعد پہلی شخصیت ہیں جن کو تاریخ اسلام تقویٰ ، ایمان ،اخلاق ، شجاعت ،علم اور انصاف کے مظہر کی حیثیت سے یاد کرتی ہے ۔حضرت علی علیہ السلام نے رسول اکرم ﷺ کی آغوش میں تربیت پائی اور معارف الٰہی کے اعلیٰ ترین مدارج طے کئے ۔انہوں نے کہا کہ 21 رمضان المبارک امت محمدی ﷺ کے لیے سوگ کا دن ہے۔ اس دن ایک بدبخت خوارج نے علی بن ابی طالب علیہ اسلام کو ضربت نہیں ماری بلکہ یہ ضربت اسلام کی حقیقی روح اوررسول خداﷺ کے بھائی اور وارث کو ماری گئی ۔ علامہ حسن رضا ہمدانی کا مزید کہنا تھا کہ اس دن کوسوگواران اہلیبیت علیہ اسلام مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں ۔ جبکہ مجالس عزا اور ماتم داری ہماری شہ رگ حیات ہے جس پر کسی قسم کا قدغن قابل قبول نہیں ۔ انہوں نے حکومت اور انتطامیہ سے مطالبہ کیا کہ یوم شہادت امام علی ؑ پر لاہور سمیت پاکستان بھر میں مجالس عزا اور جلوس کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔
وحدت نیوز (گلگت) جعفراللہ کا بیان مضحکہ خیز ہے،متحدہ اپوزیشن کا حصہ ہیں نواز لیگ کی حمایت کا سوچ بھی نہیں سکتے۔حکومت کی متحدہ اپوزیشن کو تقسیم کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنادینگے۔مجلس وحدت مسلمین کی رکن جی بی اسمبلی بی بی سلیمہ نے ڈپٹی سپیکر کے بیان کے رد عمل میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین شروع دن سے اپوزیشن میں ہے اور موجودہ حالات میں اپوزیشن کے ساتھ کھڑے ہیں۔آرڈر2018 کو جی بی کے عوام نے مسترد کیا ہے اور متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے عوامی تحریک میں اپنے حصے کا کردار ادا کرتے رہینگے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سپورٹ سے اپوزیشن لیڈر کا انتخاب ہوا ہے اور عوامی حقوق کی جدوجہد میں اپوزیشن لیڈر کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔ حکومتی وزراء اور مشیر آرڈر 2018 کے متعلق عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں اب تو خود حکومتی افراددرپردہ آرڈر 2018 کی مخالفت کرتے نظر آرہے ہیں اورمراعات و مفادات کی لالچ میں ظاہراً حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سید علی رضوی کی قیادت میں ہماری جماعت نے حکومت کو ٹف ٹائم دیکر حکومتی من مانیوں کے آگے دیوار کھڑی کردی ہے جس سے حکومت کے مشیر اور وزراء دباؤ کو برداشت نہ کرسکے اور اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جماعت کی ایک پالیسی ہے اور ہم اپنی جماعت کی پالیسی کے پابند ہیں۔
وحدت نیوز (کراچی) یوم علی علیہ السلام کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں برآمد ہونے والے عزاداری کے جلوسوں کو موثر سیکورٹی فراہم کی جائے۔ملک میں سیکیورٹی تھریٹس بہت زیادہ ہے، داعش کی کارروائیاں اب پاکستان میں بھی ہورہی ہے ۔ملک دشمن عناصر شرپسندی کا کوئی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے وحدت ہاوس کراچی میں رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ کانفرنس میں علامہ صادق جعفری،علامہ مبشر حسن ،علی حسین نقوی،تقی ظفر ،ناصر حسینی سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذہبی تقریبات، عبادت گاہیں اور سیکورٹی ادارے ان کا ہدف رہے ہیں۔ایسے موقعہ پر سیکورٹی اداروں کو مزید چوکنا ہونے کی ضرورت ہے۔حساس مقامات پر جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیئے جائیں اور سیکورٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ہر شہر میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ وحدت یوتھ بھی معاون سیکورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ اس سلسلے میں اسکاوٹس کو اپنے اپنے علاقوں میں ذمہ داریاں تفویض کر دی گئیں ہیں۔ جلوسوں کی حفاظت پر مامور انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا تاہم اس بات کا خیال رکھا جائے کہ جلوس میں شریک ہونے والے سوگواران کی راہ میں سیکورٹی کے نام پر رکاوٹ یا مشکلات پیدا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
رہنماوں کا کہنا تھا کہ صیہونی قبضہ سے قبلہ اول کی آزادی کی حمایت میں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف8جون2018بمطابق 23 رمضان المبارک کو مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ملک بھر میں یوم القدس منایا جائے گا۔ اس موقعہ پر ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام ملک گیر یوم احتجاج منایا جائے گا اور اس حوالے سے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔یوم القدس کے اجتماعات میں شیعہ سنی مشترکہ طور پر شریک ہوں گے۔جمعۃالواداع کے خطبات میں یہود و نصاری کے مظالم اور امت مسلمہ کو درپیش خطرات کا خصوصی طور پر ذکر کیاجائے گا۔ ملک کے مختلف شہروں میں القدس کانفرنسز بھی منعقد کی جائیں گی جن میں ملک کی نامور سیاسی و مذہبی شخصیات اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔مسلمانوں کے ازلی دشمن اور قبلہ اول پر قابض اسرائیل کی نابودی کے لیے امت مسلمہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے تاہم یہ امر افسوسناک ہے کہ مسلمانوں کے سارے اتحاد عالم اسلام کی پسپائی کے لیے وجود میں آتے ہیں۔قبلہ اول کی آزادی مسلمانوں پر قرض ہے۔عالم اسلام کو تفرقوں میں الجھا کر اسرائیل اور اسلام دشمن طاقتوں کی معاونت کی جا رہی ہے۔مسلکی نظریات کو ابھارہ اور حقیقی اسلام کو دبایا جا رہا ہے جو عالم اسلام کے زوال کا سب سے بڑا سبب ہے۔
رہنمائوں نے مزید کہاکہ قبلہ اول پر اسرائیلی یلغار کے پیچھے امریکہ،برطانیہ اور اس کے اتحادی ممالک کی سازشیں کارفرما ہیں۔استعماری قوتیں ہماری وحدت کو پارہ پارہ کرکے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل میں مصروف ہیں۔بیت المقدس کی آزادی امت مسلمہ کی مشترکہ جدوجہد سے مشروط ہے۔اسرائیل نے فلسطین کے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے لیکن مسلمان ممالک اسرائیل کے اس جارحانہ طرز عمل کے خلاف کسی غیرمعمولی ردعمل کا اظہار کرنے کی بجائے اس کے ساتھ کاروباری رابطے استوار کرنے میں مصروف ہیں جو نا صرف اخلاقی تنزلی ہے بلکہ حکم ربانی سے بھی صریحاََ انحراف ہے۔ امام خمینی کے حکم کے مطابق یوم القدس ہر سال دنیا بھر کے مظلوموں کی حمایت کے دن کے طور پر عالمی سطح پر منایا جاتا ہے.قائد اعظم نے فلسطنیوں کی حمایت کر کے پاکستان کا موقف واضح کر دیا تھا۔مظلوم فلسطینوں کی حمایت میں گھروں سے نکلنا ہر شخص کا شرعی فریضہ ہے۔
وحدت نیوز(سجاول) ڈپٹی کمشنر سجاول غضنفر علی قادری اور ایس ایس پی سجاول فداحسین جانوری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کے ۲۱ رمضان المبارک شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقعے پر جلوس کی گزرگاہوں کی صفائی کا بہترین انتظام کرنے، مجالس اور جلوس کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے، صاف پینے کے پانی کی فراہمی اور سخت حفاظتی انتظامات کے لیئے کوشش کی جائے۔ یہ ہدایتیں انہوں نے دربار ہال میں ۲۱ رمضان المبارک شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقعے پر امن اور امان برقرار رکھنے اور انتظامات کا جائزا لینے کے لیئے دربار ہال میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرIسردار ریاض حسین لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرٹو شنکر لال راٹھوڑ، اسسٹنٹ کمشنر جاتی محمد حنیف پتافی، مجلس وحدت مسلمین کے مختار احمد دایو مظفر علی لغاری سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلعہ سجاول ، ایس ایچ او سجاول مشتاق احمد اور دیگر متعلقہ افسران اور علمائے کرام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایتیں دیں کے وہ مجالس اور جلوس کے دوران امام بارگاہوں کے دورے کرکے درپیش مسائل حل کریں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کے ۲۱ رمضان المبارک علی علیہ السلام کی دین کی خاطر دی گئی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ امن و محبت، ایثار اور بھائیچارگی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کے علی علیہ السلام کی زندگی ہمارے لیئے بہترین نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کے ایپکس کمیٹی کی پالیسی کے مطابق کسی کو بھی معمول سے ہٹ کرنئے جلسے یا جلوس کی اجازت نہیں دے سکتے۔ اس موقعے پر موجود علمائے کرام نے امن امان کو برقرار رکھنے کے لیئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی نے 19 رمضان المبارک ضربت علی علیہ اسلام کے موقع پر دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولائے کائنات حضرت علی علیہ اسلام کی حیات طیبہ کا ہر دن ہمارے لیے نمونہ عمل ہے۔ آپ کی پوری زندگی فقط خوشنودی خدا اور اطاعت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں بسر ہوئی۔عدالت ہو کہ شجاعت، عبادت ہو یا فہم و فراست، سخاوت ہو یا طہارت، نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے علاوہ پوری کائینات میں مولا علی علیہ السلام کا کوئی جواب نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کی عبادت کائنات میں شہرہ آفاق تھی، آپ کی ایک کیفیت یہ تھی کہ وضو شروع کرتے تھے تو چہرہ کا رنگ بدل جاتا تھا، کہ رب العالمین کی بارگاہ میں حاضری دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ مولائے کائنات علی بن ابی طالب علیہ السلام کو دنیا اور اس کی رونقوں اور لذتوں سے کوئی غرض نہیں تھی، لہٰذا دنیا میں جو کام بھی ہوتا تھا محض رضائے الٰہی کی خاطر ہوتا تھا اور آپ جو کام بھی کرتے محض ثواب و مرضات خداوندی کے لئے ہوتا۔علامہ مبارک علی موسوی کا مزید کہنا تھا کہ مولائے کائنات حضرت علی علیہ اسلام کی حیات طیبہ سے یتیم پروری کا درس حاصل کرنا چاہیے۔ حضرت علی علیہ اسلام امت کے باپ کا درجہ رکھتے ہیں اور آپ نے ہمیشہ راتوں کو جا جا کر یتیموں کے دکھوں کا مداوا کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ملک بھرمیں یوم علیؑ کے جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایاجائے، جمعۃ الوداع پر فلسطینی مظلومین سے اظہار یکجہتی اور قبل اول کی آزادی کے لئے عالمی یوم القدس ملک بھر میں منظم اور بھر پور انداز میں منایا جا ئے گا،ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور قبلہ اول کی آزادی تک اس جدوجہد کو جار ی رکھیں گے ،یہ ہمارا دینی اخلاقی و شرعی ذمہ داری ہیں،ان خیالات کااظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عبا س جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ملک کو داعش سے شدید سکیورٹی خدشات لاحق ہیں ،امریکہ اور اسکے اتحادی ممالک داعش کو افغانستان منتقل کرنے میں مصروف ہیں،اس عمل کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مختلف مقامات پر داعش کی بڑھتی ہوئی کاروایاں تشویش ناک ہیں اس وقت نگران حکومت جس کی صوبائی و مرکزی کابینہ ہی مکمل نہیں ہوسکی اور ان کی توجہ کا مرکز انتخابات ہیں ،ایسے میں یوم علیؑ کے جلوسوں کی سیکورٹی کے حوالے سے ہمیں تحفظا ت ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ یوم علیؑ پر فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے ۔23رمضان المبارک کوفلسطین کے مظلومین سے اظہار یکجہتی اور غاصب اسرئیل کے خلاف عالمی یوم القدس منایاجائے گا، ملک بھر کے تمام اہم اضلاع اور شہروں سے القدس کی ریلی نکالی جائیں گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی آج بھی ظالم صہیونیوں کے ٹینکوں کے مقابل ڈٹے ہوئے ہیں۔ آج مسلم امہ فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے میں ناکام رہی ہے، کشمیر و فلسطین میں آج بھی نہتے عوام اپنے حق کے لئے پتھر ہاتھ میں اٹھا کر میدان عمل میں ہیں،قرآنی حکم ہے کہ یہود و نصاریٰ ہمارے دوست نہیں ہو سکتے،ظلم ان کا شیوہ ہے، ان کا ساتھ دینے والا بھی ظالم ہے،ہمیں یہود و نصاریٰ پر اعتماد نہیں کرناچاہیے، چند مسلمان ریاستوں نے غاصب ریاست کے ساتھ تعلقات قائم کئے ہوئے ہیں جو انتہائی افسوسناک امر ہے، شام ، یمن ، عراق اور افغانستان کی جنگیں گریٹر مڈل ایسٹ بنانے کی جنگ ہے جس کے درپردہ امریکہ اور اسرائیل کی سازش کارفرما ہے۔ آج حالات مختلف ہیں نیل و فرات کی باتیں کرنے والا اسرائیل آج دیواریں کھڑی کرکے دفاع پر مجبور ہے، غاصب صہیونی ریاست کی ہیبت قصہ پارینہ بن چکی ہے،یہ ہمت اور حوصلہ امام خمینی نے امت مسلمہ کودیا،امام خمینی نے قبل اول کی آزادی کے لئے پوری امت کو یہ حکم دیا کہ ماہ رمضان کے آخری جمعہ کوعالمی یوم القدس کے نام پر منائے اور دنیا بھر میں ظالم فاشسٹ صہیونی غاصب ریاست کے مظالم سے پردہ اٹھا سکے، پاکستان بھر میں جمعہ الوداع کو شہر شہر،گلی گلی،قریہ قریہ مسلمانان پاکستان اپنے مظلوم فلسطینی و کشمیری بھائیوں کے حق میں آواز بلند کریں گے۔